Tomato Khubiyon Se Bharpur Nemat - Article No. 2941

Tomato Khubiyon Se Bharpur Nemat

ٹماٹر خوبیوں سے بھرپور نعمت - تحریر نمبر 2941

ٹماٹر کا رس ایک گلاس اگر صبح سویرے پی لیا جائے تو صبح کی کسلمندی دور ہو جاتی ہے اور قبض کی شکایت سے بھی محفوظ رہا جا سکتا ہے

منگل 11 مارچ 2025

مریم عزیز چوہان
ہر سالن‘ ہر پکوان‘ ہر سلاد‘ ہر اسنیکس ہر چیز میں استعمال ہونے والا سرخ ترمزی ٹماٹر سو سال پیشتر تک Love Apple کہلاتا تھا اور فقط باغوں کی زینت بڑھانے کے لئے کیاریوں میں اُگایا جاتا تھا اور ڈیڑھ سو سال پہلے تک لوگ اسے ایک زہریلی چیز خیال کرتے تھے لیکن پھر اس کے محفوظ استعمال کے بعد اس خیال کو مسترد کر دیا گیا۔
ٹماٹر پھل ہے یا سبزی؟ اس ایک بات پر بہت سی لاحاصل گفتگو‘ تقریریں اور بحثیں ہوتی رہی ہیں اور ہوتی رہتی ہیں لیکن اس خوش رنگ ٹماٹر کی مقبولیت پر ان سب سے کوئی اثر نہ پڑا اور اس کی مقبولیت و استعمال روز بہ روز بڑھتا ہی جا رہا ہے اور پیزا اسپرڈ ہو یا ٹاپنگ‘ سوپ ہو یا سلاد‘ کری ہو یا کیسرول سب طرح کے پکوان میں اہم ترین اجزاء ترکیبی خیال کیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)


تاریخ
یہ Love Apple یعنی ٹماٹر جنوبی امریکہ کی مقامی پیداوار ہے‘ یہاں سے کچھ ہسپانوی مذہبی پادری اس کو یورپ اور وہاں سے 16 صدی کے آخری میں میکسیکو لے گئے اور جلد ہی یہ ٹماٹر اسپین اور اٹلی میں بھی پیدا ہونے لگا اور پھر ساری ہی دنیا میں پھیل گیا۔
باغ کی عمدہ فصل
آج اس پودے کی تقریباً 4,000 اقسام ہیں‘ پودے کے تنے پر پہلے پہل تو پھولوں کے چھوٹے چھوٹے جھنڈ نمودار ہوتے ہیں پھر یہ جھنڈ جلد ہی ہرے ٹماٹروں میں تبدیل ہو جاتے ہیں 40-75 دنوں کے اندر یہ ہرے ٹماٹر پک کر سرخ‘ نارنجی یا پیلے ہو جاتے ہیں۔
اس کے پودے کو ذرخیز مٹی اور سورج کی براہِ راست روشنی کی ضرورت ہوتی ہے۔یہ زیادہ توجہ نہیں مانگتے اگر یہ دو چیزیں بروقت ملتی رہیں تو یہ آپ ہی آپ پھلتا پھولتا چلا جاتا ہے۔
محفوظ کرنے کا طریقہ
ٹماٹروں کو پودے پر دیر تک پکنے کے لئے رہنے دیا جائے تو یہ بہت رس دار ہو جاتے ہیں‘ لیکن اگر کچے اُتار لیے جائیں تو انہیں کھڑکی میں رکھ کر پک جانے کا انتظار نہ کریں کیونکہ سورج کی براہِ راست روشنی اس وقت انہیں فقط نرم کرتی ہے سچ مچ میں پکنے میں مدد نہیں کرتی۔
اس لئے اچھے ذائقے اور بہترین نتائج کے لئے انہیں کمرے کے درجے حرارت پر محفوظ کریں‘ جبکہ فریج میں رکھنے سے ان کے پکنے کا عمل آہستہ ہو جاتا ہے اور ذائقہ بھی متاثر ہوتا ہے اور اگر انہیں کمرے کے درجہ حرارت پر دیگر پھلوں اور سبزیوں کے ساتھ رکھ دیا جائے تو ان کے پکنے کا عمل بہت زیادہ تیز ہو جاتا ہے۔اس لئے بہتر یہ ہے کہ انہیں خاکی کاغذی بستوں میں بند کر کے رکھیں۔
یہ طریقہ تمام ہی پھلوں و سبزیوں میں موجود قدرتی Ethylene کو محفوظ رکھتا ہے اور قدرتی رفتار سے پکنے کے عمل میں معاونت کرتا ہے۔ہمیشہ خیال رکھیں کہ ٹماٹروں کے ڈنٹھل کو نیچے کی جانب رکھ کر اسٹور نہ کریں کیونکہ یہ حصہ سب سے زیادہ نرم ہوتا ہے اور دب جانے کی وجہ سے جلدی خراب ہو کر سڑنے لگتا ہے اور جب یہ مکمل پک جائیں تو انہیں 2-3 دن کے اندر اندر لازمی استعمال کر لیں۔

غذائیت سے بھرپور
ٹماٹر غذائیت سے بھرپور ایک نعمت ہے جس میں کاربوہائیڈریٹس‘ کیلشیم‘ فاسفورس‘ وٹامن A,B اور C ہوتا ہے اس کے علاوہ بہت تھوڑی مقدار میں Starch جو کہ پکنے کے عمل کے دوران Dextrose میں تبدیل ہو جاتے ہیں بھی موجود ہوتا ہے اور سب سے اہم اس میں موجود Lycopene ہے کہ جو کینسر سے مدافعت فراہم کرتا ہے۔ٹماٹر کا رس گردوں کے لئے ایک ملیح قدرتی محرک ہے کہ جو بیماریاں پھیلانے والے زہریلے مادوں کی صفائی میں مدد کرتا ہے۔
اس کے رس میں ایک Alkaline رد عمل ہوتا ہے کہ جو نظامِ ہاضمہ کے لئے بہت ہی مفید ہوتا ہے۔ٹماٹر چونکہ وٹامن A کا بہترین ذریعہ ہے اس لئے شب کوری‘ اور بصارت کی کمزوری جیسی صورتحال کی بہتری کے لئے بہت کارآمد ہے۔ایک گلاس ٹماٹر کا رس‘ چٹکی بھر نمک اور سیاہ مرچ پاؤڈر شامل کر کے نہار منہ پیا جائے تو صبح کی کسلمندی کی کیفیت سے نجات مل جاتی ہے اس کے علاوہ قبض کی شکایت سے بھی محفوظ رکھتا ہے۔
صرف یہی نہیں ٹماٹر کا ایک کرشماتی پہلو یہ بھی ہے کہ اگر اس کا رس یا گودا روزانہ چہرے پر 10 منٹ لگایا جائے اور پھر دھو لیا جائے تو یہ رنگت نکھار کر چہرے کو ایک نئی شادابی اور روپ عطا کرتا ہے۔ساتھ پمپلز اور داغ دھبوں سے بھی نجات دلاتا ہے۔ٹماٹر کے اتنے فوائد جاننے کے بعد یقینا اب اس کو ایک معمولی سبزی یا پھل خیال نہیں کریں گی اور اس کا استعمال سمجھداری سے کرتے ہوئے اپنی اور اپنے گھر والوں کی صحت کا خیال رکھیں گی۔ہم تو چاہتے ہیں آپ ہمیشہ صحت مند اور شادمان زندگی گزاریں۔

Browse More Ghiza Kay Zariay Mukhtalif Bemarion Ka Elaaj