TB Ke Ilaj Ke Muzir Asrat Aur In Se Bachao - Article No. 2872

TB Ke Ilaj Ke Muzir Asrat Aur In Se Bachao

ٹی بی کے علاج کے مضر اثرات اور ان سے بچاؤ - تحریر نمبر 2872

ٹی بی کی ادویات کھانا ایک حوصلہ مندی کا کام ہے۔کیونکہ یہ ادویات خاصی تلخ ہوتی ہیں تب ہی اس سخت جان جراثیم کا خاتمہ کر پاتی ہیں

پیر 19 اگست 2024

ٹی بی کی ادویات کھانا ایک حوصلہ مندی کا کام ہے۔کیونکہ یہ ادویات خاصی تلخ ہوتی ہیں تب ہی اس سخت جان جراثیم کا خاتمہ کر پاتی ہیں۔البتہ ان کے کھاتے ہوئے اگر کبھی یرقان بنتا ہوا محسوس ہو، نظر دھندلائے، جلد پر کوئی داغ دھبے بننے لگیں، پیشاب کا رنگ شدید گاڑھا ہو، بخار، جسم یا جوڑوں کا درد رہنے لگے، بھوک خراب ہو جائے یا جی متلانے لگے یا کانوں میں بھنبھناہٹ یا پیٹ درد رہنے لگے تو ضرور اپنے ڈاکٹر یا DOTS سنٹر پر رابطہ کریں۔

علاج کے دوران تھوک/بلغم کے ٹیسٹ مقررہ مدت پر کیے جاتے ہیں جن سے علاج کی افادیت سے آگاہ رہنے میں مدد ملتی ہے۔تاہم گھر پر تھوک یا بلغم والے استعمال شدہ رومال یا کپڑوں کو شاپر میں سختی سے بند کر کے گرائیں۔اور اچھی، متوازن غذا کھائیں۔

(جاری ہے)

جس میں چکنائی کم سے کم ہو۔پروٹین کے حصول کے لئے ضروری نہیں کہ آپ گوشت ہی کھائیں بلکہ دیسی انڈے کی سفیدیاں، دالیں اور دلیہ، کالے اور سفید چنے اور مونگ پھلی بھی مفید ہیں اور ان کا استعمال ٹی بی کی ادویات لینے کے دوران مریض کو کرنا چاہیے۔

نیز تمام موسمی تازہ پھل، سبزیاں اور پانی کی مناسب مقدار مریض کو جلد صحت یاب ہونے اور ادویات کے مضر اثرات سے بچا کے رکھنے میں خاص کردار ادا کرتے ہیں۔
ایک احتیاط سب کے لئے یکساں ضروری ہے کہ گھر چھوٹا بھی ہے تو بھی ہوا داری کا انتظام اور اہتمام خوب اچھے سے کریں۔سردیاں ہوں یا گرمیاں، کھڑکیاں دروازے کھول کر ہوا اور روشنی کو گھر میں آنے کا موقع دیں۔
اور فالتو چیزوں سے جلد چھٹکارا حاصل کیا کریں۔گیلاہٹ اور پھپھوندی وغیرہ کا خاتمہ اور سیم زدہ دیواروں پر چونا مل دیا کریں۔مدافعتی کمزور افراد جن کو ایڈز، شوگر، گردوں کے مسائل یا اعضا کی پیوندکاری اور اس سے متعلقہ مسائل اور سب سے بڑھ کر غربت، جس کی وجہ سے تنگ رہائش اور غذائی کمی ٹی بی کی افزائش اور پھیلاؤ کا باعث بنتی ہے۔نیز منشیات کے عادی افراد بھی اس کا آسانی سے شکار بن جاتے ہیں۔

Browse More Healthart