Hath Dhoiye... Infection Se Bachiye - Article No. 1662

Hath Dhoiye... Infection Se Bachiye

ہاتھ دھوئیے!انفیکشن سے بچئیے - تحریر نمبر 1662

ہاتھوں کو دن میں کئی بار دھونا بیماریوں سے محفوظ رہنے کا ایک مفید طریقہ ہے۔خصوصی طور پر ایسے حالات میں جب کہ کوئی انفیکشن ہونے کا اندیشہ ہو۔

جمعرات 29 اگست 2019

ہاتھوں کو دن میں کئی بار دھونا بیماریوں سے محفوظ رہنے کا ایک مفید طریقہ ہے۔خصوصی طور پر ایسے حالات میں جب کہ کوئی انفیکشن ہونے کا اندیشہ ہو۔ہاتھوں کو دھونے کے لئے نیم گرم پانی اور کسی بھی قسم کا صابن کافی ہوتا ہے۔بعض لوگ اس سلسلہ میں اتنے حساس ہوتے ہیں کہ وہ ہاتھوں کو دھونے کے لیے جراثیم کشAnti-bacterialصابن کے استعمال کو ضروری سمجھتے ہیں ۔
خاص طور پر وائرس کے حملے سے بچاؤ کیلئے اس قسم کے صابن استعمال کرتے ہیں(عام قسم کے وائرس سے نزلہ اور فلو ہو سکتا ہے لیکن تحقیق کی بنیاد پر ماہرین نے بتایا ہے کہ وائرس کے حملے سے بچاؤ کے لیے خصوصی جراثیم کش صابنوں کا استعمال بے معنی ہوتا ہے۔
ناصرف وائر س کے خلاف بلکہ جراثیم Bacteriaکے خلاف بھی ایسے صابن بے کار ہی ہوا کرتے ہیں ۔

(جاری ہے)

ماہرین نے اس سلسلہ میں لوگوں کو آگاہ کیا ہے کہ کسی بھی صابن اور سادہ پانی کے استعمال سے ہاتھوں کو لگے وائرس یا جراثیم کو دھو کر ہٹا دینا ہی اچھا طریقہ ہے۔

اسی طرح عام استعمال کی اشیاء جیسے کمپیوٹر کی بورڈKey BoardماؤسMouseوغیرہ کو بھی مائع صابن Liquidsoapاور گیلے کپڑے کی مدد سے صاف کر دینا مناسب ہوتا ہے ۔خاص طور پر ایسے کمپوٹر ز جنہیں ایک سے زیادہ لوگ استعمال کرتے ہوں ان کی صفائی ضروری ہوتی ہے ورنہ ایک استعمال کنندہ کا انفیکشن دوسرے استعمال کنندہ کو جلد اور آسانی سے منتقل ہونے کے خدشات ہوتے ہیں۔

ہاتھ کب کب دھونے ضروری ہیں․․․؟
کھانے سے قبل:
کھانا کھانے سے قبل ہاتھوں کو اچھی طرح دھولیں ۔کیونکہ اس وقت ہاتھ منہ کو چھوتے ہیں ۔ایسے میں ہاتھوں کو اگر خرد عضویےMicro-organismsیعنی وائرس ،جراثیم،فنگی وغیرہ لگے ہوں تو فوری منہ اور پیٹ میں داخل ہو کر انفیکشن پیدا کرنے کا سبب بن جاتے ہیں۔
بول وبراز سے فراغت کے بعد :
بول وبراز کے مادوں میں جراثیم پائے جاتے ہیں ۔
یہ جراثیم خصوصی طور پر آنتوں کی بیماریاں پیدا کرنے کا موجب بنتے ہیں۔
اس لئے جب بھی پیشاب اور اجابت سے فارغ ہوں ہاتھ اچھی طرح صابن اور پانی کی مدد سے دھو لیا کریں بچوں کو بھی بچپن ہی سے ہاتھ دھونے کی عادت ڈلوانا چاہیے۔
نزلہ اور فلو کی شکایت میں:
نزلہ اور فلو کے مرض میں اکثر چھینکتے ،کھانستے ہیں یا آنکھوں سے بہتے پانی کو صاف کرتے ہیں ۔
نزلہ اور فلو کے مرض میں اس کے وائرس ناک ،منہ اور آنکھوں کے ذریعہ نکلتے رہتے ہیں۔اس لئے اگر یہ مرض ہو جائیں تو چھینکنے ،کھانسنے اور آنکھوں کو صاف کرنے کے بعد ہاتھوں کو دھو لیا کریں۔ اس ترکیب سے وائرس کے حملے کا اثر جلد گھٹ جاتا اور چھینکنے کھانسنے سے ہاتھ پر لگے وائرس کے باعث دوبارہ نزلہ اور فلو کے انفیکشن ہونے کا خدشہ کم ہو جائے گا اور ساتھ ہی دوسروں تک یہ انفیکشن پہنچنے کے اندیشے بھی کم ہو جائیں گے۔

کھانا تیار کرنے سے قبل:
پکوان تیار کرنے والے افراد اپنے ہاتھوں کو پکوان شروع کرنے سے پہلے اچھی طرح دھولیں تو بیماری پیدا کرنے والے وائرس اور جراثیم سے کھانا ممکنہ حد تک صاف رہے گا۔
جب آپ کو کوئی جلدی انفیکشن ہوجائے :
جب جلد کے انفیکشن مثلاً Impetigoسے متاثر سے جلد یا انفیکشن کو محدود کرنے میں مدد ملے گی۔
باغ میں کام کرنے کے بعد :
گھر کے باغ یا کیاری میں کام کرنے کا شوق ہے تو اس حقیقت سے آگاہ رہنا ضروری ہے کہ مٹی میں جراثیم ،فنگی اور طفیلیےParasitesموجود ہوتے ہیں یعنی مٹی ان کے لئے گو یا ایک قسم کے گھر کی مانند ہوتی ہے۔
(فنگی اور طفیلیے بھی ایک قسم کے جراثیم ہی ہوتے ہیں جن کو سادہ آنکھ سے عموماً دیکھا نہیں جا سکتا۔انہیں دیکھنے کے لئے خردبینMicroscopeاستعمال کرنا پڑتاہے)۔اس لیے جب بھی باغ یا کیاری وغیرہ میں مٹی میں کام کیاجائے تو ہاتھوں پر دستانے پہننا ضروری ہیں ۔اگر ایسا ممکن نہ ہوتو باغ میں کام کے بعد ہاتھوں کو اچھی طرح دھو لیا جائے۔
جب ساتھ کام کرنے یا رہنے والوں کو انفیکشن ہو:
گھر ،دفتر یا کام کی جگہوں پر کسی ایک کو زیادہ لوگوں کو وائرس یا جراثیم کا انفیکشن ہوا ہوتو یہ لازمی ہو جاتا ہے کہ ہاتھوں کو بار بار دھولیا جائے ۔
اس سے وائرس یا جراثیم کا حملہ ہونے کے امکانات گھٹ جاتے ہیں ایسے موقعوں پر یہ نہیں سوچنا چاہیے کہ وائرس یا جراثیم کا اثر تو دوسروں کو ہوا ہے اس سے بھلا ہمیں کیا نقصان ہو سکتاہے!

Browse More Healthart