Sattu - Article No. 2179

Sattu

ستو - تحریر نمبر 2179

گرم موسم میں ٹھنڈ کا احساس

جمعرات 17 جون 2021

موسم گرما شروع ہوتے ہی ٹھنڈی چیز کھانے اور پینے کا دل کرتا ہے۔ایسے میں آئس کریم،کولڈ ڈرنک،ٹھنڈی لسی اور ٹھنڈے مشروبات پینے کا اپنا ہی مزہ ہے۔گرم موسم میں جسم کو ایسی چیزیں درکار ہوتی ہیں جو صحت بخش ہونے کے ساتھ ساتھ جسم کو ٹھنڈک پہنچائیں۔ستو بھی گرمی کے مشروبات میں خاص مقام رکھتا ہے۔عام طور پر جو،چنا،گیہوں اور سویابین کو بھون کر ان کا آٹا تیار کیا جاتا ہے۔
ستو کو کالا نمک اور زیرہ ڈال کر نمکین کرکے پیتے ہیں یا میٹھا کرنے کے لئے اس میں کھانڈ (دیسی چینی) ملاتے ہیں۔ستو میں پروٹین،کیلشیم اور میگنیشیم ہوتا ہے یہ بڑھتے بچوں اور کمزور ہڈی والوں کے لئے مفید ہے۔اس میں قدرتی فولاد (Iron) بھی ہوتا ہے۔کئی لوگ آئرن کے ٹانک اور کیپسول پسند نہیں کرتے ان لوگوں کو ستو پینا چاہیے کیونکہ اس میں قدرتی فولاد پایا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

ستو گیس اور قبض کے مریضوں کے لئے بھی مفید مشروب ہے کیونکہ اس میں ریشہ بڑی مقدار میں ہوتا ہے جو آنتوں اور معدے کو صاف کرتا ہے۔
اگر تیز دھوپ اور پسینے کے سبب کمزوری محسوس ہو رہی ہو اور تھکان سے جسم چور ہو تو ایک گلاس ستو پینا مفید بتایا جاتا ہے۔اس کے استعمال سے تھوڑی دیر میں ہی فرحت اور تراوٹ محسوس ہوتی ہے۔چنا سے تیار کردہ ستو کولیسٹرول کی مقدار کم کرکے خون کے دوران کو ٹھیک کرنے میں مفید ہیں۔
گیہوں اور جو میں مناسب کاربوہائیڈریٹ کے علاوہ ریشہ بھی پایا جاتا ہے جو شوگر کے مریضوں کے لئے بھی مفید ہے۔ستو میں اینٹی آکسیڈینٹ مادے پائے جاتے ہیں جو کینسر بڑھانے والے مادوں کا مقابلہ کرتے ہیں۔ستو میں موجود تانبہ،فاسفورس اور میگنیز ہڈیوں کو مضبوط کرتے ہیں۔
کھانڈ (دیسی چینی) جو گڑ سے تیار کی جاتی ہے Medicinal Sugar بھی کہلاتی ہے۔کیونکہ اس میں وٹامن اور پروٹین ہوتے ہیں۔
دیسی چینی جسم سے تیزابیت دور کرتی ہے۔اگر ستو میں ایک چمچ دیسی چینی ملا لی جائے تو یہ ہاضمہ کو درست رکھنے میں مدد دیتی ہے۔اس میں میگنیشیم پایا جاتا ہے۔جو اعصاب اور نسوں کو آرام دے کر خون پہنچانے والی رگوں کے تناؤ کو کم کرتا ہے۔یہ آدھے سر کے درد،اعصابی سختی اور دمہ کے مریضوں کے لئے بھی مفید ہے۔
توانائی کا ذریعہ
شدید گرمی کے باعث کمزوری ہونے لگتی ہے۔
ایسے میں ستو انرجی بوسٹر کا کام کرتا ہے۔دن بھر کے کاموں کی بھرپور انجام دہی میں ستو مفید ہو سکتا ہے۔
ہائیڈریٹ رکھتا ہے
ستو ہیٹ اسٹروک سے حفاظت کرتا ہے اور جسم کو ہائیڈریٹ رکھتا ہے۔ستو کا ایک گلاس جسم کو ٹھنڈک پہنچاتا ہے اور بدہضمی سے محفوظ رکھتا ہے۔
صحت مند جلد
گرمیوں میں غذا کی روٹین ڈسٹرب اور پانی کی کمی ہونے کے باعث جلد روکھی،بے جان اور دلکشی سے محروم لگتی ہے۔
دن میں ستو کا ایک گلاس جلد کو ہائیڈریٹ رکھنے کے ساتھ ساتھ جلد کے خلیات کی ٹوٹ پھوٹ کو روکتا ہے۔اس میں موجود غذائی اجزاء جلد کو صحت مند اور تروتازہ رکھتے ہیں۔
خواتین کے لئے مفید
گرمیوں میں ستو کا استعمال دوران حمل اور حیض میں ہونے والی کمزوری کو دور کرتا ہے۔ستو میں موجود وٹامنز اور پروٹین جسم کو غذائیت فراہم کرتے ہیں۔
ستو کم وقت میں زیادہ توانائی فراہم کرنے کا اچھا اور سستا ذریعہ ہے۔
بزرگ افراد کی صحت
گرمی کا زیادہ اثر چھوٹے بچوں اور بزرگوں پر ہوتا ہے۔بڑھاپے میں عمل انہضام اور صحت کے دیگر مسائل بھی سر اٹھانے لگتے ہیں۔ بزرگوں کے لئے ستو ایک اچھا ڈرنک ہے۔یہ تیزابیت،قبض،اضافی فیٹ،بدہضمی اور دیگر مسائل کے حل میں مفید ہے۔

ہائی بلڈ پریشر میں کمی
گرمیوں میں ستو کا استعمال ہائی بلڈ پریشر میں مفید ہو سکتا ہے۔
بالوں کی خوبصورتی
اگر جسم میں غذائیت کی کمی ہو تو اس کا اثر جلد اور جسم کے ساتھ ساتھ بالوں پر بھی پڑتا ہے۔بالوں کے مسائل جیسے بال جھڑنا،بالوں کی سفیدی ،گنج پن،خشکی اور پتلے ہوتے بال گرمیوں میں ستو کے استعمال سے ٹھیک ہو سکتے ہیں۔

Browse More Ghiza Kay Zariay Mukhtalif Bemarion Ka Elaaj