Flu Viral Bimari - Article No. 2902

Flu Viral Bimari

فلو وائرل بیماری - تحریر نمبر 2902

اس کا حملہ زیادہ تر سردیوں میں ہوتا ہے

پیر 18 نومبر 2024

سردیوں کا موسم شروع ہو رہا ہے اور موسم کی تبدیلی کے ساتھ ہی بہت سی بیماریاں بھی پھیل رہی ہیں جس میں انفلوئنزہ بہت عام ہے۔انفلوئنزہ جس کو عام طور پر فلو بھی کہا جاتا ہے، انسانوں میں پائی جانے والی ایک وائرل بیماری کا نام ہے اس وائرس کو انفلوئنزہ وائرس کہتے ہیں۔یہ بیماری پرندوں اور دوسرے ممالیا جانوروں میں بھی پائی جاتی ہے۔
انفلوئنزہ کو عموماً دوسری نظام تنفس کی بیماریوں خاص طور پر عام زکام سے ملایا جاتا ہے لیکن یہ ایک الگ بیماری ہے جو خاص وائرس سے ہی ہوتی ہے۔انفلوئنزہ میں متلی اور الٹی ہوتی ہے جبکہ عام زکام میں ایسا کچھ نہیں ہوتا۔انفلوئنزہ دوسری نظام تنفس کی بیماریوں کا باعث بن سکتا ہے خصوصاً نمونیا اور دوسری بیکٹیریائی بیماریاں۔انفلوئنزہ کے وائرس مریض کے چھینکنے اور کھانسنے سے تندرست انسانوں تک پھیل جاتے ہیں۔

(جاری ہے)


جو لوگ اس بیماری سے زیادہ متاثر ہو سکتے ہیں ان میں بوڑھے، بچے، کمزور قوت مدافعت والے اور کرانک بیماریوں مثلاً شوگر والے لوگ شامل ہیں اور ان لوگوں میں عموماً پیچیدگیاں یعنی نمونیا، برونکائٹس، سانس اور کان کے انفیکشن وغیرہ ہونے کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔ایک اہم بات جو یاد رکھنی چاہئے کہ اگرچہ انفلوئنزہ سال میں کسی بھی وقت ہو سکتا ہے لیکن اس کا حملہ زیادہ تر سردیوں میں ہوتا ہے اور ان علاقوں میں بھی یہ زیادہ پھیلتا ہے جہاں نمی اور حبس ہوتا ہے۔
اس سلسلے میں سب سے اہم بات ہے کہ اگر آپ بیمار ہوں تو اپنے کمرے میں رہیں تاکہ دوسرے لوگ محفوظ رہیں اور اگر کوئی دوسرا بیمار ہو تو اس سے فاصلے پر رہیں تاکہ آپ محفوظ رہ سکیں۔بیمار لوگوں کو چاہئے کہ کھانستے اور چھینکتے وقت ناک اور منہ پر رومال رکھیں۔اپنے ہاتھ اور منہ صابن اور پانی سے دھوتے رہیں تاکہ جراثیم سے محفوظ رہیں۔بغیر دھوئے اپنی آنکھوں، ناک اور منہ کو چھونے سے گریز کریں اور تندرست لوگ اپنی صحت کو برقرار رکھنے کے لئے پوری نیند لیں۔ورزش کرتے رہیں اور ذہنی دباؤ سے دور رہیں۔پانی زیادہ مقدار میں پئیں۔پھل اور سبزیوں کا استعمال کریں۔

Browse More Nose And Ear