Tarz Zindagi Tabdeel Kar Lijye - Article No. 1820

Tarz Zindagi Tabdeel Kar Lijye

طرز زندگی تبدیل کر لیجیے - تحریر نمبر 1820

ہمارے جسمانی اعضا قدرتی نظام کے تحت اپنے حصے کا کام کرتے ہیں

جمعرات 27 فروری 2020

کرن حیا فاروقی
ہمارے جسمانی اعضا قدرتی نظام کے تحت اپنے حصے کا کام کرتے ہیں، اسی لئے ہم صحت مند رہتے ہیں ۔اگر یہ نظام بگڑ جائے تو ان اعضا کی کارکردگی متاثر ہوتی ہے ۔ہمارے معمولات زندگی بھی اسی طرح بدلتی اور متاثر ہوتے ہیں۔ اسی طرح کچھ اندرونی اور بیرونی عوامل ایسے ہوتے ہیں ،جن کا تعلق جسمانی اعضا کی کارکردگی سے براہ راست ہوتاہے ۔
موروثیت کے علاوہ جو محرکات بیماریوں کا سبب بنتے ہیں ،اُن میں ہماری عادات اور طرز زندگی کا بہت دخل ہے۔
طرز زندگی میں ہمارے کھانے ،پینے ،سونے ،بیدار ہونے ،رہائش اختیار کرنے ،پڑھنے لکھنے ،کام کرنے اور دوران کام استعمال میں آنے والی اشیاء اور رابطے میں رہنے والے افراد سے تعلق بھی شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

زندگی گزارنے کے لئے عمر ،جنس ،مختلف شعبہ ہائے زندگی اور ہمارے افکار میں ترجیحات وغیرہ کا بھی عمل دخل ہوتاہے ۔

ان صورتوں میں اگر طرز فکر صحت مند نہ ہو،کام کا غیر ضروری دباؤ ہو ،احساس کم تری ہو ،کھانے اور آرام کے اوقات مقرر نہ ہوں ،غصے پر فوری قابو پانے کی صلاحیت میں کمی ہو یا قوت فیصلہ کا فقدان ہو، مشکلات کا مقابلہ کرنے کی تیاری نہ ہو اور منفی سوچیں غالب ہوں تو صحت کو نا قابل تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے۔
اگر آپ خود میں یا اپنے خاندان کے کسی فرد میں منفی سوچ کی علامات محسوس کریں تو خود بھی ان پر قابو پانے کی کوشش کریں اور دوسرے فرد کی بھی مدد کریں ۔
سب سے پہلے کھانے پینے کی عادات پر غور کرنا چاہیے،جن کا براہ راست صحت پر اثر پڑتاہے ۔ہمارے کھانوں کا انتخاب ،متوازن غذائیں اور حفظ صحت کے دیگر اصولوں کی پاس داری بھی اہمیت کی حامل ہوتی ہے ۔اہم بات یہ ہے کہ کیا ہماری غذاؤں میں ضروری حیاتین،معدنی اجزاء نشاستے (کاربو ہائیڈریٹس )اور غذائیت کی مطلوبہ مقدار ہوتی ہے ؟اگر ان میں مطلوبہ مقدار موجود نہیں ہوتی تو کیا اس کے حصول کے لئے ضمیمے (SUPPLEMENTS) کھائے جاتے ہیں ؟اس ضمن میں خود علاجی کے بجائے ،معالج کی رہنمائی بہت ضروری ہوتی ہے۔

خراب عادت ،مثلاً بسیار خوری کی وجہ سے وزن میں اضافہ ہوتاہے ،جس سے صحت کو نقصان پہنچتاہے ۔بسا اوقات ذہنی دباؤ میں مبتلا لوگ بسیار خوری کی طرف مائل ہو جاتے ہیں ۔افسردگی اور پژمردگی کی کیفیات زیادہ مقدار میں کھانا کھانا یا بار بار کھانے کی غلط عادت کی طرف مائل کر دیتی ہیں ۔رسمی غیر رسمی دعوتوں میں لوگ ایک دوسرے کو مختلف کھانوں کی ترغیب دیتے ہیں یا میز بانی کے تقاضے نبھانے کے لئے لوگ مختلف ذائقوں کی تعریف کرتے ہیں اور خوشی دلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے زیادہ مقدار میں کھانا کھا لیا جاتاہے۔

