Harree Masale - Article No. 706

Harree Masale

ہرے مصالحے - تحریر نمبر 706

غذائیت سے بھرپور اور شفا بخش ہوتے ہیں۔۔۔ تازہ جڑی بوٹیوں پرمشتمل ہرے مصالحے نہ صرف کھانوں کو خوش رنگ اور خوش ذائقہ بناتے ہیں بلکہ اس میں شامل قدرتی اجزا غذائیت اور شفا بخش بھی ہیں

پیر 23 مارچ 2015

شائستہ زرّیں:
تازہ جڑی بوٹیوں پرمشتمل ہرے مصالحے نہ صرف کھانوں کو خوش رنگ اور خوش ذائقہ بناتے ہیں بلکہ اس میں شامل قدرتی اجزا غذائیت اور شفا بخش بھی ہیں۔
پودینہ
پودینہ کی کئی اقسام ہیں لیکن بستانی پودینہ زیادہ استعمال ہوتا ہے۔یہ ذائقے میں خوشگوار ہوتا ہے‘ اس کی مرغوب مہک کی وجہ سے اسے مصالحہ جات اور چٹنیوں میں شامل کیا جاتا ہے پودینہ کی لذت اور مہک کے ساتھ ساتھ اس کے بے شمار طبی فوائد ہیں۔
دانتوں کے درد میں پودینہ کے پتے چبانا مفید ہے۔پودینہ کا عرق دل کی کمزوری دور کرتا ہے۔ امراضِ معدہ میں موثر ہوتا ہے۔دل اور معدہ کی کمزوری کے لیئے پودینہ کا شربت اور عرق دونوں ہی اکسیر ہیں‘ انار کا چھلکوں کے ساتھ نچوڑا گیا رس ایک حصہ ،سبز تازہ پودینہ آدھا حصہ، چینی دونوں کے برابرلیں اور تینوں کوملا کرجوش دیں۔

(جاری ہے)

اس کے جھاگ اتارتے رہیں جب قوام بن جائے تو اْتار لیں معدہ کی کمزوری کے لئے فائدہ مند ہے۔

