Naaqis Ghiza Aur Junk Food - Article No. 2602

Naaqis Ghiza Aur Junk Food

ناقص غذا اور جنک فوڈ - تحریر نمبر 2602

اس سے خون کی نالیاں متاثر ہو سکتی ہیں

ہفتہ 17 دسمبر 2022

ڈاکٹر جمیلہ آصف
صحت مند،لمبی اور بھرپور زندگی کا براہ راست تعلق غذا سے ہے،کم اور قدرتی غذاؤں کا استعمال صحت کے لئے نہایت مفید ہے جبکہ جنک فوڈ،مرغن غذائیں صحت خراب کرنے کے ساتھ زندگی میں بھی کمی کا سبب بنتی ہیں۔طبی ماہرین کے مطابق وزن جتنا کم اور کمر جتنی پتلی ہو گی اتنی ہی طویل زندگی جینے کے مواقع بڑھ جاتے ہیں،قدرتی،مثبت اور متوازن غذا لینے کے بے شمار فوائد ہیں جبکہ پروسیسڈ یا جنک فوڈ انسانی صحت کے لئے نہایت مضر ہے جس کے نتیجے میں تیزی سے وزن بڑھنا،قوت مدافعت کمزور ہونا،معدہ اور جگر کی کارکردگی متاثر جبکہ دل اور خون کے عارضے بھی لاحق ہو جاتے ہیں۔
صحت مندانہ غذا لینے سے ناصرف آپ صحت مند بلکہ آپ کی خوبصورتی برقرار رہتی ہے،فاسٹ فوڈ کھانے کے نتیجے میں موٹاپا،نظر کمزور،جلد اور بال خراب اور چہرے پر جھریاں جلدی آ جاتی ہیں۔

(جاری ہے)


طبی ماہرین اور ماہرین غذائیت ڈائیٹنگ کے حق میں بھی نہیں ہیں،ڈائیٹنگ کے سبب انسان ایک ہی طرح کی غذا سے بہت جلد اُکتا جاتا ہے اور ڈائیٹنگ پیریڈ ختم ہوتے ہی پہلے سے زیادہ مرغن غذاؤں کا استعمال شروع کر دیتا ہے،دوسری جانب مکمل غذائیت نہ ملنے سے کمزوری،چہرے پر روکھا پن،بال اور جلد بے جان ہو جاتے ہیں،تجویز کیا جاتا ہے کہ سب کھائیں مگر اعتدال میں رہ کر اور فاسٹ فوڈ سے مکمل کنارہ اختیار کر لیں۔


گھر میں صرف صحت مند غذائیں لائیں
مارکیٹ میں شاپنگ کے دوران طرح طرح کی غذائیں دیکھ کر خرید لی جاتی ہیں،گھر میں موجود اُن غذاؤں کو وقت بے وقت کھایا بھی جاتا ہے،شاپنگ کرتے وقت صحت مند اور قدرتی غذاؤں کی فہرست بنا کر جائیں اور بس وہی خرید کر لائیں،گھر میں مثبت،قدرتی غذائیں جمع رکھیں اور وقت بے وقت کی بھوک میں اس کا استعمال کریں۔

ناشتے میں پروٹین کا استعمال لازمی کریں
اپنی غذا میں بڑا حصہ پروٹین کا رکھیں،ناشتے میں پروٹین لازمی استعمال کریں،پروٹین حاصل کرنے کے لئے سفید گوشت (وائٹ میٹ) یعنی مچھلی،مرغی کا استعمال کریں،انڈا،دالیں،ہرے پتے والی سبزیاں،پنیر کا استعمال بھی اپنی غذا میں رکھیں۔ناشتے میں پروٹین کے استعمال سے وزن میں کمی اور میٹابولزم تیز ہوتا ہے۔

کھانے پینے کی منصوبہ بندی کریں
اس بات کو یقینی بنائیں کے آپ کی غذا میں دالیں،سبزیاں،پھل اور گوشت سب کچھ شامل ہے،غذا کی منصوبہ بندی کے ساتھ چلنے سے انسانی جسم کو مطلوب وٹامنز اور منرلز کی کمی نہیں ہوتی جس کے سبب ہارمونز بھی متوازن رہتے ہیں اور متعدد بیماریوں سے بچت بھی ہو جاتی ہے،سب کھائیں مگر اعتدال میں رہ کر۔

جوس کے بجائے پھل کھائیں
کوشش کریں کے فریش جوس کے بجائے پورا پھل گودے سمیت کھائیں،بہت سارے پھل فائبر سے بھرپور ہوتے ہیں جس کے سبب معدے اور آنتوں کی صفائی بھی ہو جاتی ہے،ڈبے اور آرٹیفشل فلیور جوسز سے اجتناب کریں۔
خشک میوہ جات کا استعمال لازمی کریں
ڈرائی فروٹس کو غذائیت کا پاور ہاؤس بھی کہا جاتا ہے،انہیں سپر فوڈز میں بھی شمار کیا جاتا ہے،ان میں پروٹین،وٹامنز،منرلز اور قدرتی تیل کی موجودگی صحت کے لئے نہایت موزوں ہے،روزانہ ہلکی پھلکی بھوک کے وقت خشک میوہ جات کا استعمال کرنا چاہیے۔

معدے اور آنتوں کا خاص خیال رکھیں
انسانی جسم میں اور معدے اور آنتوں کا بڑا اہم کردار ہے،نظام ہاضمہ درست بنانے کے لئے اپنی غذا میں پروبائیوٹک کا استعمال لازمی کریں جیسے کے دلیہ،دہی وغیرہ۔
پانی کو نظر انداز نہ کریں
پانی انسانی جسم میں فیول کا کام کرتا ہے،پانی کی کمی کے سبب کئی بیماریاں جنم لے سکتی ہیں،خود کو ڈی ہائیڈریٹڈ رکھیں،پانی کے صحیح استعمال سے معدے اور آنتوں کی صفائی سمیت جسم سے مضر صحت مادوں کا بھی صفایا ہو جاتا ہے۔

Browse More Healthart