Tursh Phaloon Mein Malta - Article No. 2140

Tursh Phaloon Mein Malta

ترش پھلوں میں مالٹا - تحریر نمبر 2140

اک انمول سوغات ہے

پیر 26 اپریل 2021

قدرت نے انسانی ضرورتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ہمیں مختلف لذیذ اور صحت بخش نعمتوں سے نوازا ہے اور اگر ذکر ہو ذائقہ دار نعمتوں کا تو پھلوں کے بنا یہ ذکر نامکمل ہے۔یوں تو ہر پھل اپنی جگہ ذائقے اور افادیت کے اعتبار سے اہم ہے مگر ترش پھلوں کے تو خیال سے ہی منہ میں پانی آجاتا ہے۔مالٹے کا تعلق نارنگی اور سنگترے کے خاندان سے ہے جسے ترشاوہ کہتے ہیں۔
مالٹا اپنی رنگت،خوشبو، ذائقے اور تاثیر کے لحاظ سے ایک اہم حیثیت رکھتا ہے۔1493ء کی دہائی میں کرسٹو فر کولمبس نے امریکہ کی ریاست فلوریڈا میں ترش پھل (مالٹے) متعارف کروا کے اس کی کاشت میں اہم کردار ادا کیا۔مالٹا تمام عمر کے لوگ بڑی رغبت سے استعمال کرنا پسند کرتے ہیں کیونکہ یہ ہر عمر کے افراد کے لئے یکساں طور پر فائدہ مند ہے۔

(جاری ہے)

مالٹا صحت سے متعلق بیش تر مسائل میں کارگر ثابت ہوتا ہے جن میں سے چند ایک مندرجہ ذیل ہیں:
جسمانی چستی و توانائی
دن کے آغاز میں مالٹے کا استعمال کرنے سے آپ پورا دن توانا محسوس کر سکتے ہیں کیونکہ اس میں کاربوہائیڈریٹس (Glucose، Sucrose اور Fructose) کے ذخائر پائے جاتے ہیں جو کہ موسم سرما میں توانائی حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ ہیں۔


معدہ
مالٹا معدے کے مسائل میں موٴثر دوا کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔ایسے افراد جن کا معدہ کمزور ہے انہیں روزانہ دودھ کی جگہ مالٹے کا جوس استعمال کرنا چاہئے کیونکہ یہ معدے میں داخل ہو کر اس پہ بنا دباؤ ڈالے ہاضمے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔معدنی نمک یعنی کیلشیم ،میگنیشیئم، جست،فاسفورس،فولاد،پوٹاشیم اور تانبے وغیرہ کی موجودگی کے سبب یہ نمکیاتی کمی کا ازالہ کرتے ہوئے معدے سے تیزابیت کا بھی خاتمہ کرتا ہے۔
اس کے علاوہ مالٹے کا استعمال دائمی قبض اور آنتوں کے مسائل میں بھی آرام پہنچاتا ہے۔
جگر اور گردوں کے لئے مفید
وہ افراد جو اکثر بخار میں مبتلا رہتے ہیں،مالٹا ان کے اس مسئلے کا بہترین حل ہے۔یہ جگر اور گردوں سے مضر صحت مادوں کا خاتمہ کرتا ہے جس کے سبب آپ کا چہرہ بھی صاف اور شفاف نظر آتا ہے۔یہ بھوک اور پیاس میں راحت پہنچانے کے ساتھ ساتھ جسم سے فاضل چربی بھی ختم کرتا ہے۔

جلد کی خوبصورتی
مالٹے میں سٹرک ایسڈ اور وٹامن سی باکثرت پایا جاتا ہے جو کہ ہماری جلد کے لئے خاصا مفید ہے۔اس کے استعمال سے نہ صرف رنگت میں نکھار پیدا ہوتا ہے بلکہ سورج کی بنفشی شعاعوں کے مضر اثرات سے مقابلہ کرنے میں بھی مدد دیتا ہے۔یہی نہیں اس کو چھلکوں سمیت بلینڈر میں پیس کر بالوں پہ استعمال کرنے سے بال نرم اور چمکدار ہو جاتے ہیں۔

مالٹے کے چھلکے بھی بیکار نہیں ہوتے بلکہ یہ فریج اور سنک وغیرہ میں پیدا ہو جانے والی بو سے بھی نجات دلاتے ہیں۔ساتھ ہی لکڑی کے فرنیچر ہوں یا اسٹیل کے برتن ان کے چھلکے اس کی سطح پر رگڑنے سے داغ دھبوں کا بھی صفایا ہو جاتا ہے۔اس کے چھلکوں میں ایسا کیمیکل پایا جاتا ہے جس کے سبب آپ کیڑے مکوڑوں سے بھی چھٹکارا حاصل کر سکتے ہیں۔
مالٹے کا جیم اور مارملیڈ بھی موسم سرما میں بڑے شوق سے کھایا جاتا ہے اور کیوں نہ ہو یہ ہر شکل میں اچھی صحت کے لئے مفید پھل ہے۔

Browse More Ghiza Kay Zariay Mukhtalif Bemarion Ka Elaaj