Urdu Shairi - Article No. 1055

Urdu Shairi

اُردو شاعری - تحریر نمبر 1055

فرحت بخش احساس اور دماغی صحت کے لیے مفید ہے

پیر 2 جنوری 2017

غلام زہرا :
اردو ادب میں شعروشاعری کی اہمیت کااعتراف تقریباََ ہر خاص وعام نے کیا ہے ۔ یہ شعراء کے قلبی وخارجی احساسات کی آئینہ دار ہے ۔ اس میں حسن وعشق کابیان نغمے کی شکل میں ملتا ہے تو خیالات وتجربات کی رنگارنگی ، جذبات کے شدتورنگینی کے جلوے نظرآتے ہیں ۔ مرزا غالب نے ایک چھوٹا سا دیوان لکھااور بقائے دوام حاصل کیاان کی شاعری کوعالمی سطح پر بھی خوب پذیرائی حاصل ہوئی ۔
میرتقی میر کوان کی شاعری کی بدولت ” خدائے سخن “ کہا گیا۔ حسرت موبانی ہوں یافیض احمد فیض اور ناصر کاظمی ہر کسی نے اپنے ماحول اور عہد کی ترجمانی کے علاوہ اپنی ولی کیفیات بھی بیان کیں۔ شاعری مشرق علامہ اقبال نے اپنی شاعری میں جوپیغام دیاوہ انہیں منفرد مقام دلواتا ہے ۔

(جاری ہے)


شعری تجربہ شاعر کی داخلی سطح کو متنوع کرتا ہے ۔ مولانا حالی نے شعروشاعری کے مختلف پہلوؤں کو مختلف زاویوں سے دیکھا ہے اور اس کی اصلاح بھی کی ہے ۔

ان کی مطابق شعروشاعری سوسائٹی کے تابع ہوتی ہے ان دونوں کاچولی دامن کاساتھ ہے ۔ عموماََ شاعری سوسائٹی سے متاثر ہوتی ہے اور ساتھ ہی ساتھ شاعری کااثر سوسائٹی پر بھی پڑتا ہے ۔
اُردو شاعری نے بتدریج اپنی اہمیت ومقام تسلیم کرایا ہے۔ دور حاضر میں بھی کئی بہت سے شعراء نے اس میدان میں طبع آزمائی اور اپنے احساسات کو خوبصورت اسلوب میں بیان کیااور یہ حقیقت بھی ہے کہ خیالات کے اظہار کے لئے زبان وبیان بہترین سانچے میں ڈھالا ہوا ہوناچاہئے ۔
اس صورت میں شاعری کا جادوسر چڑھ کر بولتا ہے اور اپناآپ منواتا ہے ۔ مستقل مزاجی سے اپناسفر طے کرنے والی اُردو شاعری کے بارے میں ایک تحقیق سامنے آئی ہے کہ یہ نہ صرف روح کو سرشار کرتی ہے بلکہ دماغ کے لئے بھی یہ فائدہ مند ہے ۔ ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق لکھنو کے سینٹر فاربائیومیڈکل ریسرچرز میں ہونے والے ایک مطالعے میں بتایا گیا ہے کہ اُردو شاعری دماغ کی نشوونما میں کردارادا کرسکتی ہے ۔
مطالعے میں بتایا گیا ہے کہ اُردو شاعری پڑھنے کے دوران دماغ کے مختلف حصے استعمال ہورہے ہوتے ہیں جوفیصلہ سازی، اچھے اور برے کے درمیان تمیز، جذبات قابو کرنے اور تناؤ دور کرنے کے متعلق ہوتے ہیں۔ مطالعہ میں یہ بات سامنے آئی کہ اُردو سیکھنے سے ڈیمنیشیا جیسی دماغی بیماریوں سے بچاجاسکتا ہے ۔ نیزیہ بچوں میں سیکھنے کی معذوری بھی دورکرتی ہے ۔
مطالعہ کے مطابق ہندی، جرمن ، انگریزی اور فرنچ زبانوں کے مقابلے میں اُردو سیکھنا زیادہ مشکل ہے جس کی وجہ سے اس میں دماغ کے کئی حصے استعمال ہوتے ہیں جو دماغی صحت کے لئے اچھی ثابت ہوتی ہے ۔ جوکلام موزوں انسانی جذبات کو اُبھارے اور ان کو تحریک میں لائے وہ شعر ہے اور اُردو شاعری میں یہ صفت ہے کہ یہ صرف احساسات وجذبات کی بہترین ترجمان، ہمارے ذوق کی تسکین کاباعث ایک فرحت بخش احساس تو ہے ہی مگر ہماری دماغی صحت کے لئے بھی بہترین ہے ۔

Browse More Healthart