Parhez Bemari Kar Sakta Hai - Article No. 1343

Parhez Bemari Kar Sakta Hai

پرھیز بیماری کر سکتا ہے - تحریر نمبر 1343

آجکل اکثر سکول کالج یا یونیورسٹی جانیوالی بچیاں دُبلا پتلا رہنے کی خواہش میں صبح کا ناشتہ کئے بغیر گھر سے چلی جاتی ہیں ۔وہ بھول جاتی ہیں کہ ناشتہ نہ کرنے کی عادت اُنھیں کن بیماریوں میں مبتلا کرسکتی ہے ۔

منگل 7 اگست 2018

زارا عبد الرحمن
آجکل اکثر سکول کالج یا یونیورسٹی جانیوالی بچیاں دُبلا پتلا رہنے کی خواہش میں صبح کا ناشتہ کئے بغیر گھر سے چلی جاتی ہیں ۔وہ بھول جاتی ہیں کہ ناشتہ نہ کرنے کی عادت اُنھیں کن بیماریوں میں مبتلا کرسکتی ہے ۔ بر طا نیہ کی حالیہ ایک نئی تحقیق سے وابستہ سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ بچپن میں صبح کا ناشتہ ترک کرنے کی عادت نوجوانی میں ذیابیطس کے خطرے سے دوچار کر سکتی ہے ۔

برطانوی طبی ماہرین کی ٹیم نے پتا لگا یا ہے کہ ایسے بچے جو ہر روز صبح کا ناشتہ چھوڑ تے ہیں ان میں بالغ ہونے پر ذیا بیطس کی ایک قسم ٹائپ 2میں مبتلا ہونے کے خطرے کا امکان بڑھ جاتا ہے ۔آکسفورڈ ،کیمبرج ،گلاسگو اور سینٹ جارج لندن یونیورسٹیوں سے تعلق رکھنے والے سائنسدانوں کے اس مطا لعے سے پتا چلا ہے کہ جو بچے ناشتہ کھانے کی عادت نہیں رکھتے تھے ،ان میں انسولین سے مزاحمت پیدا ہونے کا امکان زیادہ دیکھا گیا ،جو اس بیماری کی ایک اہم وجہ ہے ۔

(جاری ہے)

تحقیق دانوں نے ایک تجربے کے دوران 9اور 10برس کی عمر وں کے 4,000
بر طانوی بچوں کی نگرانی اور ان کے ناشتہ کرنے کی عادت کا جائزہ لیا اور دیکھا کہ وہ ناشتے میں کیا کھاتے تھے ۔ایسے بچے جو ہر روز ناشتہ نہیں کرتے تھے ان میں اپنے ہم عمر باقاعدگی سے ناشتہ کھانے والے بچوں کی نسبت نمایاں طو ر پر ایسے بلڈ مارکس ظاہر ہوئے جو ذیا بیطس کے خطرے سے منسلک ہوتے ہیں۔
سائنسدانوں نے دیکھا کہ ان بچوں میں ناشتہ نہ کھانے کے باوجود ،انسولین کی سطح زیادہ تھی اور ان کا جسم انسولین کو اچھی طرح سے رسپانڈ کرنے کے قابل نہیں تھا ۔علاوہ ازیں ،جو بچے ہر روز ناشتہ نہیں کھاتے تھے ان کے خون میں صبح کے وقت شوگر کی معمولی سی مقدار زیادہ تھی ان بچوں کے مقابلے میں جو پابندی سے صبح ناشتہ کرتے تھے ۔انسانی جسم مین خون کے بہاد سے شکر ہٹانے کے لیے انسولین کی ضرورت پڑتی ہے تا کہ اس شکر سے توانائی حاصل کی جاسکے ۔
انسولین ایک ہارمون ہے جو کہ لبلبہ میں موجود بیٹا سیل خارج کرتا ہے ۔انسولین کا انسانی جسم کی نگہداشت میں انتہائی اہم کردار ہے جو کہ خون میں موجود گلوکوز کی مقدار کو توازن میں رکھتا ہے اور اضافی گلو کوز کو گلوکوچین یا چربی کی صورت میں جگر میں محفوظ کر نے کے لیے سگنل بھیجتا ہے ۔ ذیابیطس کے مرض میں بنیادی طور پر لبلبہ صحیح کام نہیں کرتا یا یہاں سے انسولین کی پیداوار بند ہو جاتی ہے جس سے ذیابیطس ٹائپ ون کا مرض جنم لیتا ہے ذیا بیطس کی دوسری قسم ٹائپ 2میں لبلبہ جسم کی ضرورت کے مطابق انسولین خارج نہیں کرتا یا پھر جسم کے خلیا ت اور ٹشوز انسولین کے ساتھ صحیح طریقے سے ملکر کام نہیں انجام دیتے ہیں جس کی وجہ سے خون میں شوگر کی سطح میں اضافہ ہو جاتا ہے ۔
پلوس میڈیسن جر نل کے اس مطالعے میں سائنسدانوں نے فائبر پر مشتمل ناشتہ مثلاََ اناج یا سیریل کھانے کو ذیابیطس کیخلاف حفاظت قرار دیا ہے ۔سینٹ جارج یونیورسٹی سے منسلک تحقیق کے سر براہ ڈاکٹر انجیلا ڈونن نے کہا کہ مطالعہ میں نا شتہ چھوڑنے کو ذیا بیطس کے مرض کے ساتھ براہ راست منسلک نہیں کیا گیا ہے لیکن جو بچے صبح کا ناشتہ نہیں کرتے ان میں سارادن سنیک یا میٹھے اور چکنائی والے کھانوں کی طلب پیدا ہوتی ہے ۔

Browse More Healthart