Detox - Jism Se Zehrele Asraat Zael Karne Ki Gazai Tarkeeb - Article No. 1933

Detox - Jism Se Zehrele Asraat Zael Karne Ki Gazai Tarkeeb

ڈیٹوکس ․․․ جسم سے زہریلے اثرات زائل کرنے کی غذائی ترکیب - تحریر نمبر 1933

لوٹئے صحت مند طرز زندگی کی جانب

جمعہ 21 اگست 2020

ہم مضر صحت خوراک اور ایسی ہی دیگر اشیاء سے بچنے کی کتنی کوشش کیوں نہ کرلیں مگرماحولیاتی آلودگی کے سبب منہ کے راستے جسم میں مضر صحت مادوں کا داخلہ اور افزائش ہوتی رہتی ہے۔یوں تو جسم کے مختلف اعضاء فاضل مادوں کی صفائی جیسی ذمہ داریاں سر انجام دیتے ہیں تاہم بعض اوقات اعضاء کی کارکردگی متاثر ہونے کی صورت میں ہمیں یہ کام غذائی انتخاب سر انجام دینا پڑتا ہے۔
اس ضمن میں ڈیٹوکس مشروبات کا استعمال انتہائی معاون ہوتا ہے۔ان مشروبات کا استعمال موجودہ دور کا ایک بڑھتا ہوا رجحان ہے۔
ڈیٹوکس مشروبات کیا ہیں؟
جسم میں فاضل اور مضر مادوں کے اخراج میں یہ مشروبات ایک معاون کی مانند مضر صحت مادے کا خاتمہ کرکے توازن کو برقرار رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

اس کے ذریعے جسم کے مجموعی افعال بہتر بنانے اور اچھی صحت بر قرار رکھنے میں مدد ملتی ہے۔

جو کہ صحت مند طرز زندگی کی جانب اہم قدم ہے۔
ڈیٹوکس (جسم میں موجود زہریلے اثرات دور کرنے کے لئے)تیاری اور اجزاء
مشروبات کا استعمال ان لوگوں کے لئے خصوصی طور پر انتہائی صحت بخش انتخاب ہے جو براہ راست نامیاتی خوراک کا استعمال کرنے سے قاصر ہیں۔ان مشروبات کی تیاری میں مصنوعی اشیاء کے استعمال سے ہر ممکن طور پر گریز کیا جاتا ہے یہاں تک کہ پانی کی آمیزش بھی نہ ہونے کے برابر ہوتی ہے۔
البتہ پھلوں کے استعمال کی کوئی قید نہیں بلکہ اس میں پھلوں کے علاوہ سبزیوں اور جڑی بوٹیوں کے کھانے لائق تمام حصوں کو بلینڈ کرکے حاصل کردہ رس کو چھان کر استعمال کیا جاتا ہے۔
فوائد
یہ مشروبات باقی غذاؤں کے مقابلے میں با آسانی ہضم ہو جاتے ہیں۔یہ بڑھتے ہوئے وزن کو کم کرکے متوازن سطح پر برقرار رکھنے میں مدد دیتے ہیں۔
یہ کولیسٹرول کی سطح کو کم کرنے اور بلڈ شوگر کی سطح کو متوازن رکھنے میں بھی معاون ثابت ہوتے ہیں۔یہ جسم میں غذائیت کے انجذاب کے عمل کو بہتر بناتے ہیں جگر اور گردوں کے افعال درست کرتے ہیں۔خون کے دورانیے پر مثبت اثرات مرتب کرتے ہیں۔جلد کو صحت مند اور شفاف بنانے میں مدد دیتے ہیں۔روزمرہ استعمال میں ایسی کئی غذائیت سے بھر پور جڑی بوٹیاں سبزیاں اور پھل ہیں جو ہمیں ذائقے دار نہیں لگتیں ڈیٹوکس مشروبات کی مدد سے آپ ان چیزوں سے غذائیت با آسانی حاصل کر سکتے ہیں۔

ٹوٹل جوس فاسٹ
ان مشروبات کے فوائد میں وزن کی کمی بے حد اہمیت کا حامل ہے اس ضمن میں ٹوٹل جوس فاسٹ ایک موٴثر انتخاب ہے۔ٹوٹل جوس فاسٹ میں ایک شخص کی خوراک مکمل طور پر جوسز پہ منحصر کرتی ہے۔تاہم کبھی کبھار پانی اور چائے کا استعمال کیا جا سکتا ہے۔اس دوران 2 سے 3 لیٹر جوس پورے دن میں پینا تجویز کیا جاتا ہے اس دوران آپ ہر بل چائے،سبزیوں سے تیار کردہ سوپ اور زائد مقدار میں پانی پی سکتے ہیں۔
گرم علاقوں میں رہنے والے افراد سال کے کسی بھی وقت اس طریقے کو اپنا سکتے ہیں تاہم سرد علاقوں میں رہنے والے کو گرمیوں کے مہینوں میں یہ طریقہ اختیار کرنا چاہئے۔چھوٹی عمر کے بچوں،ماں بننے والی خواتین،بزرگوں اور کمزور مدافعت کے مالک افراد کو اس سے پرہیز کرنا چاہئے۔آپ اپنی ضرورت کے مطابق 3 دن ،ایک ہفتہ،2ہفتے کے پروگرام منتخب کر سکتے ہیں تاہم داہمی امراض اور ضرورت سے زیادہ بڑھے ہوئے وزن کے لئے لمبا عرصہ درکار ہوتا ہے۔

گرین جوس
یوں تو جوسز مجموعی طورپر بھی صحت مند زندگی کے لئے انتہائی موٴثر ثابت ہوتے ہیں تاہم گرین جوس اس ضمن میں سر فہرست ہے۔اس جوس کی تیاری میں دوسرے نارنجی پھلوں اور سبزیوں کے ساتھ ساتھ ہری سبزیوں اور پھلوں کا استعمال نمایاں طور پر کیا جاتا ہے۔یہ بڑھتی عمر کے اثرات زائل کرنے جسم سے ضرورت سے زائد تیزابیت کا خاتمہ کرنے ،معدے کے افعال بہتر بنانے،قوت مدافعت مضبوط کرنے اور دن بھر آپ کو تازہ دم اور توانائی سے بھر پور رکھنے میں کارگر ثابت ہوتا ہے۔
یوں بازار میں کئی مستند برانڈز کے تیار کردہ گرین جوسز ڈبہ بند دستیاب ہیں تاہم تازہ اور خالص گرین جوسز کا استعمال زیادہ مفید ہے۔
انتباہ
جسم سے غیر سمی اثرات زائل کرنے کے لئے (یعنی مضر اثرات)یہ تدبیر اختیار کرنے سے پہلے اور غذائی ماہر سے ضرور مشورہ کر لینا بہتر ہے۔

Browse More Healthart