Gosht Dhoyeen Kaise - Article No. 1660

Gosht Dhoyeen Kaise

گوشت دھوئیں کیسے؟ - تحریر نمبر 1660

دراصل گوشت پروٹین اور غذائیت سے بھر پور ہونے کے باعث ہر خاتون خانہ کی خواہش ہوتی ہے کہ اپنے بچوں کو اُن کی خواہش کے مطابق ڈشز پکا کر کھلائے ۔

پیر 26 اگست 2019

کنول زریں
بڑی عید گزر چکی ہے۔اس وقت ہر گھر میں گوشت کی ڈشز تیار ہورہی ہیں تو کیوں نہ اس بار ہم اپنے قارئین کو گوشت دھونے کا طریقہ بتادیں۔دراصل گوشت پروٹین اور غذائیت سے بھر پور ہونے کے باعث ہر خاتون خانہ کی خواہش ہوتی ہے کہ اپنے بچوں کو اُن کی خواہش کے مطابق ڈشز پکا کر کھلائے ۔اس کے نقصانات ایک طرف لیکن یہ حقیقت ہے کہ اگر گوشت معیاری ہوتو اس کا استعمال ضروری ہے۔
آج ہم گوشت کے کھانے یا نہ کھانے پر بحث نہیں کرتے بلکہ موجودہ ریسرچ پر بات کرتے ہیں جس کے مطابق گوشت دھونے سے جو آلودہ پانی کے چھینٹے اڑتے ہیں اس سے کیمپی لو بیکٹیریا پھیلنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔گوشت دھونے کے باعث اڑنے والے آلودہ پانی کے چھینٹے کپڑوں اور باورچی خانے میں آتے ہیں ریسرچ کے مطابق ان کے ذریعے کیمپی لو بیکٹیریا افزائش پاتا ہے اور تیزی سے پھیلتا ہے۔

(جاری ہے)

جس سے فوڈپوائزننگ کا خطرہ بڑھ جاتاہے۔
کیمپی لوبیکٹیریا انفیکشن کیاہے؟:یہ بیکٹیریا ڈائیریا اور فوڈ پوائزننگ کا ایک اہم اور بنیادی سبب مانا جاتا ہے یہ بیکٹیریا معدے کی نالی میں انفیکشن پیدا کرکے ڈائیریا بخار اور اینٹھن کا سبب بنتے ہیں ۔حفظان صحت کے اصولوں پر عمل کرکے اس سے بچا جا سکتا ہے اکثر یہ علامات خود ہی دور ہو جاتی ہیں اور کبھی اینٹی بائیوٹکس لینے کی ضرورت پیش آسکتی ہے۔

کیمپی لوبیکٹیریا پھیلنے کے اسباب:یہ بیکٹیریا جنگلی اور گھر یلو جانوروں کی آنتوں میں رہتے ہیں یہ انسانوں تک گوشت دودھ اور جانوروں کے فضلہ کے ذریعے منتقل ہوتے ہیں ۔انسان کے نظام ہضم میں داخل ہو کر یہ آنتوں کی چھوٹی بڑی پرتوں کو متاثر کرتے ہیں ۔آنتوں کے ساتھ ساتھ یہ بیکٹیریا جسم کے دیگر اعضاء کو بھی متاثر کر سکتا ہے یہ بڑھتے ہوئے بچوں کو کمزور قوت مدافعت اور دائمی امراض میں مبتلا افراد کو زیادہ متاثر کرتاہے۔

کیمپی لو بیکٹیریا انفیکشن کی علامات:یہ علامات انفیکشن سے متاثر ہونے کے بعد 2سے5دن کے اندر ظاہر ہونا شروع ہوتی ہیں اور ایک ہفتے تک جاری رہ سکتی ہیں۔ان علامات میں ڈائیر یا پیٹ کا درد اینٹھن بخار تھکاوٹ متلی اور قے شامل ہیں غیر معمولی صورتحال میں یہ انفیکشن جوڑوں کے درد یا گیلین بارسنڈروم کا باعث بن سکتاہے۔
کیا کیمپی لو بیکٹیریا انفیکشن ایک متعددی مرض ہے؟جی ہاں یہ ایک متعددی مرض ہے یہ انفیکشن ایک انسان سے دوسرے انسان تک با آسانی منتقل ہو سکتا ہے متاثرہ فرد کے فضلہ خاص طور پر چھوٹے بچوں کے ڈائپروغیرہ کے ذریعے سے یہ بیکٹیریا دیگر افراد میں منتقل ہو سکتا ہے۔
گھر میں موجود پالتوجانوروں کے ذریعے بھی یہ بیکٹیریا آپ تک منتقل ہو سکتاہے۔
گوشت دھوئیے بغیر پکائیں کیسے؟:اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ اگر گوشت کو دھویا نہ جائے تو صاف کرکے پکایاکیسے جائے ؟آپ سوچ رہے ہوں گے کہ گوشت تو اتنا آلودہ ہوتا ہے کہ اسے دھوئے بغیر پکانا تو ناممکن سی بات ہے تو جناب پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہم آپ کو بتائیں گے گوشت دھونے کا صحیح اور محفوظ طریقہ جس سے آپ کیمپی لو بیکٹیریا سے بھی بچ جائیں گے اور مزیدار پکوان بھی انجوائے کر پائیں گے۔

گوشت دھونے کا طریقہ
سب سے پہلے تو یہ یاد رکھیں کہ گوشت صاف کئے بغیر فریز نہ کریں۔گوشت پر لگا خون اور آلودگی ململ یا کسی بھی نرم کپڑے کی مدد سے گیلا کرکے صاف کرلیں ۔کوشش کریں کے کپڑا سفید یا پھر ایسے ہلکے رنگ کا ہو جس کا رنگ نہ نکلتا ہو۔اس کے بعد نیم گرم پانی میں ایک لیموں کا رس یا پھر ایک چمچ سفید سرکہ ڈال کر گوشت کو 5منٹ تک بھگودیں ہاتھ سے مل کر صاف کریں اور ایک دفعہ گوشت کو سادہ پانی میں ڈال کر نکال لیں ۔اس عمل کے بعد یہ گوشت تمام جراثیم سے پاک ہوجاتا ہے اب آپ مطمئن ہوکر اسے آرام سے پکا سکتے ہیں اس طریقہ کا ر کو اپنانے کے بعد آپ کو گوشت کے آلودہ ہونے کا خطرہ نہیں رہے گا اور آپ جراثیم کے پھیلنے کے خوف سے بھی بچ جائیں گے۔

Browse More Healthart