Mosam E Sarma Se Bachao K Tariqe - Article No. 2071

Mosam E Sarma Se Bachao K Tariqe

موسم سرما سے بچاؤ کے طریقے - تحریر نمبر 2071

اگر سردی سے بچاؤ کا اہتمام نہ کیا جائے تو یہ مضر صحت ہو سکتی ہے

منگل 2 فروری 2021

حکیم راحت نسیم سوہدروی
موسم سرما کا آغاز نومبر میں ہوتا ہے اور فروری تک رہتا ہے۔ان مہینوں میں عموماً سردی زیادہ پڑتی ہے۔اگر سردی سے بچاؤ کا اہتمام نہ کیا جائے تو یہ مضر صحت ہو سکتی ہے۔موسم سرما صحت کے حوالے سے جسم کے لئے مفید ہے۔بیمار افراد کو اس موسم میں علاج کرانا چاہیے،کیونکہ جلد صحت یابی کی توقع ہوتی ہے۔
سردی اور امراض سے بچاؤ کے لئے ضروری ہے کہ درج ذیل تدابیر پر عمل کیا جائے:
غسل
گرمی کے موسم میں دن میں کئی بار نہایا جاتا ہے،لیکن سردی کے باعث لوگ روزانہ غسل کرنے سے اجتناب کرتے ہیں۔وہ لوگ جن کی صحت موسمی شدت کی متحمل نہیں ہو سکتی،وہ ہفتوں نہیں نہاتے۔سردی کی شدت سے نمونیا ہونے کا ڈر بجا ہے،مگر زیادہ دنوں تک نہ نہانا بھی مضر صحت ہے۔

(جاری ہے)

