Sard Mosaam K Mazedar Or Sehat Bakhash Mashroob - Article No. 1751

Sard Mosaam K Mazedar Or Sehat Bakhash Mashroob

سرد موسم کے مزیدار اور صحت بخش مشروبات․․․․ - تحریر نمبر 1751

سردیاں آرہی ہیں․․․․سردیوں میں جہاں طرح طرح کے رنگین لباس شخصیت کو اسمارٹ بناتے ہیں۔کئی پھل بی زبان کو لذت اور جسم کو خوب غذائیت فراہم کرتے ہیں۔

منگل 10 دسمبر 2019

سردیاں آرہی ہیں․․․․سردیوں میں جہاں طرح طرح کے رنگین لباس شخصیت کو اسمارٹ بناتے ہیں۔کئی پھل بی زبان کو لذت اور جسم کو خوب غذائیت فراہم کرتے ہیں۔انار،موسمی ،کینو،گاجر اور گاجر کا حلوہ موسم سرما کی سوغات ہیں۔سردیوں میں گرم گرم سوپ کے علاوہ قدرتی اجزاء سے تیار کردہ کئی مشروبات بھی موسم کا مزہ دوبالا کر دیتے ہیں۔
میوہ جات اور دودھ
گرم دودھ میں میوہ جات جیسے کہ بادام،اخروٹ،کشمش اور کاجو پیس کر ملانے سے ایک مزے دار اور غذائیت سے بھر پور مشروب تیار کیا جا سکتاہے۔
یہ مشروب سرد موسم میں جسم کو حدت فراہم کرتاہے۔بچوں کے لئے اس میں چاکلیٹ یا اور کوئی فلیور شامل کرکے اسے بچوں کے لیے مزید خوش ذائقہ بنایا جا سکتاہے۔
دودھ اور ہلدی
نیم گرم دودھ میں ہلدی شامل کرکے سردیوں میں استعمال کرنا جسم میں حدت فراہم کرتاہے۔

(جاری ہے)

یہ دودھ ہڈیوں کو مضبوط بنا کر کمزوری سے محفوظ رکھتاہے۔
گاجر،مالٹا سیب
گاجر،مالٹے اور سیب کا مکس مشروب صحت کے لئے مفید ہے۔

ہڈیوں کے لیے مفید جبکہ سیب صحت کے لئے کئی مفید خصوصیات رکھتاہے۔یہ مشروب خون کی کمی کو دور کرتاہے۔
ادرک اور مصالحوں کا قہوہ
ادرک کا قہوہ سرد موسم میں مفید ہے۔اس قہوے میں شہد ڈال کر استعمال کرنے سے اس قہوے کا ذائقہ دوبالا ہو جاتاہے بلکہ اس کی افادیت بھی بڑھ جاتی ہے۔
سبز چائے
سبز چائے کا قہوہ سردی کے اثرات کم کرنے کے لئے مفید ہے۔
اس چائے میں میوہ جات کا استعمال کرکے اس کی غذائیت کو بڑھایا جا سکتاہے۔موسم کے شدت اختیار کرنے سے قبل اگر خواتین باقاعدگی سے چند اشیاء کا استعمال گھر کے ہر فرد کو شروع کروادیں تو نہ صرف سردی،کھانسی اور ملیریا سے محفوظ رہا جا سکتاہے،بلکہ نزلہ،زکام،سینے کی جکڑن،بلغم اور بچوں کی پسلیاں چلنے جیسے مسائل سے بھی محفوظ رہا جا سکتاہے۔
دیسی مرغی کے انڈوں اور گوشت کا سوپ،یخنی ہر عمر کے افراد کے لیے مفید ہے۔گرما گرم چائے میں بھی وہ معدنی اجزاء پائے جاتے ہیں جو موسم سرما میں جسم میں گرمی چستی اور پھرتی لا کر کڑکڑاتی سردی میں گھروں سے باہرنکلنے کا حوصلہ دیتی ہے۔سردی میں چائے ناصرف جسم ،بلکہ دماغ کو بھی تقویت دیتی ہے۔بغیر دودھ کی چائے میں اگر ادرک،سونٹھ ،دار چینی ،گڑ ،براؤن شوگر،بلیک چاکلیٹ ،لونگ،شہد ،لیموں کا رس وغیرہ شامل کر لیا جائے تو اس کی افادیت میں اضافہ ہو جاتاہے۔

