Gaaza Se Teezabiyat Ka Tadarak - Article No. 1926

Gaaza Se Teezabiyat Ka Tadarak

غذا سے تیزابیت کا تدارک - تحریر نمبر 1926

معدے میں تیزابیت کا مسئلہ یوں تو پوری دنیا میں ہے

بدھ 12 اگست 2020

محمد ریاض
معدے میں تیزابیت کا مسئلہ یوں تو پوری دنیا میں ہے لیکن ان ممالک میں زیادہ ہے جہاں مرغن،مصالحے دار اور تیزابی غذائیں رغبت سے کھائی جاتی ہیں۔بعض غذائیں ایسی ہیں جن کے استعمال سے تیزابیت کی شکایت کو کم کیا جا سکتا ہے۔
ادرک:
ادرک تیزابیت کے خلاف بہت موثر ہے۔ادرک میں اینٹی آکسیڈنٹ اور رو سوزش خصوصیات پائی جاتی ہیں۔
تیزابیت کے ساتھ یہ سینے کی جلن،بدہضمی اور پیٹ کے دیگر امراض میں بھی مفید ہے۔اگر کسی کو تیزابیت کے ساتھ ساتھ سینے میں جلن کی شکایت بھی ہے،تو ادرک کا قہوہ بنا کر قدرے ٹھنڈا کرنے کے بعد پینے سے افاقہ ہو سکتا ہے۔تازہ ادرک کا چھوٹا ٹکڑا دیگر غذاؤں کے ساتھ لیا جا سکتا ہے۔
سبز پتوں کی سبزیاں:
سبز پتوں کی سبزیاں جیسا کہ پالک،پودینہ،دھنیا،میتھی اور بند گوبھی وغیرہ کو اپنی روز مرہ غذا کا حصہ بنا کر تیزابیت کو دور بھگایا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

تاہم اگر انہیں مرغن اور مصالحے دار بنا کر کھایا جائے گا تو فائدہ نہیں ہو گا۔
دہی:
سینے میں جلن اور تیزابیت کی شکایت ہوتو ایک پیالہ دہی استعمال کرلیں۔دہی میں کیلا یا خربوزہ ڈال کر آپ اس کی افادیت میں مزید اضافہ کر سکتے ہیں۔
کیلا:
کیلے میں الکلائن موجود ہوتا ہے اسی لئے یہ تیزابیت میں مفید رہتا ہے۔
کسی بھی ایسے مسئلے کی صورت میں آپ ایک سے دو کیلے کھا سکتے ہیں۔ذائقے میں کیلا مزیدار ہوتا ہے اس لئے رغبت سے کھایا جاتا ہے۔
جوکا دلیہ:
جن افراد کو تیزابیت کا مسئلہ درپیش ہو،انہیں ناشتے میں جو کا دلیہ کھانا چاہیے۔اس میں پایا جانے والا ریشہ اپھارہ کے خاتمے میں مدد دیتا ہے۔یہ پیٹ میں موجود اضافی تیزابیت کو جذب کرنے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔
اس مسئلہ کے لئے کچھ اور ریشے سے لبریز غذائیں بھی مفید ہیں۔
خربوزہ:
خربوزہ الکلائن پھل ہے۔تیزابیت کی صورت میں اسے استعمال کیجیے،فائدہ دے گا۔یہ نظام انہضام کے لئے بہت مفید ہے اس کے استعمال سے فوری آرام آتا ہے۔
آلو:
آلو بھی مفید ہیں،لیکن یہ تلے ہوئے نہیں ہونے چاہئیں۔جڑ والی دیگر سبزیاں بھی فائدہ دیتی ہیں۔

مچھلی اور سمندری خوراک:
مچھلی اور سمندری خوراک(سی فوڈ)معدے کی تیزابیت میں فائدہ مند ہیں لیکن انہیں تلا ہوا یا مصالحے دار نہیں ہونا چاہیے۔
پارسلے:
پارسلے کو ڈشز سجانے کے لئے استعمال کیا جاتا ہے لیکن یہ تیزابیت سے نجات دلانے میں بھی اہم ہے۔دراصل اسے سینکڑوں برسوں سے اس مقصد کے لئے استعمال کیا جا رہا ہے۔

Browse More Healthart