Phalon Aur Sabziyon Ke Sehat Bakhsh Juice - Article No. 2494

Phalon Aur Sabziyon Ke Sehat Bakhsh Juice

پھلوں اور سبزیوں کے صحت بخش جوس - تحریر نمبر 2494

بیماری کے دوران ہر پھل اور سبزی فائدہ مند نہیں ہوتے،لہٰذا اس بات کا خاص خیال رکھنا چاہیے کہ بیماری کے لحاظ سے جوس پیا جائے

بدھ 20 جولائی 2022

بیماریوں میں جوس کے ذریعے علاج کرنے کو جوس تھراپی (Juice Therapy) کہا جاتا ہے۔جوس پینے سے جسم کے اعضا کی صلاحیت میں اضافے کی وجہ سے ہضم و جذب کا عمل تیز ہو جاتا ہے اور جسم کے فالتو و مضر صحت مادے بہت تیزی سے خارج ہو جاتے ہیں۔تازہ پھلوں اور سبزیوں کے جوس صحت پر بہت اچھے اثرات مرتب کرتے ہیں۔
اکثر افراد جب بیماری کے دوران جوس پیتے ہیں تو ان کی طبیعت مزید خراب ہو جاتی ہے،اس کی وجہ یہ ہے کہ پیا گیا جوس مفید صحت نہیں تھا،اس لئے کہ بیماری کے دوران ہر پھل اور سبزی فائدہ مند نہیں ہوتے،لہٰذا اس بات کا خاص خیال رکھنا چاہیے کہ بیماری کے لحاظ سے جوس پیا جائے،مثلاً تیزابیت کے خاتمے کے لئے انگور،موسمی،میٹھے اور گاجر کا جوس پینا مفید ہے۔
کسی بھی قسم کی حساسیت (الرجی) ہونے کی صورت میں خوبانی،انگور،چقندر اور گاجر کا جوس پینے سے فائدہ ہوتا ہے۔

(جاری ہے)


چہرے کے کیل مہاسے بیرونی طور پر صرف کریمیں لگانے سے دُور نہیں ہو سکتے،بلکہ مختلف پھلوں اور سبزیوں کے جوس پینے سے دُور کیے جا سکتے ہیں۔کیل مہاسوں کے خاتمے کے لئے انگور،آلوچے،ٹماٹر،کھیرے اور ناشپاتی کا جوس ضرور پییں۔
خون کی کمی آج کل ایک عام،لیکن نہایت خطرناک مسئلہ ہے۔

خون کی کمی سے چھٹکارا پانے کے لئے مہنگی ادویہ کھانے سے احتراز کرنا چاہیے اور ان کی جگہ روزانہ آلوچے،سرخ انگور،چقندر،اسٹرابیری،گاجر اور پالک کا جوس بدل بدل کر پینا چاہیے۔جوڑوں کے درد ورم سے چھٹکارے کے لئے انناس،کھٹے سیب،کھٹی چیری،لیموں،چکوترے (گریپ فروٹ) کھیرے،چقندر اور پالک کے جوس پینے چاہییں۔
جو افراد سانس کی تکلیف میں مبتلا ہوں،انھیں چاہیے کہ وہ روزانہ خوبانی،لیموں،آڑو،گاجر اور مولی کے جوس زیادہ سے زیادہ پییں۔

موسم چاہے گرمی کا ہو یا سردی کا،نزلہ زکام ہر موسم میں حملہ آور ہوتا ہے،لہٰذا اس سے نجات کے لئے پالک،گاجر،پیاز،چکوترے اور انناس کا جوس پینا فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔
ذیابیطس ایک موذی مرض ہے،جس میں آج کل ہر فرد مبتلا ہے۔اس مرض میں کینو،موسمی،چکوترے،سلاد کے پتوں،گاجر اور پالک کے جوس زیادہ سے زیادہ پینے سے فائدہ ہوتا ہے،لیکن معالج کی اجازت سے۔

ہیضے میں پپیتے،لیموں،انناس اور گاجر کا جوس فائدہ دیتا ہے۔ایکزیما (Eczema) ایک جلدی بیماری ہے،جس سے نجات حاصل کرنے کے لئے کھیرے،چقندر،سرخ انگور اور پالک کے جوس نہایت مفید ہیں۔
عام طور پر ہم سر کے درد کو معمولی بیماری سمجھتے ہیں،لیکن بعض اوقات مختلف وجوہ کی بنا پر یہ درد اتنا شدید ہو جاتا ہے کہ اس سے چھٹکارا ناممکن نظر آتا ہے،لیکن انگور،لیموں،گاجر،سلاد اور پالک کے جوس بدل بدل کر پینے سے یہ درد ختم ہو جاتا ہے۔

ہائی بلڈ پریشر میں مبتلا افراد اگر انگور،گاجر،کینو اور چقندر کے جوس پییں تو انھیں فائدہ ہو گا۔یرقان کے مرض کے خاتمے کے لئے ناشپاتی،انگور،گاجر،پالک،کھیرے اور لیموں کے جوس مفید ثابت ہوتے ہیں۔
ایام کی باقاعدگی کے لئے چقندر،آلوچے،چیری،پالک اور انگور کے جوس فائدہ مند ہوتے ہیں،جب کہ موٹاپا کم کرنے کے لئے لیموں،کینو،چیری،انناس،پپیتے،ٹماٹر،چقندر،بند گوبھی،سلاد کے پتے،پالک اور گاجر کے جوس موٴثر ہیں۔

Browse More Ghiza Kay Zariay Mukhtalif Bemarion Ka Elaaj