Mukamal Hydration Ka Matlab Hai Mukamal Sehat - Article No. 1979

Mukamal Hydration Ka Matlab Hai Mukamal Sehat

مکمل ہائیڈریشن کا مطلب ہے مکمل صحت - تحریر نمبر 1979

واٹر تھراپی ایک سستا اور موثر طریقہ علاج ہے جس کے ذریعہ انتہائی پیچیدہ و پرانی بیماریوں کا علاج بے حد آسان ہو جاتا ہے

بدھ 14 اکتوبر 2020

عارفہ خاتون
آبی علاج یعنی واٹر تھراپی‘اچھی صحت برقرار رکھنے کا ایک آسان اور سستا طریقہ ہے ۔آپ ایک دن میں کتنے گلاس پانی پیتی ہیں؟اگر آپ صرف تین یا چار گلاس پانی پیتی ہیں تو یہ کافی نہیں ہے ۔آپ کو اس سے زیادہ پانی پینا چاہئے ۔اگر آپ روزانہ دو لیٹر پانی پئیں تو آپ کی صحت کو وہ مکمل اچھی صحت حاصل ہو جائے گی جس کی آپ کو ضرورت ہے اور آپ کی زندگی میں زبردست تبدیلیاں رونما ہو جائیں گی ۔

انسانی صحت کا دارومدار بیشتر نظام ہضم پر ہوتا ہے ۔ایک ماہر ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ”سال کے تین سو پینسٹھ دنوں میں ضرورت سے زیادہ کھاتے رہنے سے بہت سی بیماریاں پیدا ہوتی ہیں۔ہم جب کھاتے اور پیتے ہیں تو ہم کھانوں میں شامل بہت سارے پریز ر ویٹوز‘کلرنگز اور ایڈیٹوز کے ذریعے بہت سی زہریلی اشیاء کو اپنے جسم میں داخل ہونے کا موقع دیتے ہیں۔

(جاری ہے)

جسم کو ان کے اخراج کے لئے بہت زیادہ کام کرنا پڑتا ہے اور جگر‘گردوں اور صفائی کے پورے نظم پر بہت زیادہ زور پڑتا ہے۔
پانی صفائی کے اس عمل کا اسی طرح ایک لازمی حصہ ہے جس طرح پہلے کپڑے دھونے کے لئے پانی ضروری ہوتا ہے۔آپ کو صفائی کے عمل کو کامیاب بنانے کے لئے پانی کی مناسب مقدار کی ضرورت ہوتی ہے۔اگر کافی پانی موجود نہیں ہے تو میل کچیل کپڑوں میں بھرا رہ جائے گا۔
اسی طرح اگر آپ کے جسم کو پانی کی مناسب مقدار حاصل نہیں ہوتی جس کے ذریعے ان ساری چیزوں کی صفائی کا بندوسبت کیا جا سکے جو الٹی سیدھی چیزیں کھانے کے باعث آپ کے جسم کے اندر جمع ہو گئی ہیں تو پھر آپ کا جسم صحیح کام نہیں کرے گا اور بہت ساری زہریلی چیزیں آپ کے جسم کے اندر موجود رہیں گی۔
چنانچہ آپ درد سر‘چکر اور تھکاوٹ وغیرہ کا شکار ہو جاتی ہیں اور آپ کو ایسی بیماری لاحق ہو جاتی ہیں جسے ہائی بلڈ پریشر‘جوڑوں کا درد‘پشت میں درد‘پیشاب میں انفیکشن‘جلد پرجھریوں کا پڑنا‘قوت مزاحمت میں کمی‘ہاضمے کی خرابی‘دباؤ‘قبض‘ موٹاپا‘ذیابیطس‘ایرونکیل استھما‘ہائپر ایسیڈیٹی‘گیسٹرائٹس‘پیچش‘ماہانہ ایام میں بے ضابطگی‘وزن میں اضافہ‘سوچنے کے عمل میں کمی وغیرہ۔