پودینے کے بہت سے پتے اور اُن سے چھ گنا زیادہ پانی کے ساتھ عرق کشید کر کے ۵۷ گرام استعمال کریں مقوی معدہ،ہاضمہ اور قلب ہے۔
ہرا دھنیا
جنوبی ایشیاء کے کھانوں کا لازمی جزو ہے۔ہرا دھنیا کی تازہ پتیوں کی خوشبو میکسیکن اور تھائی کھانوں میں ملتی ہے۔ برطانیہ میں ہرا دھنیا پسندیدہ مصالحے کے طور پر مشہور و مقبول ہے۔
ہرا خشک دھنیا کھانے سے بے خوابی کی شکایت دور ہوتی ہے۔ سوزش،جلناور الرجی میں ہرا دھنیاکھانا مفید ہے قے آنے کی صورت میں ہرا دھنیا کا پانی پینے سے بہتری آئے گی۔ سانس کی بدبو دور کرنے کے لئے خشک ہرادھنیا دن میں چار پانچ مرتبہ چبالیں۔گرمیوں میں دھنیا کا استعمال زیادہ کرنا چاہیے۔اس کے استعمال سے پیاس کی شدت میں کمی آئے گی۔۲ تولے خشک دھنیارات کو مٹی کے برتن میں بھگو کر صبح چھان کر اس میں چینی ملا کر پی لیں دھنیا کا یہ پانی نہ صرف پیاس کی کمی دور کرتا ہے بلکہ دل کی دھڑکن اعتدال میں لانے کے لیئے مفید ہے۔
مسوڑھوں کی مضبوطی اور منہ سے بدبو کی شکایت دور کرنے کے لئے صبح سبز دھنیاکتر کر دو تولے دہی میں ملا کر کھالیں۔ چیچک کے مریض کی آنکھ میں دھنیا کا پانی ٹپکانے سے آنکھ چیچک کے دانوں سے محفوظ رہتی ہے۔
پیاز
ساری دنیامیں سب سے زیادہ کھائی جانے والی سبزی پیازہے بالخصوص ایشیائی ممالک کے کھانوں میں لازمی جزو کے طور پراستعمال ہوتی ہے کئی علاقوں میں توپیاز روٹی کے ساتھ کھائی جاتی ہے۔
بہت سے ممالک میں پیاز بطورغذاکھائی جاتی ہے اورسلاد کے طور پر بھی استعمال ہوتی ہے۔شوربا گاڑھا کرنے کے لئے بھی سالن میں زیادہ پیاز ڈالی جاتی ہے۔ لْو لگنے کی صورت میں پیاز کا رس پی لیں‘پیاز ہاضم ہوتی ہے۔برسات کے موسم میں کئی امراض کے لئے پیاز بہت سود مند ہے۔ خواتین کے لئے بے حد مفید ہے ، رات کوپیاز کا رائتہ کھانے سے نیند خوب اچھی آتی ہے ،پیاز میں سرکہ ملا کر کھانے سے فائدہ ہوتا ہے۔
کچی پیازجسم میں گندھک پیداکرنے کے علاوہ خوراک ہضم کرنے میں مدد دیتی ہے۔بچوں عورتوں اورمردوں کے کم وبیش تین ہزارامراض ایسے ہیں جن میں پیاز کا استعمال مفید ہے۔پیاز ایک مکمل غذا ہے اس کے روزانہ استعمال سے بینائی میں اضافہ ہوتا ہے۔دہی اورپیازکا رس ملا کر پینے سے خونی پیچش بندہو جاتی ہے۔ فرانس میں پیاز مقوی و محرک دوا کے طور پر استعمال ہوتی ہے۔
ہیضے کے مریض کو پیاز کا رس بہت فائدہ دیتا ہے۔دمے کے مریضوں کو چاہئے کہ پیاز کا رس ایک پاوٴ، خالص شہدایک پاوٴ، کھانے کاسوڈاپانچ تولہ لے کر تینوں کو ملا کر رکھ لیں صبح و شام ایک ایک چمچہ استعمال کریں۔ علاوہ ازیں پیازکارس ایک دوقطرے ناک میں ٹپکانے سے نکسیربندہوجاتی ہے۔کچی پیاز کھانے اور پاس رکھنے والے طاعون اور دوسرے وبائی امراض سے محفوظ رہتے ہیں۔
ڈاکٹر سید اسلم لکھتے ہیں پیاز کو بطور مصفی خون استعمال کیا جاسکتا ہے۔زمانہء قدیم سے عراق و عرب کے علاقوں میں پیاز ہر مرض میں استعمال ہوتی ہے۔ روزانہ درمیانے سائز کی ایک پیازکے استعمال سے کیلشیم کی مطلوبہ مقدار فراہم ہوتی ہے۔ اس طرح عمر میں اضافے کے ساتھ ہڈیوں میں انحطاط کا عمل بہت سست رہتا ہے۔ گویا پیاز ہڈیوں میں پیدا ہونے والی تبدیلیوں اور اور کمزوریوں کا بہترین علاج ہے۔
محنتی افراد پیازکومناسب مقدارمیں استعمال کریں۔ پیاز اوردودھ کے استعمال میں کم ازکم تین چارگھنٹوں کا وقفہ رکھیں۔ پیاز کو پہلے سے کاٹ کر رکھنے سے اس کا رقیق مادہ ہوا میں تحلیل ہو جاتا ہے۔اس لئے اسے پہلے سے کاٹ کر نہ رکھیں ، پیاز کی کچرت دماغ کو نقصان پہنچاتی ہے۔ اس سے آدھے سر کادرد ہوتا ہے۔ نسیان کا مرض ہوتا ہے ،آنکھوں میں دھندلاپن آتا ہے۔عقل کو فاسد کرتی ہے لیکن اگر یہی پیاز پکا کر کھائیں تو یہ تمام نقائص ازخود ختم ہو جائیں گے رات کے وقت کچی ہرگز نہ کھائیں۔گرم مزاج لوگوں کو زیادہ پیازکھانے سے نزلہ ہو جاتا ہے۔

Browse More Healthart