Superfood Strawberry - Article No. 2666

Superfood Strawberry

سپر فوڈ اسٹرابیری - تحریر نمبر 2666

سرخ رنگ کا یہ پھل دیکھنے میں جتنا خوبصورت ہے جسمانی صحت کے لئے اتنا ہی فائدہ مند بھی ہے

پیر 20 مارچ 2023

آمنہ ماہم
سرخ رنگ کا یہ پھل دیکھنے میں جتنا خوبصورت ہے جسمانی صحت کے لئے اتنا ہی فائدہ مند بھی ہے۔اگر آپ اسٹرابیری کو پسند نہیں کرتے تو ضرور کریں،اس لئے کیونکہ یہ لذیذ اور عرق سے بھرپور ہے بلکہ یہ کسی بھی طرح سپر فوڈ سے کم نہیں۔وٹامن سی سے لے کر متعدد اینٹی آکسائیڈنٹس تک اسٹرابیری متعدد طبی فوائد پہنچاتی ہے اور ان میں سے کچھ آپ کو حیران کر دیں گے۔

جسمانی دفاعی نظام بہتر بنائے:
طبی ماہرین کے مطابق اسٹرابیری وٹامن سی کے حصول کا بہترین ذریعہ ہے،انسانی جسم اس وٹامن کو بنانے کی صلاحیت نہیں رکھتا اور اسی لئے اسے غذائی شکل میں حاصل کرنا بہت اہمیت رکھتا ہے،وٹامن سی جسمانی دفاعی نظام کو مضبوط اور طاقتور کرتا ہے۔

(جاری ہے)

کیلیفورنیا یونیورسٹی کی ایک تحقیق کے مطابق اگر چند ہفتوں تک اسٹرابیری کا روزانہ کچھ مقدار میں استعمال کیا جائے تو اس میں موجود اینٹی آکسائیڈنٹ کی طاقت خون کا حصہ بن جاتی ہے۔


آنکھوں کی صحت کے لئے:
اینٹی آکسائیڈنٹس سے بھرپور اسٹرابیری کا پھل موتیے کے مرض کی روک تھام میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے،جس کے نتیجے میں بڑھاپے میں بینائی ختم ہونے کا خطرہ بھی ہوتا ہے۔ہماری آنکھوں کو وٹامن سی درکار ہوتا ہے تاکہ سورج کی الٹراوائلٹ شعاعوں کے اثرات سے بچا جا سکے جو قرنیے کے پروٹین کو نقصان پہنچاتی ہیں۔
وٹامن سی آنکھوں کے قرنیے اور پردہ چشم کو مضبوط بنانے کا بھی کام کرتا ہے۔
خراب کولیسٹرول کے خلاف مزاحمت:
دنیا بھر میں امراض قلب اموات کی بڑی وجوہات میں سے ایک ہیں اور اسٹرابیری میں دل کی صحت کو بہتر بنانے کی بھی خوبی ہے۔ایک کینیڈین تحقیق کے مطابق اسٹرابیری کا غذا میں استعمال امراض قلب اور ذیابیطس سے تحفظ دیتا ہے۔

ورم میں کمی:
اسٹرابیریز میں موجود اینٹی آکسائیڈنٹس اور دیگر اجزاء جوڑوں کے ورم کا اثر کم کرنے میں بھی ممکنہ طور پر مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔ہارورڈ اسکول آف پبلک ہیلتھ کی ایک تحقیق کے مطابق جو خواتین ہر ہفتے 16 یا اس سے زائد اسٹرابیریز کھاتی ہیں ان میں جوڑوں کے ورم کا خطرہ 14 فیصد تک کم ہو جاتا ہے۔
بلڈ پریشر کو ریگولیٹ کرے:
اسٹرابیری میں شامل پوٹاشیم بھی ایک اور صحت بخش جز ہے اور وہ نہ صرف بلڈ پریشر کو کنٹرول میں رکھنے میں مدد دیتا ہے بلکہ اس سے ہائی بلڈ پریشر کی سطح میں بھی کمی لائی جا سکتی ہے۔
بلڈ پریشر،خراب کولیسٹرول اور ورم سے تحفظ دینے کے باعث اسے دل کی صحت کے لئے بہترین پھلوں میں سے ایک بھی قرار دیا جاتا ہے۔
جسمانی وزن کے لئے مفید:
صحت مند وزن کو برقرار رکھنا ذیابیطس ٹائپ ٹو اور امراض قلب کے خلاف بہترین دفاع ثابت ہوتا ہے،اسٹرابیری قدرتی طور پر کم کیلوریز والا پھل ہے،جس میں چربی نہیں ہوتی جبکہ نمکیات اور قدرتی چینی کی مقدار بھی بہت کم ہوتی ہے،جو جسمانی وزن کو معمول میں رکھنے میں مدد دیتے ہیں۔

دورانِ حمل مفید:
حاملہ خواتین کے لئے عام طور پر بی وٹامن کی ایک قسم Folate کے استعمال کا مشورہ دیا جاتا ہے اور اسٹرابیریز اس کے حصول کا بہترین ذریعہ ہے۔Folate کو حمل کے ابتدائی مراحل میں بچے کے دماغ،کھوپڑی اور ریڑھ کی ہڈی کے لئے ضروری جز مانا جاتا ہے۔

Browse More Ghiza Kay Zariay Mukhtalif Bemarion Ka Elaaj