Strawberry - Aik Super Food - Article No. 2406

Strawberry - Aik Super Food

اسٹرابیری ۔ ایک سپر فوڈ - تحریر نمبر 2406

یہ رس بھرا پھل نہ صرف مزیدار ہوتا ہے بلکہ کسی سپر فوڈ سے کم نہیں

ہفتہ 2 اپریل 2022

فیصل حق
لذیذ کھٹا میٹھا،بچے بڑوں سب ہی کی پسند پھل اسٹرابیری آج کل ہر مارکیٹ میں باآسانی دستیاب ہے،دل کی شکل اور لال رنگ کے اس پھل کے استعمال سے دل سمیت مجموعی صحت پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں جنہیں نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ہے۔
دنیا بھر میں اسٹرابیریز کی 600 سے زائد اقسام پائی جاتی ہیں جبکہ اس پھل کی بڑی تعداد پاکستان میں بھی افزائش ہوتی ہے جس میں سالہا سال اضافہ ہو رہا ہے۔

ماہرین غذائیت کی جانب سے اسٹرابیری کو صحت کی ضمانت قرار دیا جاتا ہے،اسٹرابیری کا استعمال میٹھی غذاؤں جیسے کے آئسکریم،ملک شیک اور دیگر مشروبات کا ذائقہ بڑھانے کے لئے کیا جاتا ہے،اسٹرابیری کا روزانہ استعمال نہ صرف انسانی قوت مدافعت کو بڑھانے میں مدد فراہم کرتا ہے بلکہ انسانی جسم کو مضر صحت مادوں سے پاک کرکے صحت پر اچھا اثر ڈالتا ہے۔

(جاری ہے)


ماہرین کے مطابق اس میں موجود مختلف ایسڈک خصوصیات اور فلیونوئڈز مل کر مضبوط اینٹی آکسیڈنٹ فراہم کرتے ہیں جو کہ دل کے لئے مفید قرار دیئے جاتے ہیں،اسٹرابیری کا استعمال ایسے خراب کولیسٹرول کے اثرات کو کم کرتا ہے جو شریانوں میں خون کو گاڑھا کرنے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔
ماہرین کی جانب سے دل کی بیماریوں سے بچنے کے لئے زیادہ سے زیادہ اسٹرابیری کا استعمال تجویز کیا جاتا ہے۔

غذائی ماہرین کے مطابق اسٹرابیری وٹامن سی کے حصول کا بہترین ذریعہ ہے،ماہرین کے مطابق انسانی جسم اس وٹامن کو بنانے کی صلاحیت نہیں رکھتا اور یہی وجہ ہے اسے غذا کے ذریعے حاصل کرنا ضروری ہے،وٹامن سی جسمانی دفاعی نظام کو مضبوط اور طاقتور بناتا ہے۔
اسٹرابیری کے استعمال سے صحت پر حاصل ہونے والے حیرت انگیز فوائد:
کھٹی میٹھی اسٹرابیری نہ صرف کھانے میں مزیدار ہے بلکہ اس کا روزانہ استعمال انسان کو صحت مند بناتا ہے اور خون کی افزائش بڑھاتا ہے۔

اسٹرابیری کے استعمال سے نہ صرف انسان کی قوت مدافعت بڑھتی ہے بلکہ اسٹرابیری کا استعمال ہارٹ اٹیک کے خدشات کو بھی دور کرتا ہے۔
اسٹرابیری کا استعمال خواتین کے جسم میں نسوانی ہارمون کی سطح بڑھاتا ہے جس کے نتیجے میں خواتین کے چہرے پر اضافی بالوں جیسی شکایت کا خاتمہ ہوتا ہے۔
اسٹرابیری جوڑوں کے درد کے مریضوں کے لئے بہت مفید ہے۔

اسٹرابیری کھانے سے کینسر جیسے مہلک بیماری سے بچاؤ ممکن ہوتا ہے۔
اسٹرابیری کا باقاعدہ استعمال بلڈ پریشر کے مریضوں کے لئے دوا کا کام کرتا ہے،تحقیق کے مطابق اسٹرابیری میں موجود اجزاء رگوں میں خون کی روانی کو کم کرکے متوازن کرنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔
اسٹرابیری جگر کے لئے بھی بہت مفید ہے،جگر کی کارکردگی سے متعلق شکایت جیسے کہ ہیپاٹائٹس میں خالی پیٹ 2 سے 3 کپ روزانہ اسٹرابیری جوس کا پینا جگر کو قوت دیتا ہے۔

اسٹرابیری کے استعمال سے پھیپھڑوں کی نمی دور ہونے سے خشک کھانسی دور ہو جاتی ہے۔
اسٹرابیری کھانے سے نظر بھی واضح اور صاف ہوتی ہے۔
اسٹرابیری کولیسٹرول کے نقصانات سے محفوظ رکھتی ہے یہ خون میں موجود کولیسٹرول کی سطح کم کرکے خون کو پتلا کرتی ہے۔
اسٹرابیری تھکن کو دور کرتی ہے،فرحت بخش احساس جگاتی ہے اور ہڈیوں کو مضبوط بھی کرتی ہے بناتی ہے۔

اگر آپ کو اسٹرابیری پسند نہیں تو پھر بھی اسے ضرور کھانا چاہئے۔یہ رس بھرا پھل نہ صرف مزیدار ہوتا ہے بلکہ کسی سپر فوڈ سے کم نہیں۔غذائی اجزاء اور اینٹی آکسائیڈنٹس سے بھرپور سُرخ پھل کے فوائد لاتعداد ہیں بلکہ کچھ تو آپ کو حیران کر دیں گے۔یہاں آپ اس کے فوائد جان سکیں گے۔
غذائی اجزاء کی مقدار:
اسٹرابیری کا 91 فیصد حصہ پانی پر مشتمل ہوتا ہے جبکہ 7.7 فیصد کاربوہائیڈریٹس موجود ہوتے ہیں۔
چکنائی کی مقدار 0.3 فیصد اور پروٹین 0.7 فیصد ہے۔سو گرام اسٹرابیری میں 33 کیلوریز،91 فیصد پانی،0.7 گرام پروٹین،8 گرام کاربوہائیڈریٹس،4.9 گرام شکر،2 گرام فائبر،0.3 گرام چکنائی موجود ہوتی ہے۔اس کے علاوہ وٹامن سی،فولیٹ،پوٹاشیم،آئرن،کاپر،میگینشیم،فاسفورس،وٹامن بی 6،وٹامن D بھی جسم کو ملتے ہیں۔
اسٹرابیری میں اینٹی آکسائیڈ اور فائدہ مند نباتاتی مرکبات جیسے Ellagitannins Ellagic Pelargonidin Acid اور Procyanidins موجود ہوتے ہیں۔

Browse More Ghiza Kay Zariay Mukhtalif Bemarion Ka Elaaj