جب جذباتی نوعیت کی کیفیت ،ذہنی دباؤ یا بے اطمینانی کا احساس غالب ہو جائے تو اس پر شعوری طور پر قابو پانے کی کوشش کرنی چاہیے۔ چٹ پٹے کھانوں کی ڈشیں دیکھ کر بھی متاثر نہیں ہونا چاہیے ۔دراصل ایسے موقعوں پر خیال نہیں رہتا کہ کیا کھانا چاہیے اور کیا نہیں ۔اس طرح بھوک کے بغیر بھی کچھ نہ کچھ کھانے کے لئے دل آمادہ ہو جاتاہے ۔اسی طرح ٹیلی ویژن یا سینما میں فلم دیکھتے وقت فرنچ فرائز یا پاپ کا رن زیادہ مقدار میں کھا لیے جاتے ہیں ،لہٰذا ایسے موقع پر ہاتھ روک کر کھانا چاہیے ۔
صبح کا ناشتا یا رات کا کھانا چھوڑ دینے سے بھی بے وقت بھوک لگتی ہے ۔بیماری سے صحت یاب ہونے پر مقوی غذائیں فوری طور پر نہیں کھانی چاہییں، تاہم متوازن غذا کی اہمیت اپنی جگہ مسلمہ ہے ۔اس طرح نئی ماؤں کو ولادت کے فوراً بعد بہت زیادہ مقویٰ غذائیں نہیں کھانی چاہییں۔بہتر ہو گاکہ ماہر امراض نسواں سے غذائی چارٹ یا احتیاطی تدابیر معلوم کر لی جائیں ۔
اگر ہم اپنے طرز زندگی کو تبدیل کرنے کے لئے تیار ہو جائیں تو نہ صرف اپنے لیے ،بلکہ اپنے بچوں اور گھر کے دیگر افراد کے لئے بھی اچھی مثال قائم کر سکتے ہیں ۔
مثال کے طور پر منفی سر گرمیوں کے بجائے مثبت سر گرمیاں اختیار کی جائیں ،مثلاً کسی خوش گوار موضوع پر گفتگو کی جائے ،اچھے مشورے پر عمل کرنے کی کوشش کی جائے یا پسندیدہ مصنف کی کتب کا مطالعہ کیا جائے ۔
خواتین سلائی کڑھائی ،درس وتدریس ،غذا رسانی (کیٹرنگ)اور متعدد شعبوں میں مفید سر گرمیاں اختیار کر سکتی ہیں ۔وہ کوئی نیا ہنر بھی سیکھ سکتی ہیں اور کچھ نہیں تو ”فوڈ کارونگ“(FOOD CARVING)،یعنی سبزیوں ،پھلوں اور گوشت کو چھوٹے ٹکڑوں یا قتلوں میں کاٹ کر اور تراش کر خوب صورت شکل دینے کے فن میں مہارت حاصل کر سکتی ہیں ۔سلاد بنانے کے لئے نئے اور انوکھے طریقے سیکھے جا سکتے ہیں ۔
اس دوران اگر سلاد کھالی جائے تو بھی نقصان نہیں ہو گا۔ آج کل جلد کی حفاظت اور حسن کی افزائش کے لئے دلچسپ طریقوں سے مصنوعات بنانے کا دلچسپ رجحان اپنایا جارہا ہے ۔خواتین بہت تھوڑے سے سرمائے سے مختصر پیمانے پر اپنا برانڈ بنا سکتی ہیں ۔مختلف تیلوں اور صحت بخش اجزاء کی مدد سے جلد کی حفاظت کرنے والی اور خوب صورت بنانے والی مصنوعات بنا کر وہ آن لائن اپنا کاروبار شروع کر سکتی ہیں۔خوش گوار زندگی کے حصول کے لئے بہت سی خراب عادات ترک کرکے صحت بخش طرز زندگی اختیار کی جا سکتاہے اور اس طرح ہم اپنی اچھی صحت کے ساتھ ایک کامیاب اور خوش گوار زندگی بسر کر سکتے ہیں۔

Browse More Healthart