Carbohydrates Se Hoshiyar - Article No. 2247

Carbohydrates Se Hoshiyar

کاربوہائیڈریٹس سے ہوشیار - تحریر نمبر 2247

کاربوہائیڈریٹس سے بھرپور غذائیں بلڈ شوگر کے درجات کو بار بار بڑھانے یا کم کرنے کا باعث بنتی ہیں‘جو کہ عمر کے ساتھ ساتھ بصارت کی کمزوری اور محرومی کے خدشات کو کئی گنا بڑھا دیتی ہیں

بدھ 15 ستمبر 2021

کیا آپ یہ جانتے ہیں کہ تیزی سے اثر پذیر ہونے والے کاربوہائیڈریٹس آپ کی خوبصورت آنکھوں کو بینائی سے محروم کر سکتے ہیں۔پاستا‘ بریڈ‘چاول اور آلو جیسی غذاؤں کے شوقین افراد اس صورتحال کا زیادہ شکار ہو سکتے ہیں کیونکہ ان غذاؤں میں تیزی سے اثر پذیر ہونے والے کاربوہائیڈریٹس شامل ہوتے ہیں۔اس لئے یہی وقت ہے کہ اب آپ اپنی غذائی عادات میں تبدیلی لائیں بصورت دیگر آپ اپنی بینائی سے ہاتھ دھونے کے امکان سے دوچار ہو سکتے ہیں۔
محققین نے ایک نئی تحقیق سے یہ دریافت کیا ہے کہ کاربوہائیڈریٹس سے بھرپور غذائیں بلڈ شوگر کے درجات کو بار بار بڑھانے یا کم کرنے کا باعث بنتی ہیں‘جو کہ عمر کے ساتھ ساتھ بینائی سے محروم ہونے کے خدشات کو بڑھا دیتا ہے۔
55 سے 80 سال کی عمر کے 4,000 مرد و خواتین جو بڑھتی عمر کے ساتھ ہونے والی آنکھوں کی بیماری کے حوالے سے بھی زیر تجربہ ہیں‘کی غذائی عادات کا بھی تجربہ کیا گیا اور اس مفصل تجزیہ کے بعد یہ رپورٹ سامنے آئی ہے کہ جسم میں جا کر تیزی سے اپنا اثر دکھانے والے کاربوہائیڈریٹس آپ کی بینائی کو ختم کرنے کا سبب بھی بن سکتے ہیں۔

(جاری ہے)


کاربوہائیڈریٹس سے بھرپور غذائیں جسم میں تیزی سے جذب ہوتی ہیں اور ہضم بھی جلدی ہو جاتی ہیں جس کے نتیجے میں ہمارا بلڈ شوگر لیول بار بار بڑھتا ہے۔اس عمل کو High Glycemic Index کہتے ہیں جبکہ کاربوہائیڈریٹس کی وجہ سے بلڈ شوگر لیول اگر بتدریج بڑھے اور کم ہو جائے تو اس صورتحال کو Low Glycemic Index کہتے ہیں۔عمر بڑھنے کے ساتھ پٹھوں کے کمزور ہونے‘ڈھلکنے یا پھیل جانے کی وجہ سے ہونے والی بصارتی کمزوری اس بات کا پہلا واضح اشارہ ہو سکتی ہے کہ متاثرہ شخص کی غذا تیزی سے حل پذیر ہونے والے کاربوہائیڈریٹس پر مشتمل ہو سکتی ہے۔

بعض اوقات تیزی سے حل پذیر کاربوہائیڈریٹس پر مشتمل غذاؤں کا استعمال صحت مند فرد کی بصارت کو اتنی سرعت کے ساتھ کمزور کرنے کا سبب بن سکتا ہے‘جتنی تیزی سے ذیابیطس کے مریضوں کی بصارت کمزور ہوتی ہے۔
آنکھوں کی بافتوں کو جو نقصان تیزی سے حل پذیر ہونے والے غذائی کاربوہائیڈریٹس سے پہنچتا ہے وہ AMD اور ذیابیطس کے باعث ہونے والے بصارتی نقصان سے مماثل ہے۔یہ تحقیقی رپورٹ Human Nutrition Research Centre-on Ageing بوسٹن امریکہ میں اس تحقیقی ٹیم کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر Chung Jung Chiu کے توسط سے شائع ہوئی‘جس میں انہوں نے اس مرض سے بچنے کی پیش بندی کے طور پر مزید تنبیہ کی کہ پروسس کی ہوئی آسان غذاؤں کے مقابلے میں بے چھنے اناج اور گھر کے پکے صحت بخش کھانے استعمال کرنے کی کوشش کریں۔

Browse More Healthart