Dil Ko Sehatmand Rakhne Wale Chand Nuskhey - Article No. 1895

Dil Ko Sehatmand Rakhne Wale Chand Nuskhey

دل کو صحت مند رکھنے والے چند نسخے - تحریر نمبر 1895

دھک دھک ،دھک․․․جی ہاں،دل کی یہی دھڑکن انسان کے زندہ ہونے کا ثبوت ہے۔

جمعرات 9 جولائی 2020

دھک دھک ،دھک․․․جی ہاں،دل کی یہی دھڑکن انسان کے زندہ ہونے کا ثبوت ہے۔یہ رُک جائے،توبشر بھی خاک میں جالیٹتا ہے۔انسانی جسم میں دل ودماغ،یہی دو عضو سب سے اہم سمجھے جاتے ہیں۔دل دماغ صحت مند رہیں،تو بدن توانا رہتا ہے۔ذیل میں قلب کی دیکھ بھال کرنے والے ایسے نکات پیش خدمت ہیں جو سینکڑوں برس پر محیط ماہرین کی تحقیق و تجربات کا نچوڑ ہیں۔

سگریٹ کے دھوئیں سے بھی بچیں
امریکی ڈاکٹروں نے دریافت کیا ہے کہ جو مرد و عورت ہفتے میں تین مرتبہ تیس منٹ تک سگریٹ کے دھوئیں کی زد میں رہیں،ان میں امراض قلب میں مبتلا ہونے کا خدشہ چھبیس فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔لہٰذا سگریٹ پینا تو ایک طرف سگریٹ کے دھوئیں والے ماحول میں بھی نہ بیٹھیں۔
دل کی دھڑکن کوResetکرنا
ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ کتابیں پڑھنا،کرکٹ کھیلنا یا وہ کام جو دل کی دھڑکن کو بڑھا دیں،دل کی صحت کے لئے مفید ہیں۔

(جاری ہے)

دراصل جب بھی دل کی دھڑکن تیز ہو،تو یہ اس کی دھڑکن کو ازسر نو شروع (Reset) کرنے کے مترادف ہے۔یوں دل کی کارکردگی بہتر ہو جاتی ہے۔
گرد و غبار میں ورزش نہ کیجیے
آلودہ ماحول میں ورزش کرنے سے خون میں آکسیجن کم ہو جاتی ہے۔ایسی حالت میں دل کی نالیوں میں لوتھڑے بننے کا امکان بڑھ جاتا ہے۔
تالاب میں غوطہ لگائیے
برطانوی ماہرین نے دریافت کیا ہے کہ جو مرد وزن شدید جسمانی سر گرمی مثلاً تیرنے یا پہاڑ پر چڑھنے (ہائکنگ)سے محض پچاس حرارے بھی جلائیں،ان میں امراض قلب کا خطرہ باسٹھ فیصد کم ہو جاتا ہے۔

کولیسٹرول کا مقابلہ میوے سے کیجیے
ایک تجربے میں آسٹریلوی ماہرین نے تین ماہ تک سترہ مرد وزن کو گری دار میوے کھلائے۔جب چوتھے ماہ ان کا معائنہ ہوا،تو مرد و عورت میں تین تا پانچ فیصد کولیسٹرول کم پایا گیا۔وجہ یہ ہے کہ گری دار میوے مونوان سیچوریٹڈ (Monounsaturated)چکنائی کثیر مقدار میں رکھتے ہیں۔
سائیکل چلا کر ڈپریشن بھگائیے
طبی سائنس دریافت کر چکی ہے کہ جو انسان ڈپریشن میں ہو،وہ دوسروں کی نسبت جلد امراض قلب کا نشانہ بن جاتے ہیں۔
کئی مرد وزن ادویہ کھا کر ڈپریشن بھگانے کی سعی کرتے ہیں۔جدید تحقیق نے انکشاف کیا ہے کہ ڈپریشن سے نجات پانے کا ایک بہترین طریقہ کوئی بھی ورزش کرنا مثلاً سائیکل چلانا یا بیڈ منٹن کھیلنا بھی ہے۔
روزانہ بیس منٹ مراقبہ
امراض قلب میں مبتلا افراد خاص طور پر روزانہ صرف بیس منٹ مراقبہ کرنے کے لئے نکالیں۔یہ روحانی عمل گھبراہٹ اور بے چینی سے نجات دلا کر انسان کو پر سکون کرتا ہے۔

