Jaare Main Ehtiyat Kareen - Article No. 2072

Jaare Main Ehtiyat Kareen

جاڑے میں احتیاط کریں - تحریر نمبر 2072

سردی کے موسم میں کھانے پینے اور اوڑھنے کا اپنا ہی ایک لطف ہے

بدھ 3 فروری 2021

ڈاکٹر عزیزہ انجم
سردی کے موسم میں کھانے پینے اور اوڑھنے کا اپنا ہی ایک لطف ہے،مگر چونکہ ٹھنڈ کے ساتھ موسم خشک بھی ہو جاتا ہے،تو مٹی و گرد کی وجہ سے حساسیت (الرجی) کی علامات ظاہر ہونے لگتی ہیں،اس لئے سردی میں نزلے زکام اور کھانسی کی شکایات عام ہو جاتی ہیں،خاص طور پر بچے، بوڑھے اور کمزور قوت مدافعت کے حامل افراد تو ان عارضوں کا جلد شکار ہو جاتے ہیں۔
کہنے کو تو یہ معمولی تکالیف ہیں،لیکن ان کی وجہ سے جسم خاص طور پر سر میں درد،گلے میں خراش اور بار بار چھینکوں کا آنا معمولات زندگی کو متاثر کرتا ہے،تاہم اس ضمن میں اگر چند احتیاطی تدابیر اختیار کر لی جائیں تو نزلہ زکام مزید بگڑنے سے بچ جاتا ہے اور اس کی پیچیدگیوں سے بھی تحفظ حاصل ہو سکتا ہے۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں پہلے تو ان سے نمٹنے کا سامان گھر میں ضرور رکھیں،مثلاً ماہانہ خریداری کی فہرست میں ٹشو پیپر،ہاتھ دھونے کے جراثیم کش صابن اور ہاتھ دھونے والے مائع صابن (Hand Sanitizer) کی تعداد احتیاطاً بڑھا لیں۔

معالج کے مشورے سے خاص طور پر بچوں کے لئے بخار اور درد رفع کرنے والی ادویہ ،کھانسی کا شربت،مانع حساسیت سیرپ تھرما میٹر اور بھاپ لینے کا مخصوص آلہ (Humidifier) بھی گھر میں موجود ہونا چاہیے،تاکہ بہ وقت ضرور ت کام آسکے۔
موسم سرما میں نہ صرف اپنے،بلکہ بچوں کے ہاتھوں کی صفائی کا بھی خاص خیال رکھا جائے،کیونکہ تعدیہ(انفیکشن) چاہے متعدی ہو یا بیکٹیریا سے لاحق ہو،اس کا آغاز ہاتھوں ہی سے ہوتا ہے،لہٰذا کچھ بھی کھانے پینے یا بچوں کو کھلانے سے قبل اپنے ہاتھوں پر بیس سیکنڈ تک صابن لگائیں،پھر اچھی طرح دھو لیں۔
نیز بچوں کو بھی دن میں کئی بار خاص طور پر کھیل سے فارغ ہونے کے بعد،باہر سے گھر آکر اور رفع حاجت کے بعد اچھی طرح ہاتھ دھونے کی عادت ڈالیں۔علاوہ ازیں جن چیزوں پر بار بار ہاتھ لگتا ہو،اُن کی بھی اچھی طرح صفائی کی جائے،مثلاً دروازے کے لاک یا ہینڈل،ٹی وی،ایل سی ڈی یا کار ریموٹ کنٹرول وغیرہ۔نیز کپڑوں کی الماری،کتابوں کے شیلف اور پڑھنے کی میز پر مٹی جمنے نہ دیں اور ان تمام اشیاء کو کبھی کبھی کسی جراثیم کش محلول (Disinfectant) سے بھی صاف کیا کریں۔
نزلہ زکام چونکہ متعدی تعدیے سے ہوتا ہے تو اس سے جلد نجات کے لئے اچھی نیند سونا،آرام کرنا اور بہت زیادہ تھکن سے بچنا ازحد ضروری ہے۔
سردیوں کی قدرے طویل راتوں میں خود بھی طویل گہری نیند کے مزے لیں اور بچوں کو بھی جلد سونے کی ترغیب دیں۔اس طرح جسم کی قوت مدافعت بڑھتی ہے۔علاوہ ازیں سردیوں میں جسم میں پانی کی مقدار مناسب سطح پر رکھنا بھی لازم ہے،لہٰذا خود بھی زیادہ پانی پییں اور بچوں اور بزرگ افراد کو بھی پلائیں۔
نیز چکن سوپ لازماً پییں۔جسم میں درد کے ساتھ ناک سے پانی بہ رہا ہو تو ضدی حیوی ادویہ (اینٹی بائیو ٹکس) کے بجائے مانع الرجی (Antihistamine) اور درد و بخار کی عام مخصوص دوا کھائیں۔ممکن ہو تو گھر کے تمام افراد انفلوئنزا سے بچاؤ کی ویکسین کا ٹیکا لگوائیں،اس لئے کہ یہ نزلے زکام سے بھی محفوظ رکھتی ہے اور نمونیے سے بھی بچاتی ہے۔
علاوہ ازیں گھر کی کھڑکیاں ،دروازے بند رکھیں،تاکہ سرد ہوا اندر داخل نہ ہو سکے۔
درجہ حرارت کم ہونے کی صورت میں گرم کپڑے اور سوئیٹر ضرور پہنیں۔بچوں کو کپڑوں کی دو تہیں پہنائیں،بشمول گرم سوئیٹر اور ٹوپی۔اس کے علاوہ دھوپ میں یا کسی ایسی کھڑکی کے پاس بیٹھنے سے جہاں سے دھوپ آتی ہو،سردی کا احساس کم ہوتا ہے اور یہ عمل نزلہ زکام دور کرنے کے لئے مفید ہے۔دیکھا گیا ہے کہ زیادہ تر افراد بیمار ہونے کی صورت میں بالکل بھی آرام نہیں کرتے،نتیجتاً علامات شدت اختیار کر لیتی ہیں،لہٰذا جس حد تک ممکن ہو،آرام ضرور کیا جائے۔ نیز چائے،کافی ،شہد ملے قہوے یا پھر لیموں والی سبز چائے کا پینا سردی میں لطف بھی دیتا ہے اور نزلے زکام سے نجات کے لئے بھی فائدہ مند ہے۔

Browse More Healthart