Kapre Se Bina Mask Ziada Mufeed - Article No. 2154

Kapre Se Bina Mask Ziada Mufeed

کپڑے سے بنا ماسک زیادہ مفید - تحریر نمبر 2154

اگر آپ کووڈ۔19 سے بچنا اور اُس کے پھیلاؤ کو روکنا چاہتے ہیں تو آپ کو طبی (MEDICAL) ماسک پہننا پڑے گا یا پھر طبی ماسک اور کپڑے سے بنا ہوا ماسک دونوں پہننے پڑیں گے

جمعرات 20 مئی 2021

اگر آپ کووڈ۔19 سے بچنا اور اُس کے پھیلاؤ کو روکنا چاہتے ہیں تو آپ کو طبی (MEDICAL) ماسک پہننا پڑے گا یا پھر طبی ماسک اور کپڑے سے بنا ہوا ماسک دونوں پہننے پڑیں گے۔اگر صرف طبی ماسک پہننا ہے تو یہ خیال رہے کہ یہ چہرے پر بالکل فٹ (FIT) یعنی چپکا ہوا ہونا چاہیے،ورنہ وائرس منہ یا ناک سے جسم میں داخل ہو سکتا ہے۔یہ انکشاف ایک نئی امریکی تحقیق میں کیا گیا ہے۔
کورونا وائرس کی وبا کے دوران امریکہ میں ماسک پہننے کی ضرورت و افادیت پر بہت زیادہ گفتگو کی گئی ہے اور اسے بہترین حفاظتی ڈھال قرار دیا گیا ہے۔ امریکہ میں اب تک تقریباً 5 لاکھ افراد کو یہ وبا نگل چکی ہے اور اب پورے ملک میں 2 برس کی عمر سے زیادہ ہر فرد پر لازم ہے کہ وہ ماسک پہننے،خاص طور پر اجتماع میں۔
بیماری کی روک تھام اور بچاؤ کے امریکی اداروں نے طبی ماسک کے اوپر پہننے والے کپڑے کے ماسک کی فٹنگ کا معائنہ کیا اور اس کے علاوہ ماسک سے منسلک کانوں میں پہننے والی ڈوریوں (EAR LOOPS) کی جانچ پڑتال بھی کی اور انھیں اچھا قرار دیا۔

(جاری ہے)

ماسک پر کیے گئے تجربات ایک موٴثر اور فٹ ماسک کی اہمیت اور اس کی شاندار کارکردگی کو نمایاں کرتے ہیں۔تحقیق کاروں نے ایک ٹیسٹ میں چند رضاکاروں کو طبی ماسک پہنا کر معائنہ کیا۔اس ٹیسٹ میں نقلی کھانسی والے افراد کا بھی انتظام کیا گیا تھا۔اس معائنے سے معلوم ہوا کہ چہرے پر فٹ طبی ماسک نے نقلی کھانسی سے خارج ہونے والے 42 فیصد مہین قطروں کو منہ اور ناک میں جانے سے روک دیا،جب کہ کپڑے سے بنے ہوئے ماسک نے 44 فیصد قطروں کو آگے نہیں بڑھنے دیا،یعنی کپڑے کا ماسک نسبتاً زیادہ مفید ثابت ہوا۔
اس طرح ٹیسٹ میں شریک تمام رضاکار محفوظ رہے۔رضاکاروں کو جب یہ دونوں ماسک پہنائے گئے،یعنی طبی ماسک نیچے اور کپڑے کا ماسک اُس کے اوپر،تو ان دونوں ماسک نے کھانسی سے خارج ہونے والے 92 فیصد مہین قطروں کو روک لیا،یعنی دونوں ماسک تلے اوپر پہننے سے سب سے زیادہ فائدہ ہوا۔
کووڈ۔19 سے حفاظت کرنے والے فرد کو چاہیے کہ وہ یا تو صرف چہرے پر بالکل فٹ طبی ماسک پہنے یا پھر دونوں ماسک پہنے،یعنی طبی ماسک اور اُس کے اوپر کپڑے کا ماسک،اس طرح وہ کسی فرد کی اصلی کھانسی سے خارج ہونے والے مہین قطروں کے ذریعے منہ یا ناک سے داخل ہونے والے وائرس سے 63 سے 82 فیصد تک محفوظ رہ سکتا ہے،جب کہ یہ دونوں ماسک نہ پہننے والا فرد وائرس کے خطرے کی زد میں رہتا ہے۔
اس بات کا ثبوت مل چکا ہے کہ کسی بھی فرد کے کھانسنے یا بولنے میں اس کے منہ سے خارج ہونے والے مہین قطرے فضا میں موجود رہتے ہیں اور اس طرح وائرس کسی بھی فرد کے منہ یا ناک کے ذریعے اس کے جسم میں داخل ہو جاتا ہے۔ سائنس دانوں کے مطابق کورونا وائرس ٹھوس اشیاء کی سطحوں کی نسبت ہوا میں زیادہ موجود رہتا ہے،اسی لئے اس کے پھیلاؤ میں اضافہ ہو رہا ہے۔

Browse More Healthart