دن میں ایک بار غسل آفتابی ضرور کریں۔اگر وقت نہ ہو یا کوئی امر مانع ہو تو پھر دن میں ایک بار نیم گرم پانی سے غسل کر لینا چاہیے۔اگر جسمانی کمزوری ہے یا پھر عمر کے سبب جسم میں طاقت نہیں ہے تو ہفتے میں کم از کم ایک بار ضرور نہانا چاہیے۔غسل کرنے سے دوران خون کی رفتار تیز ہو جاتی ہے اور جسم میں فرحت وچستی پیدا ہو کر صلاحیت عمل بڑھ جاتی ہے۔
اگر غسل نہ کیا جائے تو جسم کے مسامات بند رہتے ہیں،اس طرح نہ صرف جلدی عوارض سر اٹھاتے ہیں،بلکہ جسم کی طبعی نشوونما بھی متاثر ہوتی ہے۔
لباس
موسم سرما کے آغاز کے ساتھ ہی گرم کپڑوں کا استعمال شروع کر دینا چاہیے۔چھوٹے اور شیرخوار بچے چونکہ جسمانی اور طبعی طور پر نازک ہوتے ہیں،اس لئے سرد ہوا کا ایک جھونکا بھی انھیں عارضے میں مبتلا کر سکتا ہے،اس لئے ان کی حفاظت زیادہ کریں۔
ہر شخص اپنی صحت و حالات کے مطابق گرم کپڑوں کا استعمال کرے اور گردن،سینے اور پاؤں کو سردی سے بچانے کے لئے خصوصی اہتمام کرے۔علی الصباح بیدار ہو کر نماز فجر کے بعد ڈھیلے ڈھالے کپڑوں میں ہلکی پھلکی ورزش کو معمول بنائیں۔
غذا
سردی کا موسم چونکہ گرمی کے بعد آتا ہے اور گرمیوں میں بھوک کم لگتی ہے،لہٰذا جسم سے فضلات بہ ذریعہ پسینا آسانی سے خارج ہو جاتے ہیں۔
اس طرح جسم میں حرارت و توانائی برقرار رہتی ہے،مگر موسم سرما میں ہوا کے سرد ہو جانے سے جسم کے مسامات بند ہو جاتے ہیں،اس لئے پسینا نہیں آتا اور حرارت و توانائی کا نظام بھی صحیح نہیں رہتا۔یہی وجہ ہے کہ جسم کی حرارت کو برقرار رکھنے کے لئے زیادہ مقوی غذائیں کھانے کی ضرورت ہوتی ہے،اس لئے کھانے پینے کے شوقین افراد کو روغنی اور گرم غذائیں اعتدال سے کھانی چاہییں۔
خشک میووں میں بادام،چلغوزہ،مونگ پھلی اور کشمش وغیرہ کھانے سے جسم کو حرارت ملتی ہے۔چونکہ اس موسم میں اشتہار بڑھ جاتی ہے،اس لئے ثقیل غذائیں بھی جلد ہضم ہو جاتی ہیں۔یہ موسم خوش خوراکی و خوش لباسی کے لحاظ سے بہت مناسب ہے،اس لئے ہر قسم کی صحت بخش غذا کھائی جا سکتی ہے ،تاکہ نشوونما کا یہ مہینہ امراض کی آماج گاہ نہ بن جائے۔ناشتے میں حسب استطاعت دودھ ،انڈا،دلیا اور ڈبل روٹی مفید و مناسب ہوتی ہے۔
دوپہر اور شام کے کھانے میں گوشت،مچھلی،سبزیاں اور پھل وغیرہ کھانے چاہییں۔گرم مصالحے بھی اعتدال میں استعمال کر سکتے ہیں ۔اگر ممکن و مناسب ہو تو دوپہر کو پھل زیادہ اور کھانا کم کھائیں،جب کہ رات کا کھانا جلد اور پیٹ بھر کر کھائیں،لیکن روغنی اور ثقیل غذائیں کھانے سے اجتناب کریں۔گاجر سے اطبا نے سستا سیب قرار دیا ہے،اس موسم کی نہایت مفید غذا ہے۔
گاجروں کا حلوا بھی بنا کر اس موسم میں کھایا جاتا ہے،جو جسم کو حرارت اور توانائی بخشتا ہے۔جسم کے درجہ حرارت کو قائم رکھنے کے لئے مقوی غذاؤں کا مناسب مقدار میں کھانا ضروری ہے۔
احتیاطی تدابیر
صبح و شام سردی کے اوقات میں بلاضرورت گھر سے باہر نہ نکلیں۔رات چونکہ بہت سرد ہوتی ہے،اس لئے کھلے میدان یا بالکل بند کمرے میں نہ سوئیں،بلکہ کمرے میں کھڑکی یا روشن دان ہمیشہ کھلا رکھیں۔
اپنے پیروں کو ہمیشہ گرم رکھیں،کیونکہ پاؤں کی طبعی حالت جسم پر بہت اثر انداز ہوتی ہے۔اگر آپ کمزور ہیں اور موسمی شدت کا مقابلہ نہیں کر سکتے تو دھوپ میں بیٹھ کر جسم پر تِل کے تیل کی مالش کریں۔اگر صحت مند ہیں تو نماز فجر کے بعد ضروریات سے فارغ ہو کر سیر ضرور کریں۔اگر یہ نہ کر سکتے ہوں تو صحت کے مطابق کھلی جگہ پر ہلکی پھلکی ورزش کریں۔

موسم سرما میں جلد زیادہ متاثر ہوتی ہے،خصوصاً جن دنوں میں سردی زیادہ پڑتی ہے،کیونکہ دیگر اعضا کپڑوں،جوتوں اور جرابوں میں پوشیدہ ہوتے ہیں،اس لئے چہرے کی جلد خشک ہو کر پھٹ جاتی ہے۔ایسے افراد کے لئے گلیسرین لگانا مفید ہے۔بعض لوگوں کی جلد پر خراش پڑ جاتی ہے،انھیں گلیسرین اور عرق گلاب ملا کر استعمال کرنا چاہیے۔
نزلے زکام اور کھانسی موسم سرما کے خاص امراض ہیں،ان سے بچنے کے لئے ذیل کا نسخہ مفید ہے:
گل بنفشہ 5 گرام،گل گاؤ زبان 5 گرام،تخم خطمی 5 گرام،عناب 5 گرام،سپستاں 9 دانے اور اصل السوس نیم کوفتہ 5 گرام پانی میں جوش دے کر چھان کر ضرورت کے مطابق چینی ملا کر صبح و شام پییں،فائدہ ہو گا۔

Browse More Healthart