Papita Khaiye Burhapa Bhagaiye - Article No. 2402

Papita Khaiye Burhapa Bhagaiye

پپیتا کھائیے،بڑھاپا بھگائیے - تحریر نمبر 2402

پپیتا اپنے وٹامن اور قیمتی معدنیات کی بدولت بڑھاپے کے اثرات دور کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے

منگل 29 مارچ 2022

زینب مغل
پھلوں میں طرح طرح کے خواص پائے جاتے ہیں اور دنیا کے بہترین غذائی ماہرین پپیتے کو عمر رسیدگی روکنے کے لئے ایک بہترین پھل قرار دیتے ہیں۔اگرچہ اسے نظر انداز کیا جاتا رہا ہے لیکن پپیتا اپنے وٹامن اور قیمتی معدنیات کی بدولت بڑھاپے کے اثرات دور کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔اسی بنا پر ماہرِ غذائیات ڈاکٹر ٹریسٹا بیسٹ نے اسے سپر فوڈ بھی قرار دیا ہے۔

پپیتے کے پھل پر ہماری توجہ بہت ہی کم ہے جو اپنے زبردست خواص سے اندرونی اور بیرونی طور پر بڑھاپا دور رکھتا ہے۔یہ انسانی جسم میں خلیاتی سطح تک بدن کو تادیر جوان رکھتا ہے،ڈاکٹر ٹریسٹا نے بتایا۔پپیتا اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور ہے اور اس میں موجود متنوع وٹامن بدن میں آکسیڈیٹیو اسٹریس کم کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

بصورت دیگر یہ کیفیت بدن کی اینٹوں یعنی خلیات کو نقصان پہنچاتی ہے اور ہم دھیرے دھیرے بڑھاپے کی جانب راغب ہوتے ہیں۔

اس سے اندرونی جلن (انفلیمیشن) بڑھتی ہے۔جلد ڈھیلی پڑنے لگتی ہے اور چہرے پر جھریاں نمودار ہونے لگتی ہیں۔
اب پپیتے کے اینزائم کی بات کی جائے تو اس میں وٹامن اے،سی اور ای کے علاوہ پیپین نامی اینزائم بھرپور پایا جاتا ہے اور یوں بڑھاپے کو دور بھگاتا ہے۔دوسری جانب اس پھل میں لائپوسین کی بھرپور مقدار موجود ہوتی ہے۔ایک جانب تو یہ کئی اقسام کے کینسر کو روکتی ہے تو دوسری جانب کینسر کے علاج میں ریڈیو اور کیموتھراپی کے مضر اثرات کو بھی کم کرتی ہے۔
لائپوسین کا ایک فائدہ یہ ہے کہ امراضِ قلب سے بچاؤ میں بھرپور مدد ملتی ہے۔ تمام فوائد بیان کرتے ہوئے ماہرین کا اصرار ہے کہ اپنی غذا میں پپیتے کو ضرور شامل کریں اور اگر ممکن ہو تو اسے اسمودی بنا کر بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔

Browse More Healthart