سوئے کی چائے
موسم سرما میں سوئے کی چائے بھی مفید ہے۔حسب ضرورت ابلتے پانی میں خشک یا سبز سویا ایک چمچ ڈال کر ایک جوش آنے تک پکائیں،پھر شہد،مصری،کالا نمک،لیموں کارس یا شکر ڈال کر خاص طور پر بزرگوں اور بچوں کو پلائیں۔یہ موسم سرما کے اثرات سے محفوظ رکھے گا اور قوت مدافعت میں اضافہ کرے گا۔
سونٹھ یا ادرک کی چائے
سونٹھ کا پاؤڈر(خشک ادرک)یا تازہ ادرک کا ایک انچ کا ٹکڑا اور دوکپ گرم کھولتے پانی میں شامل کردیں۔
ایک ابال آنے کے بعد چولہا بند کردیں۔چھان لیں اور حسب پسند نمک،لیموں کا رس،چینی ،مصری،شہد ڈال کر پی لیں۔
گلاب کے ڈنٹھل
تازہ گلاب کے پھولوں کے ڈنٹھل یا خشک گلاب کے تین چار ڈنٹھل دو کپ پانی میں ڈال کر ابال لیں،اسے چھان کر اس میں چٹکی بھر کالی پسی ہوئی مرچ ،نمک یا چینی،لیموں کارس یا شہد ڈال کر گرم گرم پیں لیں۔
اس چائے یا جو شاندے سے سردی کے مضر اثرات سے محفوظ رہا جا سکتاہے۔اس کے علاوہ حیاتین اور توانائی بھی ملے گی۔
گل بابونہ
گل بابونہ ایک بوٹی ہے جو اب ہر بڑے جنرل اسٹور،حکماء کے پاس یا پنساری کی دکان پر ملتی ہے۔گل بابونہ کی چائے کو حسب ضرورت اُبلتے پانی میں شامل کریں اور اسے چائے کی طرح پکائیں۔یہ چائے سردی دور کرنے کے ساتھ ساتھ اعصابی تھکن اور دباؤ کو بھی دور کرتی ہے۔
خاص طور پر طلبہ کے لیے مفید ہے۔یہ چائے نیند کی کمی،سستی ،کاہلی کو بھی دور کرتی ہے۔اس میں کیفین جیسے مضر اثرات بھی نہیں۔
خمیرہ گاؤ زبان
خمیرہ گاؤ زبان کے پھول اور پتے دونوں الگ الگ طریقوں سے استعمال ہوتے ہیں ۔پھول کا جوشاندہ اور پتوں کی چائے موسم سرما میں پی جاتی ہے۔جن افراد کو نیند نہیں آتی اور جو جلدی تھک جاتے ہیں،خصوصاً موسم سرما میں سکول جانے والے بچوں کو سونے سے ایک گھنٹہ قبل حسب ضرورت ابلتے پانی میں پھول یا پتے ڈال کر جوش دیں اور چھان کر نیم گرم دودھ میں شامل کردیں یا شہد ،چینی،مصری وغیرہ ڈال کر پلادیں۔
صبح بچے ہشاش بشاش اٹھیں گے اور سردی سے بھی محفوظ رہیں گے۔
کاسنی
کاسنی ایک قیمتی پودے کی جڑ ہے جو آسانی سے مل جاتی ہے۔پانی میں ابال کر پینے سے اس کا ذائقہ اور رنگ دونوں بلیک کافی جیسا ہوتاہے۔اسے شہد کے ساتھ یا اس کے بغیر دونوں صورتوں میں پینا سردیوں میں مفید ہے۔اس کے استعمال سے نزلہ زکام،کھانسی گلے کی خرابی وغیرہ سے حفاظت رہتی ہے۔
اس کی چھال یا جڑ کے چند ٹکڑے حسب ضرورت ابلتے پانی میں چند سیکنڈ ڈال کر رکھیں اور پھر چھان کر حسب پسند نمکین یا میٹھا کرکے پی لیں۔
تیز پات
تیزپات کے پتے دو کپ پانی میں ایک جوش دے کر نکال دیں۔پھر چھان کر شہد یا گڑ ملا کر پئیں۔
تلسی
تلسی کے چند پتوں کو جوش دے کر چھان لیں اور حسب پسند گڑ ،شکر ،نمک،سیاہ مرچ اور لیموں کا رس شامل کرکے پینا مفید ہے۔
سردی سے محفوظ رہنے کے لیے ایک اور طریقہ یہ ہے کہ میتھی کے بیجوں ،مولی کے بیجوں اجوائن،دار چینی،جائفل پاؤڈر ،سیاہ گڑ کو پانی میں جوش دے کر پئیں۔
سیب،گاجر اور موسمی کا جوس
یہ قدرتی مرکب کئی وٹامنز پر مشتمل ہوتا ہے۔مثلاً وٹامن بی6،وٹامن اے اور سی کے علاوہ پوٹاشیئم اور فولک ایسڈ جو سردیوں کے امراض جیسے نزلہ،زکام اور فلو سے محفوظ رکھتے ہیں۔

گریپ فروٹ کا جوس
کینو اور مالٹا کی فیملی سے تعلق رکھنے والا پھل گریپ فروٹ وٹامن سی کا اہم ترین جزو سمجھا جاتا ہے جو ٹھنڈاور فلو کا مقابلہ کرتاہے۔اس کے علاوہ یہ اینٹی آکسیڈنٹ میں بھی شمار کیا جاتاہے جو جسم کو بیماریوں سے محفوظ رکھتے ہیں۔
ٹماٹر کا جوس
عام طور پر سبزی کے طور پر استعمال ہونے والا پھل ٹماٹر لوگوں کا پسندیدہ ہے۔
ٹماٹر کا جوس موسم سرما میں خاص فائدہ پہنچاتا ہے کیونکہ یہ فولک ایسڈ ،فولاد اور وٹامن اے اور سی سے بھرپور ہوتاہے۔اس کے علاوہ یہ جسم کی قوت مدافعت کو مضبوط بناتاہے۔
ٹماٹر،سلاد کے پتوں اور بند گوبھی کا جوس
ٹماٹر،سلاد کے پتوں اور بند گو بھی کے جوس میں کئی مفید عناصر موجود ہوتے ہیں جن میں میگنیشئم،پوٹا شیئم،فولاد،فیٹی ایسڈ اور وٹامن سی شامل ہیں۔
یہ جوس مدافعتی نظام کو مضبوط بناتا ہے اور اسے انفیکشنز جیسے امراض کے خلاف مزاحمت کرنے کے قابل بناتاہے۔
چقندر،گاجر ،ادرک اور ہلدی کا جوس
ان چاروں سبزیوں کا جوس سردیوں میں مفید بتایا جاتاہے۔اس میں فولاد،کیلشیئم ،فولک ایسڈ ،وٹامن سی اور ای ہوتے ہیں جو فلو،ٹھنڈ،کھانسی،جسم میں درد اور گٹھیا سے متعلق جوڑوں کے درد کو کم کرتاہے۔

کیوی،اسٹرابیری اور پودینے کا جوس
کیوی،اسٹرابیری اور پودینے کا جوس میگنیشیئم ،زنک،فولک ایسڈ کے علاوہ وٹامن سی،اے اورB6سے بھر پور ہوتاہے اور مدافعتی نظام کو مضبوط بناتاہے۔
کدو کے بیجوں کا جوس
کدو کے بیج بھی بہت فائدے مند ہوتے ہیں۔کدو کے بیجوں کا جوس مدافعتی نظام کو نہ صرف بڑھاتا ہے بلکہ اس کے بہت سے طبی فوائد بھی ہیں،یہ ہڈیوں کو مضبوط بنانے کے ساتھ یورینری سسٹم کو بھی بہتر بناتاہے۔
پالک ،بندگوبھی اور سلاد کے پتوں کا جوس
ان تینوں سبزیوں کے جوس میں فولاد کی بڑی مقدار پائی جاتی ہے جس سے مدافعتی نظام کو تقویت حاصل ہوتی ہے۔

Browse More Healthart