Shiatsu - Pecheda O Mazman Bimariyon K Liye Mozo Tarika Elaaj - Article No. 2057

Shiatsu - Pecheda O Mazman Bimariyon K Liye Mozo Tarika Elaaj

شیاتسو․․․․پیچیدہ و مزمن بیماریوں کیلئے موزوں طریقہ علاج - تحریر نمبر 2057

جب آپ اس عمل سے گزریں گے تو آپ کو اپنے جسم میں توانائی دوڑتی ہوئی محسوس ہوگی

ہفتہ 16 جنوری 2021

شیاتسو(Shiatsu) ایک جاپانی اصطلاح ہے۔شی کا مطلب ہے انگلیاں اور اتسو کامطلب ہے دباؤ اور یہ بھی ایکوپنکچر کے نظریے سے ملتا جلتا ہے۔یہ ایشیائی مساج کا ایسا طریقہ ہے جس میں انگلیوں کے مختلف پوائنٹس پر دباؤ ڈالا جاتاہے۔(ان پوائنٹس کو شوبو)کہتے ہیں۔ اس طریقے کے ذریعہ ذہنی تناؤ‘دباؤ تھکان بے آرامی وغیرہ کا علاج کیا جاتا ہے اس کے علاوہ مختلف امراض کے اثرات کی نشان دہی بھی ہوتی ہے۔
امراض کی صورت میں ان پوائنٹس پر آکر توانائی کے دھارے میں رکاوٹ پیدا ہو جاتی ہے۔شیاتسو بالکل ان ہی پوائنٹس پر دباؤ کا عمل کرتا ہے جو پوائنٹس ایکوپنکچر کے ہوتے ہیں۔
شیاتسو کے عمل کے دوران دباؤ انگلیوں کے علاوہ‘ہتھیلیوں‘گھٹنوں‘بازوؤں اور پیروں پر بھی ڈالا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

جب آپ شیاتسو کے عمل سے گزر رہے ہوں تو اس وقت آپ کو اپنے بد ن میں توانائی دوڑتی ہوئی محسوس ہونے لگتی ہے۔

اس لئے اسے بغیر سوئیوں کا ایکوپنکچر کہا جاتا ہے ۔ایکوپنکچر ہی کی طرح اس کے ذریعے بھی بے شمار پیچیدہ اور پرانے امراض کا کامیابی سے علاج کیا جاتا ہے اور دوسرے متبادل طریقہ علاج کی طرح اس کے ذریعے بھی توانائی‘تازگی اور صحت حاصل کی جا سکتی ہے۔یہ اندرونی طور پر بھی توانائی کے دھارے کو مزید فعال بنا کر انسان کو چاق و چوبند کر دیتا ہے۔

شیاتسو سے بھرپور فائدہ حاصل کرنے کے لئے آپ کو سب سے پہلے اس کے ایسے معالج کو تلاش کرنا ہو گا جو واقعی اس فیلڈ میں مہارت رکھتا ہو اور کئی برسوں سے اس طریقے پر کام کر رہا ہو۔اس کے معالج کے پاس ڈھیلے لباس پہن کر جائیں۔ یعنی ایسا لباس جو آپ کے جسم پر تنگ نہ ہوتا کہ معالج بہ آسانی آپ کے جسم کو اِدھر اُدھر حرکت دے سکے۔اس علاج کے لئے عام طور پر مریض کو میٹریس کے گدے پر لٹا دیا جاتا ہے۔
اس کا پہلا سیشن عام طور پر ایک سے ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہتا ہے اور اس دوران مریض سے اس کی صحت‘عادات اور میڈیکل ہسٹری کے بارے میں سوالات ہوتے رہتے ہیں۔
کبھی کبھی دباؤ شدید بھی ہو جاتا ہے اور مریض بے چینی یا تکلیف محسوس کرتا ہے۔اس وقت معالج کو دباؤ نرم رکھنے کے لئے کہا جاتا ہے تاکہ وہ متناسب دباؤ کا استعمال کرے۔اس عمل سے گزرنے کے بعد آپ خود کو پرسکون اور تروتازہ محسوس کرتے ہیں ایکوپنکچر کی طرح شیاتسو کا مکمل کورس بھی بہت فائدہ مند ہوا کرتا ہے۔
علاج کے دوران آپ کو یہ بھی بتایا جاتا ہے کہ آپ کو اپنے طرز زندگی میں کیسی تبدیلی لانی چاہیے اور کیسی خوراک استعمال کرنی ہے۔بہتر یہ ہے کہ شیاتسو کسی باقاعدہ معالج کے ذریعے ہی کرائیں لیکن چند چیزیں ایسی بھی ہیں جن کا تجربہ آپ خود اپنے گھر پر اکیلے یا اپنے کسی ساتھی کی مدد سے کر سکتے ہیں۔
جبلی طور پر ہم میں سے ہر ایک شیاتسو کی پریکٹس غیر ارادی طور پر کرتا ہی رہتا ہے۔
مثال کے طور پر جہاں درد ہوتا ہے وہاں آپ لا شعوری طور پر دبانے لگتے ہیں۔یا جہاں ٹھنڈ لگ گئی ہو وہاں ہتھیلی سے رگڑ کر اس حصے کو گرمی پہنچانے کی کوشش کرتے ہیں۔یہ سب شیاتسو ہے۔ جب بچہ رو رہا ہو تو ماں اخطراری اور غیر ارادی طور پر اسے سہلانے لگتی ہے جب کسی جانور کے بچے کو کوئی تکلیف ہو تو اس کی ماں اپنی زبان کی رگڑ سے اسے تقویت پہنچاتی ہے۔
شیاتسو بھی یہی کچھ ہے یہ اور بات ہے کہ جانوروں کی طرح اس میں زبان کا استعمال نہیں کیا جاتا۔ جب آپ شیاتسو کا عمل کر رہے ہوں تو دباؤ بہت نرم اور ہلکے انداز میں شروع ہونا چاہیے‘تاہم مریض تکلیف نہ محسوس کرے۔دباؤ کے لئے انگوٹھوں کا گوشت استعمال کریں۔دباؤ ڈالیں۔پانچ تک گنیں پھر چھوڑ دیں۔نیچے کی طرف دباؤ ڈالتے ہوئے انگلی ہٹانے کی ضرورت نہیں ہے۔اگر آپ کسی اور پر پریکٹس کر رہے ہیں تو اس سے دباؤ کی شدت کے بارے میں دریافت کر لیں۔

Browse More Healthart