Tomato Ke Faide - Article No. 2237

Tomato Ke Faide

ٹماٹر کے فائدے - تحریر نمبر 2237

ٹماٹر ایک معمولی سبزی ہے لیکن فوائد کے اعتبار سے دیکھا جائے تو اس کا درجہ بہت بلند ہے

بدھ 1 ستمبر 2021

جس طرح آم کو پھلوں کا بادشاہ کہا جاتا ہے‘اسی طرح ٹماٹر کو بھی سبزیوں کا بادشاہ تسلیم کرنا چاہئے کیونکہ غذائی اعتبار سے دونوں کے فوائد ایک جیسے ہیں۔اگرچہ ٹماٹر ایک معمولی سبزی ہے لیکن فوائد کے اعتبار سے دیکھا جائے تو اس کا درجہ بہت بلند ہے۔یہ بچوں‘ نوجوانوں اور بوڑھوں کیلئے یکساں مفید ہے۔آپ اسے باقاعدگی سے خود کھائیں اور خاندان کے دوسرے افراد کو بھی ضرور استعمال کرائیں۔
ٹماٹر اللہ تعالیٰ کی طرف سے انسان کے لئے ایک بہت بڑی نعمت ہے۔جنوبی امریکہ کی یہ سبزی ہر مزاج کے لوگوں کا پسندیدہ پھل اور سبزی ہے۔ اس کا گودا پتلا اور لذیذ ہوتا ہے۔اسے جنوبی امریکہ والے صحبت کا پھل کہتے ہیں۔اس کی متعدد اقسام ہیں۔اس کی شکل کسی حد تک ناشپاتی سے ملتی جلتی ہے۔

(جاری ہے)

میدانی علاقوں میں اس کی سال بھر میں تین فصلیں اور پہاڑی علاقوں میں ایک فصل تیار ہوتی ہے۔

میدانی علاقوں میں جون سے اگست تک اور پہاڑی علاقوں میں اگست سے ستمبر تک فصل تیار کی جاتی ہے۔موسم گرما کی یہ سب سے اچھی سبزی ہے۔
بچوں کے لئے قدرتی ٹانک
یہ ثابت ہو چکا ہے کہ ٹماٹر میں وٹامن سی وافر مقدار میں پائی جاتی ہے جو بحالی صحت اور تندرستی کے لئے بے حد ضروری ہے۔لاغر اور نحیف مریضوں کے لئے اس کا استعمال بے حد مفید ہے۔
ٹماٹر میں ایسی تیزابی خاصیت پائی جاتی ہے جو خون کو صاف کرتی ہے۔جو بچے لاغر اور کمزور ہوں انہیں روزانہ صبح ایک عمدہ ٹماٹر دھو کر چوسنے کے لئے دیں کیونکہ اس میں وہ تمام غذائی اجزاء موجود ہیں جو بچے کی پرورش کے لئے بے حد ضروری ہیں۔اس کے استعمال سے بچوں کو دانت نکالنے میں بڑی سہولت رہتی ہے اور ان کا معدہ بھی ٹھیک کام کرتا ہے۔
اعصابی طاقت اور حیاتین کا منبع
جسم کے اعصابی نظام کو درست رکھنے اور تقویت دینے میں اس سے بہتر سبزی اور کوئی نہیں۔
جسم کو صحت مند اور مضبوط بناتا ہے۔ رگوں اور پٹھوں کو طاقت دیتا ہے۔خون پیدا کرتا ہے۔قبض کشا ہے۔اس میں فاسفورس‘کیلشیم اور حیاتین کی وافر مقدار پائی جاتی ہے۔اس لئے یہ غذائی اعتبار سے بھی بے حد مفید ہے۔بچوں کی نشوونما اور پرورش میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔حیاتین کی کمی کو دور کرنے کے لئے مہنگے پھل خریدنے سے بہتر ہے کہ یہ سبزی استعمال کی جائے۔
اس سے دوسرے پھلوں کی نسبت زیادہ فوائد حاصل ہوتے ہیں۔
امراض دنداں کے لئے
وٹامن سی کی کمی جو دانتوں کی خرابی اور مسوڑھوں میں پیپ آجانے کا سبب بنتی ہے‘اگر دن میں تین بار ایک چھٹانک ٹماٹر کا رس روزانہ استعمال کیا جائے تو یہ مرض بہت جلد ختم ہو جاتے ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ نروس سسٹم میں خرابی اور خون کی خرابی کو بھی آرام آجاتا ہے۔

حاملہ خواتین کے لئے
حاملہ خواتین کو صبح اٹھ کر ایک عمدہ ٹماٹر کھا لینا چاہئے یا ٹماٹر کا رس پی لینا چاہئے۔اس سے طبیعت میں متلی اور قے آنے سے دن بھر افاقہ رہتا ہے۔معدہ غذا کو ہضم کرنے کا پورا کام انجام دیتا ہے۔
اصلاح خون کے لئے
ایام رضاعت اس کے استعمال سے شیر خوار بچے کو بھی فائدہ پہنچتا ہے کیونکہ جب اس کے استعمال سے ماں کا خون صاف ہوتا ہے تو بچے کو بھی فائدہ پہنچتا ہے۔
اس لئے دودھ پلانے والی ماؤں کو اس کا استعمال ضرور کرنا چاہئے۔
ٹماٹر کا صحیح استعمال
ٹماٹر ہمیشہ کچا استعمال کریں۔ہمارے گھروں میں زیادہ ٹماٹر گوشت اور دیگر سبزیوں میں پکا کر استعمال کیا جاتا ہے مگر اس طرح اس کی غذائیت کے اجزاء جل جاتے ہیں اور فوائد میں بہت حد تک تغیر واقع ہو جاتا ہے۔
مقوی ہاضمہ
دوپہر کے کھانے کے ساتھ ٹماٹر‘سلاد‘مولی‘چقندر اور پیاز کا استعمال بھی کرنا چاہئے۔یہ صحت کے لئے بے حد مفید ہے۔اس سے ہاضمے کی شکایت دور ہوتی ہے۔کچا ٹماٹر کھانے کے بعد کچھ دیر تک پانی نہ پئیں کیونکہ اس طرح تیزابی مادے معدے میں اپنا طبعی کام خوب اچھی طرح کر سکتے ہیں۔

Browse More Ghiza Kay Zariay Mukhtalif Bemarion Ka Elaaj