Neem Say Shifa Yabi - Article No. 1392

Neem Say Shifa Yabi

نیم سے شفا یابی - تحریر نمبر 1392

نیم میں بہترین قسم کی جراثیم کش خاصیت پائی جاتی ہے ۔نیم کے پتوں کے رس میں ایلوویرا کے پتوں کا گودا ملا کر چہرے پر لیپ کریں ۔بیس منٹ بعد سادے پانی سے دھو لیں ۔

جمعہ 19 اکتوبر 2018

سویرا فلک
نیم کا درخت جا بجا نظر آتا ہے ۔یہ سدا بہار اور چھتنار درخت ہے ،جس کے پّتے بہت کڑوے ہوتے ہیں ۔یہ تقریباً پوری دنیا میں پایا جاتا ہے ۔نیم کی چھال ،بیج ،لکڑی اور پتے بہت مفید ہوتے ہیں ۔نیم کا تیل بھی بہت فائدہ مندہے ۔ذیل میں آپ کو نیم کے استعمال کے مختلف طریقے بتا ئے جارہے ہیں ،تا کہ آپ بھی ان سے فائدہ اٹھا سکیں ۔


کیل مہاسوں اور جِلدی امراض کے لیے
نیم میں بہترین قسم کی جراثیم کش خاصیت پائی جاتی ہے ۔نیم کے پتوں کے رس میں ایلوویرا کے پتوں کا گودا ملا کر چہرے پر لیپ کریں ۔بیس منٹ بعد سادے پانی سے دھو لیں ۔ہفتے میں تین بار چہرے پر یہ لیپ کرنے سے کیل مہاسے اور دانے ختم ہو جاتے ہیں ۔نیم کی کونپلیں اور نیم کو لیاں اچھی طرح دھولیں ۔

(جاری ہے)

پھر انھیں پیس کر مصری کے سفوف میں ملا لیں ۔

اسے روزانہ آدھا چمچہ کھانے سے خون صاف ہو جاتا ہے اور جِلدی امراض بھی دور ہو جاتے ہیں ۔نیم کے پتوں کو اُبال کر ٹھنڈا کر لیں اور اس پانی سے نہائیں تو جِلدی امراض جیسے خارش ،خشکی اور دانوں وغیرہ سے نجات مل جاتی ہے ۔نیم کے خشک پتوں کے سفوف میں تھوڑا سا صاف پانی ملا کر لگدی بنالیں ۔اسے دانوں پر لگانے سے دانے کافی حد تک کم ہو جاتے ہیں ۔
جُوؤں اور خشکی کے لیے
مائیں بچوں کے بالوں میں جوئیں پڑجانے سے بہت پریشان ہوجاتی ہیں۔
ایسی صورتِ حال میں انھیں چاہیے کہ وہ نیم کے پتوں کو پیس کر اس میں نیم گرم پانی ملا کر گاڑھالیپ بنالیں ۔پھر سر کی جڑوں میں اچھی طرح لگائیں ۔آدھے گھنٹے بعد سردھولیں ،جُوؤں سے نجات مل جائے گی ۔اس عمل کو ہفتے میں دوبارہ باقاعدگی سے کریں ۔اس کے علاوہ سر کی خشکی ختم کرنے کے لیے ناریل کے تیل میں نیم کے چند پتے ڈال کر جلا لیں ۔پھر ٹھنڈا کرکے چھان لیں اور شیشے کی بوتل میں محفوظ کرلیں ۔
ہفتے میں دوباراس تیل سے مالش کریں ،سر کی خشکی ختم ہو جائے گی اور بال بھی مضبوط ہو جائیں گے۔
مسوڑوں اور دانتوں کے لیے
دانتوں اور مسوڑوں کی صفائی اور مضبوطی کے لیے نیم کی چھال اور مسواک کا باقاعدگی سے استعمال کریں ۔اس طرح دانتوں اور منھ کی تکالیف سے مکمل نجات مل جائے گی ۔دانت اور مسوڑے صحت مند اور مضبوط ہو جائیں گے ۔
کیڑوں اور جراثیم کا خاتمہ
نیم کے پتے جراثیم کُش ہوتے ہیں،اس لیے یہ کیڑے مکوڑوں کا خاتمہ کرکے اشیا کو جراثیم سے پاک کردیتے ہیں ۔
عام طور پر سردیوں میں ٹھنڈے اور گرمیوں میں گرم ملبوسات سوٹ کیسوں اور ٹرنکوں میں رکھ دیے جاتے ہیں ۔اگر ان سوٹ کیسوں اور ٹرنگوں میں خاکی رنگ کا کاغذ بچھا کر ان کے نیچے نیم کے خشک پتے رکھ دیں اور اوپر ملبوسات جمادیں تو وہ کیڑا لگنے سے محفوظ رہیں گے۔اسی طرح نیم کے پتوں کو اُبال کر اس پانی سے پورے گھر میں اسپرے کیا جائے یا پونچھا لگا یا جائے اور باور چی خانہ دھو یا جاے تو کیڑے مکوڑوں اور جراثیم کا خاتمہ ہو جاتا ہے ۔
نیم کی کونپلوں ،نیم کولیوں اور پتوں کا حصول آسان ہے،اس لیے ان سے بھر پور فائدہ اٹھائیں ۔

Browse More Healthart