Ziada Gosht Muzar E Sehat - Article No. 1821

Ziada Gosht Muzar E Sehat

زیادہ گوشت مضر صحت - تحریر نمبر 1821

گوشت سبھی بڑے شوق سے کھاتے ہیں ۔ذیل میں ہم آپ کو گوشت کے فوائد اور نقصانات کے بارے میں بتاتے ہیں ۔

جمعہ 28 فروری 2020

حکیم عبدالرقیب اجملی
گوشت سبھی بڑے شوق سے کھاتے ہیں ۔ذیل میں ہم آپ کو گوشت کے فوائد اور نقصانات کے بارے میں بتاتے ہیں ۔گوشت چند کیمیائی اجزاء ،مثلاً نائٹروجن ،چربی ،نمکیات اور پانی کا مجموعہ ہے ۔اس میں نائٹروجنی اجزاء زیادہ ہونے کی بنا پر اسے نائٹروجنی یا پروٹوجینی غذا کہا جاتاہے ،کیونکہ انسانی جسم کے رگ وریشے زیادہ تر نائٹروجنی مرکبات سے بنے ہوتے ہیں اور مختلف حرکات وافعال سے زندگی میں ہر لمحہ ہمارا جسم تحلیل ہوتا رہتاہے جس کی وجہ سے گوشت کی کمی کوپورا کرنے ،صحت بر قرار رکھنے اور جسمانی نشوونما کے لئے ہمیں روزانہ غذا میں نائٹرو جنی اجزاء کی ضرورت ہوتی ہے ،اس لئے ہم گوشت کھاتے ہیں ۔
ماہرین غذا کہتے ہیں کہ لحمیات(پروٹینز)جو حیوانی غذاؤں سے حاصل ہوتی ہیں ،وہ نباتاتی لحمیات سے زیادہ مفید ہوتی ہیں ۔

(جاری ہے)

اس کا مطلب ہر گز یہ نہیں کہ نباتاتی لحمیات نہ کھائی جائیں ۔نباتاتی لحمیات بھی غذا کو متوازن بنانے کے لئے اتنی ہی ضروری ہیں ،جتنی کہ حیوانی لحمیات۔ انسان کی گوشت خوری کو دیکھا جائے تو تعجب نہیں ہوتا،اس لئے کہ کئی ملکوں میں بعض خانہ بدوش تو ٹڈیاں ،سانپ اور کچھوے تک کھا جاتے ہیں ۔


چین،فلپائن اور گردونواح کے ممالک کے باشندے تو کتے ،بلیاں ،چوہے اور دیگر حیوانات بھی کھاجاتے ہیں ،جنھیں اسلام میں حرام قرار دیا گیا ۔ماہرین طب بھی ایسی غذا کھانے سے منع کرتے ہیں ۔اسی طرح فرانسیسیوں کی مرغوب غذا مینڈک اور کیکڑا ہے ۔افریقہ کے جنگلوں میں رہنے والے لوگ بندر اور لنگور کھاتے ہیں ۔بعض قومیں تو آدم خور ہیں ،وہ انسان کو ہی کھا جاتی ہیں ۔
انسان کو حلال گوشت کھانے چاہیے اور وہ بھی مناسب مقدار میں ۔حلال گوشت سے انسان بہت سی بیماریوں سے محفوظ رہتاہے ۔گوشت کھانے سے جہاں فائدے حاصل ہوتے ہیں ،وہاں اس کے نقصانات بھی ہیں، مثلاً زیادہ گوشت کھانے سے طبیعت پر اگندہ اور غصیلی ہو جاتی ہے ۔اس سے خود غرضی اور نفسانیت میں اضافہ ہوتاہے ۔زیادہ گوشت خوری سے دماغ میں خشکی اور فسادی کیفیت طاری رہتی ہے ۔
اس بات کو بھی مد نظر رکھنا چاہیے کہ جنگجواقوام کے لئے گوشت ایک ضروری غذا ہے ۔انسان کا جوجی چاہے کھائے ،ضرور کھائے ،مگر موسم اور مزاج کے مطابق۔ایک بالغ انسان کو ایک وقت میں دو تین بوٹیوں سے زیادہ گوشت نہیں کھانا چاہے،کیونکہ زیادہ گوشت خوری بیماریوں کا سبب بنتی ہے ۔
گائے کے عمدہ گوشت کی رنگت سرخ ہوتی ہے ،اگر اس کی رنگت زیادہ گہری یا ہلکی ہوتو گوشت اچھا نہیں ہوتا۔
گائے کا گوشت سرخ ہوتو چربی ہلکی زرد ہوتی ہے اور ذائقہ پھیکا ہوتاہے ۔گائے کا گوشت خون میں گاڑھاپن پیدا کرتاہے ،جس سے فساد خون ،ہائی بلڈ پریشر ،ضعف ہضم ،گھٹیا اور عرق النسا جیسے امراض جنم لیتے ہیں ۔گائے کا گوشت روزانہ کھانے سے گردے خراب ہو جاتے ہیں ،غلیظ بخارات دماغ کی طرف جاتے ہیں اور مسوڑوں میں ورم پیدا کرتے ہیں ۔گائے کا گوشت بیماریوں کا سبب ہوتاہے ،البتہ اس کا دودھ شفا بخش ہے ۔
بکرے کا گوشت زود ہضم ہوتا اور صالح خون پیدا کرتاہے ۔اس کا مغز دماغ میں تازگی پیدا کرتاہے ۔گوشت کھانے میں احتیاط سے کام لینا چاہیے ،خاص طور پر رات میں گوشت کھانے سے پرہیز کرنا چاہیے ۔اگر کھانے کو بہت دل چاہے تو مناسب مقدار میں کھانا چاہیے۔ہمارے ہاں تقاریب اور دعوتوں میں باربی کیو کا اہتمام کیا جاتاہے ۔گوشت کوکوئلوں پر بہت دیر تک سینکا جاتا اور شوق سے کھایا جاتاہے ،حالانکہ یہ گوشت مضر صحت ہوجاتاہے۔

Browse More Healthart