Coal Barbecue Ka Aham Juzw Aur Kayi Fawaid Ka Hamil - Article No. 2871

Coal Barbecue Ka Aham Juzw Aur Kayi Fawaid Ka Hamil

کوئلہ باربی کیو کا اہم جزو اور کئی فوائد کا حامل - تحریر نمبر 2871

بلاشبہ گیس نے کوئلے کی جگہ تو لی، مگر باربی کیو انڈسٹری اب بھی اسی کی محتاج ہے

جمعرات 15 اگست 2024

کرن حیا فاروقی
کوئلہ کاربن کی ایسی شکل ہے، جو لکڑی سے بنایا جاتا ہے۔ممکن ہے آپ نے چارکول ماسک تو استعمال کیا ہو، مگر کیا آپ جانتے ہیں کہ ایک خاص قسم کا بسکٹ بھی چارکول یعنی کوئلے سے بنایا جاتا ہے، جس میں ہاضمے کے لئے لکڑی کے کوئلے کا برادہ ملایا جاتا ہے۔جب بات ہو باربی کیو اور کڑاہی کی، تو کوئلہ دہکائے بنا ان کھانوں کا لطف ہی نہیں آتا۔
شادی کی دعوت یا بہار کے موسم میں کھلے دالانوں، صحنوں اور باغیچوں میں باربی کیو پارٹی کا اہتمام کرنا ہو تو ذائقوں کی پہچان رکھنے والے شائقین گیس اور کوئلے پر پکے ہوئے کھانوں کے درمیان فرق محسوس کر لیتے ہیں۔جو بات کوئلے کی حرارت اور دھونی کی ہے، وہ گیس جیسی سہولت آمیز انتخاب کی نہیں ہو سکتی۔

(جاری ہے)

بلاشبہ گیس نے کوئلے کی جگہ تو لی، مگر باربی کیو انڈسٹری اب بھی اسی کی محتاج ہے۔

ایران کے چلو کباب، افغانستان کے تکے اور برصغیر ہند و پاک کے کبابوں، تکوں اور بوٹیوں کی تیاری میں جہاں تیکھے مصالحوں کا دخل ہوتا ہے، وہیں کوئلے کے دم کا بھی اہم کردار ہے۔ویسے تو ہانڈیوں کا ذائقہ دو آتشہ کرنے کے لئے کوئلہ کڑاہی کچھ عرصے سے عوام و خاص کی پسندیدہ ڈش بن چکی ہے، لیکن کوئلے کے کئی اور بھی فواد ہیں۔مثلاً:
پھولوں کے گملوں میں سجاوٹ کے لئے سفید پتھروں اور سیاہ کوئلے کی ٹکڑیوں کو رکھیں ان سے نئی اور تازہ کھاد کی بُو محسوس نہیں ہو گی اور کھاد کی نمی بھی برقرار رہے گی۔
کوئلے رکھنے سے تازہ پھولوں اور پتوں کی افزائش پر بھی منفی اثرات مرتب نہیں پڑتے، خاص طور پر Orchid کے پھولوں کی بہترین افزائش کے لئے کوئلے کو کھاد اور مٹی کے ساتھ ملا کر رکھنا اچھے نتائج دیتا ہے۔
اشیاء کو زنگ آلود ہونے سے بچانے کے لئے اپنے ٹول بکس میں کوئلے کے چند ٹکڑے رکھ دیں۔پیچ کس، پلاس اور دیگر آلات پر زنگ نہیں لگے گا۔
یہ فنِ مصوری کی تخلیق کا محور بھی ہے۔
دنیا کے کئی مصوروں نے چارکول تکنیک کی مدد سے کینوس اور کاغذ پر اپنے تخیلات اسکیچ کیے، جو تخیل اور تکنیک کی آمیزش سے قیمتاً مہنگے قرار پائے اور درجہ کمال کو چھو گئے۔ایسی تصاویر کا اپنا ہی جمالیاتی پہلو ہوتا ہے۔
بچوں کے بیرونی کھیلوں مثلاً Hopscotch بھی فرش پر نشان ڈال کر ٹھیکری اُٹھانے کے کھیل میں کوئلے سے بہتر چاک تو ہو سکتا ہے، مگر سیاہ حاشیے بچوں کو دور اور قریب سے باآسانی نظر آتے ہیں۔

Browse More Healthart