Kinu K Chilka K Powder Ka Faida - Article No. 770

Kinu K Chilka K Powder Ka Faida

کینو کے چھلکا کے پاوٴڈر کا فائدہ - تحریر نمبر 770

کینو کے چھلکے کا پاوٴڈر کر شماتی پاوٴڈر ہے کیونکہ اس کے استعمال سے جلد میں قدرتی چمک اور تازگی پیدا ہوتی ہے۔ کینو کے چھلکے کا پاوٴڈر گھر میں تیار کرکے محفوظ کرنا بہت آسان ہے جب کینو کا موسم آئے آپ اس کو بنا کر رکھ لیں اور سارا سال استعمال کر سکتے ہیں

ہفتہ 12 ستمبر 2015

کینو کے چھلکے کا پاوٴڈر کر شماتی پاوٴڈر ہے کیونکہ اس کے استعمال سے جلد میں قدرتی چمک اور تازگی پیدا ہوتی ہے۔ کینو کے چھلکے کا پاوٴڈر گھر میں تیار کرکے محفوظ کرنا بہت آسان ہے جب کینو کا موسم آئے آپ اس کو بنا کر رکھ لیں اور سارا سال استعمال کر سکتے ہیں کیونکہ یہ خشک پاوٴڈر ہوتا ہے تو اس کے خراب ہونے کا بھی خدشہ نہیں ہوتا۔کینو کے چھلکے کے بے شمار فائدے ہیں جن کو ہم نہیں جانتے۔

کینو کے چھلکے کا پاوٴڈر بنانا:
کینو کے چھلکے کا پاوٴڈر بنانا مشکل نہیں ہے۔ آپ جب بھی کینو کھائیں اس کے چھلکے محفوظ کر لیں اور اسے دو سے تین دن تک دھوپ میں رکھیں یہاں تک کہ خشک ہو کر سخت ہو جایئں۔ اب ان کو گرائنڈ کر لیں کہ پاوٴڈر بن جائے۔ اور اس پاوٴڈر کو کسی بوتل میں محفوظ کر لیں۔

(جاری ہے)


رنگ گورا کرنے کیلئے:
کینو کے چھلکے کے پاوٴڈر کو دہی میں مکس کرکے چہرے پر لگائیں اور ہلکے ہاتھوں سے سکرب کریں پھر پندرہ منٹ بعد دھو لیں۔

یہ جلد سے چکنائی کم کرکے رنگت نکھارتا ہے۔
کیا آپ کے چہرے پر چھائیاں یا کسی قسم کے نشانات ہیں؟ ان کے لئے کینو کا چھلکا فائدہ مند ہے کیونکہ اس میں قدرتی طور پر بلیچ کی خصوصیات پائی جاتی ہے۔
چکنی جلد کا علاج:
اگر آپ کی جلد چکنی ہے اور مسام کھلے ہیں یا چہرے پر داغ دھبے اور دانے ہیں ان سب مسائل سے نبرد آزما ہونے کیلئے کینو کے چھلکے کا پاوٴڈر بہت مفید ہے۔
پاوٴڈر کو انڈے کی سفیدی اور لیموں کا رس چند قطرے میں مکس کرکے پندرہ منٹ چہرے پر لگا رہنے دیں اور پھر دھو لیں۔ ہفتے میں ایک بار استعمال فائدہ مند ہے۔
دانے ختم کرنے کیلئے:
جب چہرے پر گندگی کی وجہ سے مسامات بند ہو جائیں تو دانے بن جاتے ہیں جو چہرے کی ساری خوبصورتی کو ماند کر دیتے ہیں۔ اِن دانوں کو ختم کرنے کیلیے کینو کے چھلکے کا پاوٴڈر بہت مفید ہے کیونکہ وہ جلد کی گہرائی تک صفائی کرتا ہے۔
کینو کے چھلکے کے پاوٴڈر میں پانی ملا کر پیسٹ بنا لیں اور اِسے پورے چہرے پر لیپ کر لیں پھر پندرہ منٹ بعد دھو لیں۔ اس سے نا صرف دانے ختم ہوں گے بلکہ چہرے سے چکنائی کو ختم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔
چہرے سے کیل ختم کرنا:
چہرے سے کیل ختم کرنے کا آسان اور سادہ طریقہ یہ ہے کہ چہرے پر کینو کی چھال سے بنا ماسک لگائیں۔ ایک سادہ ماسک بنانے کیلئے ایک حصہ دہی میں دو حصے کینو کے چھلکے کا پاوٴڈر ملا کر گاڑھی پیسٹ بنا لیں۔
اْنگلیوں کو گولائی میں حرکت دیتے ہوئے نرمی سے چہرے پر لگا لیں اور پندرہ منٹ بعد نیم گرم پانی سے دھو لیں۔ اس سے نا صرف قدرتی طور پر اور بغیر درد کے کیل نکل جائیں گے بلکہ چہرے کی اچھے طریقے سے صفائی بھی ہو جائے گی جو مسامات کو بند کرنے کا باعث بنتی ہے۔
چہرے کو ترو تازہ رکھنے کے لئے:
کینو کے چھلکے کا پاوٴڈر اور دودھ برابر مقدار میں مکس کرکے ہموار پیسٹ بنا لیں اور اِس فیس ماسک کو بیس منٹ کیلئے چہرے پر لگا لیں۔
نیم گرم پانی کی مدد سے ہلکے ہاتھوں سے اْتار دیں۔ اس کے استعمال سے آپ اپنی جلد کو تروتازہ محسوس کریں گے۔
دانتوں کو سفید کرنا:
کینو کے چھلکے کا پاوٴڈر دانتوں سے پیلے دھبے ختم کرکے اْن کو سفید کرنے کا آسان اور سستا ذریعہ ہے۔ آپ پاوٴڈر کی پیسٹ بنا کر یا پاوٴڈر کو دانتوں پر ملیں، روزانہ استعمال سے دانت سفید ہو جائیں گے۔

بڑھتی عمر کیلئے:
کینو کے چھلکے کا پاوٴڈر اور ہلدی میں پانی مکس کرکے استعمال کرنے سے بڑھتی عمر کے اثرات کم ہوتے ہیں۔ جلد کی صفائی ہوتی ہے اور یہ داغ دھبوں کو بھی ختم کرتا ہے۔
جسمانی سوزش
اگر جسم پر کوئی کیڑا کاٹ جائے یا کسی قسم کی سوزش ہو جائے تو زہریلا اثر ختم کرنے میں بھی کینو کا چھلکا بہترین ہے۔
جسمانی تھکاوٹ دور کرنا:
غسل کرتے ہوئے اگر پانی میں کینو کے چھلکے ڈال لئے جائیں تو ان کی خوشبو جسمانی تھکاؤٹ دور کرکے جلد کو تازگی اور فرحت کا احساس دیتی ہے۔

Browse More Healthart