Shehtoot Aur Lychee Sehat Bakhash Phal - Article No. 2462

Shehtoot Aur Lychee Sehat Bakhash Phal

شہتوت اور لیچی۔صحت بخش پھل - تحریر نمبر 2462

شہتوت کھانے سے آپ کا خون صاف ہو گا اور آپ پھوڑے پھنسیوں سے محفوظ رہیں گے

جمعہ 10 جون 2022

شہتوت (Mulberry) دو رنگ کے ہوتے ہیں:ایک سفید اور دوسرا سیاہ۔شہتوت کا شمار گرمیوں کے پھلوں میں ہوتا ہے۔شہتوت کی سفید قسم بالکل سفید نہیں ہوتی،بلکہ سبز ہوتی ہے۔شہتوت کراچی میں تو خوب پایا جاتا ہے۔علاج معالجے کے لئے سیاہ شہتوت زیادہ استعمال کیا جاتا ہے۔
شہتوت کھانے سے آنتوں کی خشکی ختم ہو جاتی ہے اور پیٹ بھی صاف رہتا ہے۔یہ جسم سے خراب مادے خارج کر دیتا ہے،جو مختلف قسم کی بیماریوں کا سبب بن سکتے ہیں۔
گرمیوں کے آتے ہی قدرت ایسے پھل فراہم کرتی ہے،جن کے کھانے سے جگر کو اپنا کام تیز کرنے میں مدد ملتی ہے اور اس طرح جگر جسم میں جمع کردہ خراب مادے خارج کرنے لگتا ہے۔شہتوت بھی ایک ایسا ہی پھل ہے۔
شہتوت کھانے سے آپ کا خون صاف ہو گا اور آپ پھوڑے پھنسیوں سے محفوظ رہیں گے۔

(جاری ہے)

یہ دماغ کی خشکی دور کرکے اچھی نیند لاتا اور دل کو فرحت و چین بخشتا ہے۔

اگر شہتوت کو موسم میں باقاعدگی سے کھائیں تو آپ کو بھوک بھی خوب لگے گی اور جسم میں خون بھی بنے گا۔
اکثر لوگ اناپ شناپ چیزیں کھا کر گلے کی تکلیف میں مبتلا ہو جاتے ہیں۔شہتوت اس تکلیف کا بہترین علاج ہے۔اگر آپ کے حلق میں ورم ہو،گلا دُکھ رہا ہو اور نزلہ بھی ہو تو شہتوت کھائیں یا پھر خاص طور پر کالے شہتوت کا شربت پئیں۔اس کے علاوہ شہتوت کے پتوں کے ساتھ تھوڑا سا نمک اور ثابت دھنیا ملا کر اُبال کر نیم گرم پانی سے غرغرے کریں،گلے کی تکلیف میں خاصی کمی ہو جائے گی،اس میں تھوڑی سی پھٹکری بھی ملائی جا سکتی ہے۔
یہی چیز منہ کے اندر چھالوں کی تکلیف دور کرنے کے لئے بھی مفید ثابت ہو گی۔
شہتوت گھبراہٹ،بے چینی اور چڑچڑے پن کو دور کرنے میں بھی مدد دیتا ہے۔اس کے کھانے سے نہ صرف اعصاب پُرسکون ہو جاتے ہیں،بلکہ دل و دماغ میں تروتازگی بھی آ جاتی ہے۔شہتوت کے پتوں پر ریشم کے کیڑے پلتے ہیں۔
ریشم کا دھاگا حاصل کرنے کے بعد ریشم کے کیڑے کا جو خول (کویا) بچ جاتا ہے،اسے ادویہ کی تیاری میں استعمال کیا جاتا ہے۔
طب مشرق کے علاوہ طب چین میں بھی یہ استعمال کیا جاتا ہے۔خمیرہ ابریشم اسی سے تیار کیا جاتا ہے۔یہ کوئے ابریشم کہلاتے ہیں۔ادویہ میں انھیں شامل کرنے سے رگیں صاف ہو کر کھل جاتی ہیں۔3 گرام ابریشم صاف کرکے 3-3 گرام سونف،پودینے اور 5 دانے آلو بخارے کے ساتھ رات میں جوش دے کر صبح چھان کر پینے سے بلڈ پریشر کم ہو سکتا ہے۔
لیچی کو تو آپ خوب جانتے ہیں۔
یہ گچھوں کی شکل میں بازاروں میں ہاتھوں ہاتھ لی جاتی ہے۔اس کا کھردرا سرخ چھلکا اُسے گرد و غبار سے محفوظ رکھتا ہے۔اس کے پتلے چھلکے کو اتاریے تو وہ دودھیا رنگ،اپنی نرالی مٹھاس اور مہک کے ساتھ آپ کے منہ میں مزہ گھولنے کے لئے تیار ہو جاتی ہے۔
ایک وقت تھا کہ لیچی پاکستان میں نہیں ہوتی تھی،کیونکہ ہمالیہ کے دامن میں پھیلے لیچی کے باغ بھارت میں تھے۔
دراصل لیچی چین کا مشہور پھل ہے۔بھارت کے دہرہ دون کے علاقے میں لیچی کاشت کی گئی اور اس کی ہلکی مٹھاس اور ترشی لوگوں کو بہت بھانے لگی۔اب اس کی کاشت پاکستان میں کی جانے لگی ہے،لیکن کم ہے۔لیچی کم وقت کے لئے بازاروں میں آتی ہے،کیونکہ اس کا شمار نازک پھلوں میں ہوتا ہے۔اس کی اپنی ایک خاص خوشبو ہوتی ہے۔اب اس خوشبو کے مشروبات بھی تیار کیے جانے لگے ہیں۔

لیچی میں حیاتین ج (وٹامن سی) خاصی مقدار میں پائی جاتی ہے۔اس کو عام طور پر انناس،آم،پپیتے اور کیلے کے ساتھ ملا کر میٹھی چاٹ بنا لی جاتی ہے،جو بہت مزے دار اور توانائی بخش ہوتی ہے۔اس کا شمار ٹھنڈے پھلوں میں کیا جاتا ہے۔اس میں موجود غذائی اجزاء صحت پر بہت اچھے اثرات مرتب کرتے ہیں۔لیچی بے حد مفید پھل ہے،اس لئے دوسرے پھلوں کے ساتھ اسے بھی کھاتے رہیں۔

Browse More Ghiza Kay Zariay Mukhtalif Bemarion Ka Elaaj