Tambako Noshi Jaan Ki Dushman - Article No. 2657

Tambako Noshi Jaan Ki Dushman

تمباکو نوشی جان کی دشمن - تحریر نمبر 2657

تمباکو نوشی سے نقصانات ہی نقصانات ہیں،مثلاً حملہ قلب،سرطان،خاندان میں انتشار اور پیسے کا زیاں وغیرہ

پیر 6 مارچ 2023

ذیشان رشید مانی
تمباکو نوشی مضرِ صحت ہے۔تمباکو نوش اپنی ہی نہیں،اپنے اہلِ خانہ اور معاشرے کی صحت کو بھی نقصان پہنچانے کا ذریعہ بنتا ہے۔ایک امریکی تنظیم کا کہنا ہے کہ تمباکو نوشی کرنے والے درمیانی عمر کے افراد دوسروں کی نسبت پچاس سے نوے فیصد دل کی بیماریوں میں مبتلا ہوتے ہیں۔یہ بات روزِ روشن کی طرح واضح ہو چکی ہے کہ تمباکو نوشی سے دل کی بیماریاں بڑھتی ہیں،جس کے نتیجے میں حملہ قلب ہو جاتا ہے۔

تمباکو نوشی کرتے ہوئے جب کافی عرصہ گزر جاتا ہے تو تمباکو نوش کے پھیپھڑوں میں کاربن کے ذرات جم جاتے ہیں۔ذرات کی وجہ سے پھیپھڑوں میں بلغم یا خون جمع ہو جاتا ہے،جس سے سانس کی آمد و رفت میں رکاوٹ پیدا ہو جاتی ہے اور پھیپھڑے سرطان کی لپیٹ میں آ جاتے ہیں۔

(جاری ہے)


سرطان سے اعصابی نظام میں کھچاؤ اور اکڑن پیدا ہوتی ہے،جس کے نتیجے میں تمباکو نوش بے آرامی،اضطراب اور اضمحلال میں مبتلا ہو جاتا ہے۔

جب آپ کسی بری عادت،خاص طور پر تمباکو نوشی میں مبتلا ہو جاتے ہیں تو اس سے آسانی سے پیچھا نہیں چھڑا پاتے۔اگر آپ کسی بس یا وین میں سفر کر رہے ہوں اور آپ نے تمباکو نوشی شروع کر دی تو وہاں بیٹھے ہوئے سارے مسافروں کی صحت کو بھی دھویں سے نقصان پہنچتا ہے۔
اس لت میں مبتلا افراد اس حقیقت سے لاعلم ہیں کہ جب وہ اپنے گھر میں تمباکو نوشی کرتے ہیں تو ان کے بچوں کی صحت بھی اس کے دھویں سے متاثر ہوتی ہے اور ان کے منہ سے خارج ہونے والی بُو سے بچے ناگواری محسوس کرتے ہیں۔

تمباکو نوشی کے عادی افراد رفتہ رفتہ منشیات بھی استعمال کرنے لگتے ہیں،جس سے ان کی زندگی گھٹتی چلی جاتی ہے۔
بہت سے افراد کا خیال ہے کہ تمباکو نوشی سے سکون حاصل ہوتا ہے،لیکن یہ خیال غلط ہے۔یہ ایک مفروضہ ہے،جس سے وہ اپنے دل کو بہلاتے ہیں۔تمباکو نوشی سے نقصانات ہی نقصانات ہیں،مثلاً حملہ قلب،سرطان،خاندان میں انتشار اور پیسے کا زیاں وغیرہ۔چنانچہ اگر آپ حملہ قلب اور سرطان جیسی مہلک بیماریوں سے بچنا چاہتے ہیں تو تمباکو نوشی ترک کر دیں اور صحت سے بھرپور زندگی گزاریں،اس لئے کہ صحت اللہ تعالیٰ کی عطا کردہ بہت بڑی نعمت ہے۔ہمیں اس کی قدر کرنی چاہیے۔اسے برباد نہیں کرنا چاہیے۔

Browse More Healthart