Mehndi Kayi Tibbi Masail Ka Muasar Ilaj - Article No. 2869

Mehndi Kayi Tibbi Masail Ka Muasar Ilaj

مہندی کئی طبی مسائل کا موٴثر علاج - تحریر نمبر 2869

مہندی بالوں کی تزئین و آرائش اور جمال کے علاوہ صحت کے لئے مفید و معاون ہے

جمعرات 8 اگست 2024

حکیم حارث نسیم سوہدروی
مہندی بالوں کی تزئین و آرائش اور جمال کے علاوہ صحت کے لئے مفید و معاون ہے۔طبی تحقیقات کے مطابق اس میں جراثیم کش ہونے کی صلاحیت پائی جاتی ہے۔ڈائریکٹر، پروفیسر، ڈاکٹر حکیم عبدالحنان، کلینکل سائنس ڈویژن، ہمدرد لیبارٹریز (وقف) پاکستان کے مطابق ”پاکستان میں مہندی کا استعمال کاسمیٹکس میں تو کسی نہ کسی طرح ہو رہا ہے، لیکن اگر اس پر سنجیدگی سے تحقیق کی جائے، تو یہ بہت سی روزمرہ بیماریوں کا علاج ہے۔
جیسے جلنے کے مقام پر اسے لگایا جائے، تو نہ زخم ہوتا ہے، نہ نشان رہتا ہے۔بطور مصفیٰ خون جلدی امراض کے لئے بھی مفید ہے۔اس کے علاوہ جوڑوں کے درد، ہاتھوں اور پیروں کی جلن کو بھی یہ تسکین دیتی ہے۔علاج کے لئے اسے دواؤں میں شامل کیا جاتا ہے اور لگایا بھی جاتا ہے۔

(جاری ہے)

مختلف طریقوں سے مرہموں میں شامل بھی کرتے ہیں۔اس کے تیل بھی بنائے جاتے ہیں۔

یہ ایک اچھی اینٹی بیکٹیریل ہے۔“
مہندی کا پودا جھاڑی نما ہوتا ہے۔اس کی شاخیں سخت اور پتلی ہوتی ہیں۔جب پتے پھوٹتے ہیں، تو وہ پہلے ہرے اور بعد میں سرخ ہو جاتے ہیں۔اسی طرح سفید پھول بعد میں سیاہ پھل جیسے بن جاتے ہیں۔صوبہ سندھ میں ضلع دادو کے علاقے میہڑ میں پائی جانے والی مہندی کا شمار دنیا کی بہترین مہندیوں میں کیا جاتا ہے، جہاں یہ بڑے پیمانے پر کاشت ہوتی ہے۔
بھارت، ویت نام، لاؤس اور کمبوڈیا میں اس کی نرم کونپلوں اور پھلوں سے ایک دوا تیار کی جاتی ہے، جو جذام کے مرض کے علاج کے لئے مفید ہے۔جب کہ ملائیشیا میں اس کے پولٹس سے پھوڑوں اور زخموں کا علاج کیا جاتا ہے۔
نباتات کے نام ور محقق ڈاکٹر لاسونی نے 1709ء میں مہندی کا موٴثر جزو الگ کیا، جو ان کے نام پر لاسون کہلاتا ہے۔یوں مہندی پر ہونے والی جدید تحقیق نے قدیم نظریات کی تصدیق کی ہے۔
مہندی بالوں کو رنگتی ہے۔مہندی لگانے سے بال توانا اور چمکدار ہو جاتے ہیں۔تاہم، اچھی مہندی وہی ہوتی ہے، جس میں لاسون کا جزو ہوتا ہے۔آج کل مہندی کے سفوف مختلف ناموں سے دستیاب ہیں۔چونکہ ان میں تیز رنگ لانے کے لئے اسٹرک ایسڈ یعنی لیموں کا تیزاب شامل کیا جاتا ہے، تو انھیں بطور دوا استعمال نہیں کرنا چاہیے، البتہ دوا کے طور پر تازہ یا خشک پتے استعمال کر سکتے ہیں۔
جیسے بے خوابی کے شکار افراد کو مہندی کے تازہ پھول تکیے میں رکھنے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔مہندی بخار کی شدت کم کرنے میں فائدہ مند قرار دی جاتی ہے۔خیال رہے، جب کسی بھی تکلیف کی وجہ سے بخار کی شدت بڑھ جائے تو یہ علامت میٹابولک عمل کے لئے خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔اس صورتِ حال میں جسم کے مجموعی درجہ حرارت کو نیچے لانا ضروری ہوتا ہے۔اس ضمن میں مہندی کا استعمال فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔

Browse More Healthart