Folad Ki Kami Door Karne Ke Tariqe - Article No. 2451

Folad Ki Kami Door Karne Ke Tariqe

فولاد کی کمی دور کرنے کے طریقے - تحریر نمبر 2451

ایسے مرد و خواتین جو خون کی کمی کی بیماری میں مبتلا ہوں،انھیں اپنے غذائی شیڈول میں گوشت،مرغی،مچھلی،پالک،چقندر،شاخِ گوبھی (بروکولی)،لال اور ہری شملہ مرچ،پھول گوبھی،مالٹا،سیب اور انار وغیرہ شامل کرنے چاہییں،تاکہ جسم فولاد کی کمی کا شکار نہ ہو

ہفتہ 28 مئی 2022

ڈاکٹر سید امجد علی جعفری
دنیا بھر کے ماہرین غذا صحت مند اور تندرست و توانا زندگی گزارنے کے لئے فولاد،نمکیات (منرلز) اور حیاتین (وٹامنز) سے بھرپور غذائیں تجویز کرتے ہیں،اس لئے کہ یہ جلد ہضم ہو کر فوری توانائی فراہم کرتی ہیں۔فولاد ایک اہم جزوِ بدن ہے،جو ہمارے دماغ کو مضبوط بناتا اور قوتِ ارادی کو بڑھاتا ہے۔
اس کے برعکس فولاد کی قلت سے خون میں سرخ ذرات کی کمی ہو جاتی ہے،جسے طبی اصطلاح میں Iron Deficiency Anemia،یعنی فولاد کی کمی کہتے ہیں۔
یاد رکھیے،اگر خون میں فولاد کی کمی ہو جائے تو گردشِ خون کے مسائل جنم لے سکتے ہیں۔دل اور پھیپھڑوں کی کارکردگی کمزور پڑ جاتی ہے،نتیجتاً سانس لینے کا دورانیہ مختصر (چھوٹے چھوٹے سانس لینا) ہو جاتا ہے اور روزمرہ کے کام انجام دینے میں بے حد مشکل ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ جلد اور بالوں کے مسائل بھی پیدا ہو جاتے ہیں۔فولاد کی کمی کی علامات میں شدید تھکاوٹ،جلد کی رنگت پیلی پڑ جانا،سر کا درد،ناخنوں کا ٹوٹنا،سانس پھولنا،چکر آنا،ہاتھوں اور پیروں میں سنسناہٹ اور زبان کی سوزش یا درد وغیرہ شامل ہیں۔اگر ان میں سے کوئی بھی علامت ظاہر ہو تو کسی مستند معالج سے رجوع کرنا چاہیے۔
ایک حالیہ تحقیق سے ثابت ہو چکا ہے کہ جو افراد سرخ گوشت کم کھاتے ہیں یا بالکل نہیں کھاتے تو اُن میں فولاد کی کمی زیادہ پائی جاتی ہے،یہ کمی اس وقت اور بڑھ جاتی ہے،جب ہرے پتوں والی سبزیاں بھی نہ کھائی جائیں۔
فولاد حاصل کرنے کے دو ذرائع ہیں،جنھیں ”ہیم“ (Heme) اور ”نان ہیم“ (Non-Heme) کہتے ہیں۔”ہیم“ سے مراد وہ فولاد ہے،جو جانوروں کے ذریعے حاصل کیا جاتا ہے،جس میں گوشت،مرغی اور سمندری غذائیں شامل ہیں،جب کہ ”نان ہیم“ فولاد پودوں سے حاصل کیا جاتا ہے،جس میں ہر قسم کے اناج،گری دار میوے،بیج،پھلیاں اور پتوں والی سبزیاں شامل ہیں۔

ان دونوں ذرائع سے حاصل کیے جانے والے فولاد کے اثرات جسم پر مختلف انداز سے مرتب ہوتے ہیں۔جیسا کہ نان ہیم غذاؤں سے فولاد کا انجذاب جلد نہیں ہوتا،لیکن جب نان ہیم غذا کے ساتھ حیاتین ج (وٹامن سی) بھی کھائی جائے تو فولاد کے انجذاب کا عمل جلد شروع ہو جاتا ہے۔اس کا بہترین حل یہی ہے کہ جب نان ہیم غذائیں کھائی جائیں تو ساتھ میں ایسے پھل بھی کھائے جائیں،جن میں حیاتین ج زیادہ مقدار میں پائی جاتی ہے،لہٰذا ایسے مرد و خواتین جو خون کی کمی کی بیماری میں مبتلا ہوں،انھیں اپنے غذائی شیڈول میں گوشت،مرغی،مچھلی،پالک،چقندر،شاخِ گوبھی (بروکولی)،لال اور ہری شملہ مرچ،پھول گوبھی،مالٹا،سیب اور انار وغیرہ شامل کرنے چاہییں،تاکہ جسم فولاد کی کمی کا شکار نہ ہو۔

Browse More Healthart