ہمارے جسموں کا پچھتر فیصدی حصہ پانی پر مشتمل ہوتا ہے اگر اس میں محض دو فیصدی کی بھی کمی ہو جائے تو ہم ڈی ہائیڈریٹڈ ہو جاتے ہیں۔ یعنی ہمارے جسم میں پانی کی کمی ہو جاتی ہے ڈی ہائیڈریشن کا عمل جیسے ہی شروع ہوتا ہے ویسے ہی ہمارے جسم کے وظائف میں سست رفتاری واقع ہونے لگتی ہے۔اس لئے یہ ضروری ہے کہ ہم روزانہ کم سے کم دو لیٹر پانی پئیں۔
جب آپ ایسا کرتے ہیں تو آپ کے جسم کو مطلوبہ آرام مل جاتا ہے اور وہ تمام فاضل مادوں کو آسانی سے خارج کر سکتا ہے۔
صرف پانی پینے کے ذریعے ہی ہم اپنے آپ کو بہت سارے پرانے امراض سے نجات دلا سکتے ہیں جن کا اوپر تذکرہ کیا گیا۔یہ آبی علاج یعنی واٹر تھراپی کہلاتا ہے اور یہ آسان‘سادہ اور سستا ہے۔سادہ اور صاف پانی پینے سے پیٹ کو صفائی میں مدد ملتی ہیں جس سے ان جرثوموں کے خلاف جدوجہد کرنے میں مدد ملتی ہے جو بیماریوں کا سبب بنتے ہیں۔
سب سے بہتر پانی وہ ہے جس کا درجہ حرارت کمرے کے درجہ حرارت کے برابر ہو اور اگر اس بات میں شبہ ہو کہ یہ خالص نہیں ہے تو بہتر ہو گا کہ اس کو ابال لیا جائے اور ٹھنڈا کر لیا جائے۔
روزانہ علی الصبح دن کے کسی بھی کام کا آغاز کرنے سے پہلے پانچ گلاس پانی ایک ساتھ پی لینا چاہئے۔اس کے بعد پینتالیس منٹ سے لے کر ایک گھنٹے تک کا وقفہ دینا چاہئے جس کے دوران آپ نہ تو کوئی اور مشروب پئیں اور نہ کچھ کھائیں۔
کوئی بھی قوت بخش مشروب جیسے کافی‘چائے‘الکحل یا فروٹ جوس وغیرہ نہیں پینے چاہئیں۔
پہلے ہفتے میں واٹر تھراپی دن میں تین بار کی جانی چاہئے۔لیکن اس عرصے کے گزر جانے کے بعد آپ اس کو گھٹا کر دن میں ایک دفعہ کر سکتی ہیں۔جب آپ یہ علاج کر رہی ہوں تو اس دوران ہر کھانے کے دو گھنٹے کے بعد پانی پینا چاہئے اور اس سے پہلے نہیں ۔علاج کے ابتدائی چند دنوں کے دوران آپ کو پانی پینے کے بعد ہر گھنٹے میں تین یا چار مرتبہ باتھ روم جانا ہو گا۔
لیکن کچھ ہی عرصے کے بعد سب کچھ نارمل ہو جائے گا اور آپ کو بیماری کی علامت سے نجات ملتی محسوس ہو گی ایک لڑکا‘جس نے اس طریقہ علاج پر عمل کیا کہتا ہے ”پانی پینے کے بعد ایک گھنٹے میں تین بار پیشاب کرنے گیا۔اس کے بعد مجھے ناشتہ بہت اچھا لگا۔اگلے دن مجھے اپنا پیٹ بہت ہلکا محسوس ہوا۔تین ماہ میں میرے وزن میں اضافہ ہوگیا۔جب سے میں نے واٹر تھراپی شروع کی ہے تب سے میں بیمار نہیں پڑا اور نہ ہی مجھے نزلہ زکام ہوا۔

بہت سا پانی پینے کی بہت سی معقول وجوہات موجود ہیں۔آپ زیادہ پینے سے پریشان نہ ہوں۔آپ کو بار بار باتھ روم جانا ہو گا لیکن اس سے گھبرا کر آپ تھراپی کو چھوڑ نہ دیجئے۔آپ کا جسم بس دو تین دن میں اس فالتو پانی کا عادی ہو جائے گا۔طریق علاج آپ کی صحت کو معجزاتی فائدے پہنچا سکتا ہے۔اور سب سے بڑی بات یہ ہے کہ سب کچھ بالکل مفت ہے۔

Browse More Healthart