ہوا بھرا تھیلا (Punching bag)خرید لیجیے
ہار ورڈ یونیورسٹی کے محققوں نے دریافت کیا ہے کہ جو مرد وزن اپنا غصہ باہر نکال دیں،امراض قلب میں بہت کم مبتلا ہوتے ہیں۔جبکہ دبا ہوا غصہ دل کو لے بیٹھتا ہے۔
غذائیں جو دل کو طاقت وربنائیں
دنیا بھر میں امراض قلب سے اموات کی شرح بڑھتی جا رہی ہے۔غذائی کیفیات تبدیل کرکے اور ورزش کو معمول بنا کر دل کو صحت مند رکھا اور کئی بیماریوں سے بچا جا سکتا ہے۔
برسوں کی تحقیق کے بعد ماہرین نے دل کے لئے ان اجزاء کو بہت مفید قرار دیا ہے۔
لہسن
لہسن میں موجود کئی وٹامن اور اینٹی آکسیڈنٹس دل کے لئے مفید ہیں۔لہسن میں ایلیسن (Allicin) نہ صرف دل کو مضبوط رکھتا ہے بلکہ کولیسٹرول اور بلند بلڈ پریشر کو بھی قابو کرنے میں مدد دیتا ہے۔لہسن کے متعلق نیا انکشاف ہوا ہے کہ یہ کئی اقسام کے کینسر اور خلیاتی سطح کی ٹوٹ پھوٹ کو بھی روکتا ہے۔

ٹماٹر
ٹماٹر میں ایک طاقتور اینٹی آکسیڈنٹ لائسوپین (Lycopene) پایا جاتا ہے۔یہ امراض قلب،بلڈ پریشر اورکولیسٹرول کو روکتا ہے۔اس کے علاوہ خلیات کو خراب اور ٹوٹنے سے بچاتا ہے۔ڈاکٹروں کے مطابق ٹماٹر میں موجود لائسوپین کو جسم میں بہتر طور پر جذب کرنے کے لئے اسے زیتون کے تیل میں تھوڑا نرم کرکے استعمال کیا جائے۔ماہرین ہر روز تین ٹماٹر کھانے کا مشورہ دیتے ہیں اور اس کے بہت اچھے اثرات صرف چھ ہفتوں میں ظاہر ہو جاتے ہیں۔

دار چینی
دار چینی خون میں شکر کی مقدار کو بلند نہیں ہونے دیتی۔یہ کولیسٹرول کو روکتی ہے اور بلڈ پریشر کا سدباب کرنے کے علاوہ کینسر اور الزائیمر سے بھی بچاتی ہے۔
سبز چائے
گرین ٹی یا سبز چائے کے کئی فوائد ہیں۔اس کی اہم بات یہ ہے کہ رگوں اور شریانوں کی دیواروں کے استر پر موجود خلیات کو یہ اچھی حالت میں رکھتی ہے۔
جاپان میں یہ چائے بہت پی جاتی ہے اور تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ سبز چائے کا باقاعدہ استعمال جاپان میں 31فیصد خواتین اور 22فیصد مردوں کو دل کے امراض سے بچاتا ہے۔
گریپ فروٹ
گریپ فروٹ کو چکوترا کہا جاتا ہے جس کا رس فائبر،وٹامن سی،کولائن اور لائسوپین سے بھر پور ہوتا ہے۔یہ خون میں مضر صحت چکنائیوں کی مقدار کو قابو میں رکھتا ہے جن میں دل کی رگوں کو سخت کرنے والے ٹرائی گلیسرائیڈز شامل ہیں۔گریپ فروٹ میں پیکٹن(Pectin) نامی فائبر ہوتا ہے جو دل کو شریانوں کو صحت مند رکھتا ہے۔

Browse More Healthart