Methi Se Sehat Or Dilkashi Payeen - Article No. 1674

Methi Se Sehat Or Dilkashi Payeen

میتھی سے صحت اور دلکشی پائیے - تحریر نمبر 1674

ذیا بیطس کے علاج میں میتھی کو مفید بتایا جاتاہے۔بتایا جاتاہے کہ شوگر کے مرض میں میتھی دانہ کا استعمال جسم میں شوگر کی سطح کو متوازن رکھنے اور انسولین کی مزاحمت کو کم کرتاہے۔

ہفتہ 14 ستمبر 2019

ذیا بیطس کے علاج میں میتھی کو مفید بتایا جاتاہے۔بتایا جاتاہے کہ شوگر کے مرض میں میتھی دانہ کا استعمال جسم میں شوگر کی سطح کو متوازن رکھنے اور انسولین کی مزاحمت کو کم کرتاہے۔ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ چندروز تک میتھی کے بیج پیس کر روزانہ تقریباً بیس گرام کھانے سے خون میں شوگر کی مقدار کم ہوجاتی ہے۔ماہر معالج کے مشورے پر شوگر کے تناسب سے میتھی کے بیج کا استعمال 100گرام روزانہ تک بھی کیا جا سکتا ہے ۔
میتھی کے بیج دال کی طرح یا کسی سبزی میں ملا کر پکا کے بھی استعمال ہو سکتے ہیں ۔شوگر کے مریضوں کو میتھی کے بیج استعمال کروانے کا طریقہ یہ ہے کہ میتھی کے بیجوں کو پیس لیں اور صبح دوپہر شام بیس بیس گرام سادہ پانی سے استعمال کریں۔شوگر زیادہ ہوتو تیس تیس گرام اور اگر کم ہوتو دس دس گرام بھی صبح دو پہر شام استعمال کیے جا سکتے ہیں ۔

(جاری ہے)

ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس کے استعمال کے کوئی مضر اثرات نہیں ہیں۔


ہارمونز کی بے ترتیبی
ایک چائے کا چمچ میتھی دانہ ایک کپ پانی میں شامل کرکے پینا ہارمونز کی بے ترتیبی میں مفید بتایا گیا ہے۔
اسٹریس اور پریشانی کا علاج
اگر مسلسل ذہنی دباؤ ہوتو اس کے لیے میتھی دانہ،لیموں کا رس،شہد ،تلسی کے چند پتے اور ایک دار چینی کا ٹکڑا ایک کپ پانی میں اُبال کر ٹھنڈا کرکے پی لیا جائے۔

ماہواری کے درد میں کمی
ایک چٹکی میتھی دانہ ایک گلاس نیم گرم پانی کے ساتھ پینا ماہواری کے درد میں مفیدہے۔ایام مخصوصہ سے دو یا تین دن پہلے بھی اگر اس نسخہ پر عمل کیا جائے تو periodsکی وجہ سے ہونے والی دوسری پریشانیوں سے بھی محفوظ رہا جا سکتاہے۔
بلیک ہیڈز کے خاتمے کے لیے
تین کھانے کے چمچ میتھی دانہ دو کپ پانی میں اتنا اُبالیں کہ پانی آدھ رہ جائے۔
اب میتھی دانہ کا پیسٹ بنالیں اور اس پیسٹ کو بلیک ہیڈز اور کھلے مساموں پر لگائیں۔اسے خشک ہونے دیں پھرچہرے پر اسکرب کرکے اُتار لیں۔پہلی مرتبہ کے استعمال سے واضح فرق محسوس ہوگااور چند روز کے استعمال سے بلیک ہیڈز ختم ہو جائیں گے۔میتھی دانہ کے پانی کو بالوں کی جڑوں میں پوری رات لگا رہنے دیں۔صبح نیم گرم پانی سے دھولیں۔اس سے بالوں کی جڑیں مضبوط ہوتی ہیں اور بال گھنے ہوتے ہیں۔

نئی ماؤں کے لیے
میتھی دانہ دودھ پلانے والی ماