Shehed Se Khoobsorti Paye - Article No. 1936

Shehed Se Khoobsorti Paye

شہد سے خوبصورتی پائیے - تحریر نمبر 1936

شہد جہاں کئی بیماری کے لئے شفا ہے وہاں اسے جلد پر لگانے سے بھی کئی فائدے حاصل ہوتے ہیں

بدھ 26 اگست 2020

شہد جہاں کئی بیماری کے لئے شفا ہے وہاں اسے جلد پر لگانے سے بھی کئی فائدے حاصل ہوتے ہیں۔شہد میں قدرت نے کئی حفاظتی خصوصیات رکھی ہیں۔کینیڈا میں کی گئی تحقیق کے مطابق ”شہد“ اور ”دار چینی“ کے مرکب سے کئی بیماریوں کا علاج کیا جا سکتا ہے۔جن میں سے بعض کا ذکر درج ذیل ہے۔
جوڑوں کا درد
ایک چمچ شہد،دو چمچ نیم گرم پانی اور آدھا چمچ دار چینی کا پاؤڈر لے کر اس کا پیسٹ بنا لیں اور اس کو صبح شام دکھتے جوڑوں پر لگائیں۔
یہ درد اور سوزش میں مفید ہے۔جوڑوں کے درد کے مریض روزانہ صبح شام ایک کپ نیم گرم پانی میں دو چمچ شہد ایک چمچ دار چینی کا پاؤڈر ملا کر استعمال کر سکتے ہیں۔اس سے درد میں کمی آتی ہے۔
گنج پن
گرتے بال روکنے کے لئے زیتون کے تیل کے دو چمچ،ایک چمچ شہد ایک چمچ دار چینی کاپاؤڈر لے کر پیسٹ بنائیں۔

(جاری ہے)

نہانے سے پندرہ منٹ پہلے سر پر لگائیں اور اس کے بعد سر دھولیں۔


مثانے کا انفیکشن
مثانے کے انفیکشن میں ایک چمچ دار چینی کا پاؤڈر اور ایک چمچ شہد نیم گرم پانی کے ساتھ استعمال کرنا مفید ہے۔اس سے پیشاب میں آنے والی پروٹین بھی کم ہو سکتی ہے۔
دانت کا درد
دانت کا درد دور کرنے کے لئے ایک چمچ دار چینی کا پاؤڈر اور پانچ چمچ شہد لے کر پیسٹ بنائیں اور متاثرہ دانتوں پر لگائیں۔

کولیسٹرول میں کمی
دو چمچ شہد،دو چائے کے چمچ دار چینی کے پاؤڈر کو ایک کپ چائے کے گرم قہوہ میں ڈال کر روزانہ استعمال کرنے سے کولیسٹرول کے لیول میں کمی آنے لگتی ہے۔
نزلہ،زکام،فلو
نزلہ،زکام اور فلو کی صورت میں ایک چمچ نیم گرم شہد میں ایک چوتھائی چمچ دار چینی کا پاؤڈر ڈال کر صبح شام استعمال کرنا مفید ہے۔
یہ نسخہ پرانی کھانسی کے لئے بھی مفید ہے۔اسپین میں کی گئی تحقیق کے مطابق شہد میں موجود ایک قدرتی عنصر فلو کے وائرس کو ختم کرتا ہے۔
معدے کی خرابی اور بد ہضمی
منہ سے بدبو اور بدبو دار سانس دور کرنے کے لئے گرم پانی میں شہد اور دار چینی کا پاؤڈر ڈال کر صبح غرارے کریں۔شہد اور دار چینی کے مرکب کا باقاعدہ استعمال معدے کے کئی امراض میں مفید بتایا جاتا ہے۔
معدے میں گیس اور السر کے لئے مفید ہے۔دو چمچ شہد میں تھوڑا سا دار چینی کا پاؤڈر چھڑک کر کھانے سے پہلے استعمال کرنے سے بد ہضمی،کٹھے ڈکار اور منہ سے بدبو جیسے مسائل سے نجات مل جاتی ہے۔
دل کے امراض
شہد اور دار چینی کے پاؤڈر پیسٹ بنا کر روٹی یا ڈبل روٹی پر لگا کر استعمال سے کولیسٹرول کم ہوتا ہے بلکہ دل کے امراض سے بھی محفوظ رکھتا ہے۔
امریکہ اور کینیڈا میں کی گئی تحقیق کے مطابق شہد اور دار چینی کے پاؤڈر کا پیسٹ روزانہ استعمال کرنے سے دوران خون میں بہتری کا سبب بنتا ہے۔
مردانہ کمزوری اور بانجھ پن
مردانہ کمزوری کے مریض روزانہ سونے سے پہلے دو چمچ شہد استعمال کریں۔چین،جاپان اور مشرق بعید کے ممالک کی وہ خواتین جنہیں حمل نہیں ٹھہرتا،دار چینی کا پاؤڈر استعمال کرتی ہیں۔
آدھا چمچ دار چینی کاپاؤڈر اور آدھا چمچ شہد روزانہ استعمال کرنے سے بھی حمل ٹھہرنے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔میری لینڈ امریکہ میں ایک جوڑے نے جن کے ہاں 14 سال سے اولاد نہیں ہو رہی تھی۔اوپر والے نسخے کو چند ماہ تک استعمال کیا ۔جس کی وجہ سے نہ صرف حمل ٹھہرا بلکہ صحت مند جڑواں بچوں کی پیدائش ہوئی۔
مدافعتی نظام
سائنس دانوں کی تحقیق کے مطابق شہد اور دار چینی کے پاؤڈر کے مرکب کا باقاعدہ استعمال جسم کا مدافعاتی نظام مضبوط بناتا ہے۔
شہد کے باقاعدہ استعمال سے خون کے سفید جرثومے مضبوط ہوتے ہیں اور یوں وہ مختلف قسم کے جراثیم،بیکٹیریا کے خلاف لڑنے کے لئے تیار رہتے ہیں۔
بڑھاپے پر قابو
شہد اور دار چینی کے پاؤڈر کو چائے میں ڈال کر استعمال کرنے سے جسم تندرست و توانا رہتا ہے۔اس سے جلد تروتازہ اور جھریوں سے محفوظ رہتی ہے۔چار چمچ شہد،ایک چمچ دار چینی کا پاؤڈر تین کپ گرم پانی میں ملا کر دن میں دو سے تین مرتبہ استعمال کریں۔
اس سے جسم میں چستی اور تازگی آئے گی۔
کیل مہاسے اور جلد کے انفیکشن
کیل مہاسے اور چھائیاں دور کرنے کے لئے تین چمچ شہد اور ایک چمچ دار چینی کے پاؤڈر کا پیسٹ بنا کر سونے سے پہلے کیل مہاسوں پر لگائیں۔صبح اُٹھ کر گرم پانی سے دھولیں۔یہ پیسٹ کیل مہاسوں اور چھائیوں میں مفید ہے۔شہد اور دار چینی پاؤڈر کا پیسٹ بنا کر جلد کے انفیکشن مثلاً خارش،ایگزیما وغیرہ میں بھی مفید ہے۔

وزن میں کمی
ایک کپ گرم پانی میں ایک چمچ شہد اور ایک چمچ دار چینی کا پاؤڈر ملا کر روزانہ سونے سے پہلے اور صبح نہار منہ استعمال کرنے سے وزن میں کمی آنے لگتی ہے۔
تھکاوٹ
تھکاوٹ،بے چینی اور پژمردگی دور کرنے کے لئے ایک گلاس پانی میں ایک چمچ شہد،ایک چوتھائی چمچ دار چینی کاپاؤڈر ملا کر روزانہ صبح اور دوپہر استعمال کریں۔

Browse More Healthart