Gehri Aur Pur Sukoon Neend Lene Ka Tarika - Article No. 2530

Gehri Aur Pur Sukoon Neend Lene Ka Tarika

گہری اور پُرسکون نیند لینے کا طریقہ - تحریر نمبر 2530

بے خوابی (Insomnia) جیسی مضر صحت بیماری لاحق ہونے کی ایک بڑی وجہ نیند کا پورا نہ ہونا ہے

جمعہ 2 ستمبر 2022

جوں جوں انسان کی عمر بڑھتی جاتی ہے،اس کی نیند میں بھی کمی واقع ہونے لگتی ہے۔بڑھاپے میں نیند آسانی سے نہیں آتی اور اگر آ بھی جائے تو یہ نیند سکون سے خالی ہوتی ہے،جس کی وجہ سے دن بھر میں طبیعت میں بے چینی اور اُلجھن رہتی ہے۔اگر اس صورتِ حال کو بہتر نہ بنایا جائے تو یہ مستقبل میں صحت کے لئے نقصان دہ بھی ثابت ہو سکتی ہے۔بے خوابی (Insomnia) جیسی مضر صحت بیماری لاحق ہونے کی ایک بڑی وجہ نیند کا پورا نہ ہونا ہے۔
ذیل میں گہری و پُرسکون نیند کے حصول کے لئے چند کارآمد تجاویز دی جا رہی ہیں،جن پر عمل کرنے سے بے خوابی کے مریضوں کو فائدہ ہو گا:
ورزش کو معمول بنائیں
ورزش ہر فرد کی زندگی میں بہت اہمیت و افادیت کی حامل ہے اور اس سے کوئی بھی انکار نہیں کر سکتا۔

(جاری ہے)

یہ آپ کو نہ صرف جسمانی طور پر مکمل فٹ رکھتی ہے،بلکہ رات کو پُرسکون نیند لینے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔

اگر آپ کو نیند کی کمی کی شکایت ہے تو یقینا ورزش آپ کے معمولات میں شامل نہیں ہے،لہٰذا دن بھر میں ورزش کے لئے پندرہ بیس منٹ نکال لینا بھی بہت بڑی بات ہے اور اس سے صحت پر اچھے اثرات پڑتے ہیں۔سونے سے قبل ورزش ہر گز نہ کریں،کیونکہ اس طرح آپ زیادہ دیر تک جاگتے رہیں گے۔ورزش کرنے کا سب سے بہترین وقت صبح سویرے کا ہوتا ہے۔
کھانے کے فوراً بعد سونے سے گریز کریں
سونے سے قبل پیٹ بھر کر ہر گز کھانا نہ کھائیں۔
اس طرح آپ بے سکون رہیں گے،اس لئے کہ کھانا کھانے کے بعد آپ کا جسم اسے ہضم کرنے میں خاصا وقت لیتا ہے اور جب تک کھانا اچھی طرح ہضم نہیں ہو جاتا،وہ متحرک رہتا ہے،لہٰذا سونے سے ہمیشہ دو گھنٹے قبل رات کا کھانا کھائیں۔کھانا کھانے کے بعد ایک گلاس نیم گرم دودھ بھی سونے سے پہلے پینا چاہیے؟اس طرح نیند اچھی آتی ہے۔
ذہنی دباؤ پر قابو پائیں
اکثر یہ دیکھا گیا ہے کہ جو افراد مسائل حیات کے سبب ذہنی دباؤ میں بہت زیادہ مبتلا رہتے ہیں،انھیں نیند بھی بہت کم آتی ہے۔
انھیں کوشش کرنی چاہیے کہ ذہنی دباؤ کو ہر ممکن طریقے سے کم کرکے پُرسکون زندگی گزاریں،چھوٹی چھوٹی باتوں پر وہ اپنے ذہن کو منتشر نہ کریں،بلکہ خود کو پُرسکون رکھیں،انھیں چاہیے کہ وہ مثبت ذہن کے مالک بنیں،اس لئے کہ جو افراد مثبت ذہن والے ہوتے ہیں،وہ پُرسکون بھی رہتے ہیں اور انھیں نیند بھی گہری آتی ہے۔
نیم گرم پانی سے غسل کریں
سونے سے قبل نیم گرم پانی سے غسل کریں،اس سے نیند بہت اچھی آتی ہے۔
اصل میں اس غسل سے آپ کے جسم و دماغ کو بہت سکون ملتا ہے،اس لئے بستر پر لیٹتے ہی نیند آ جاتی ہے۔یاد رکھیے کہ سونے سے پہلے ٹھنڈے پانی سے نہ نہائیں،اس سے آپ خود کو تروتازہ تو محسوس کریں گے،لیکن اچھی نیند آپ سے دور ہو جائے گی۔
خواب گاہ کو آرام دہ بنائیں
اپنے بستر کے لئے ہمیشہ آرام دہ گدے کا انتخاب کریں۔اس کے علاوہ اپنے کمرے کو صاف ستھرا اور ٹھنڈا رکھیں۔کمرے میں زیادہ روشنی نہ کریں،بلکہ کم روشنی کا اہتمام کریں،کیونکہ ایسے ماحول میں داخل ہوتے ہی آپ خود کو پُرسکون محسوس کرنے لگیں گے اور آپ کو نیند بھی آجائے گی۔

Browse More Healthart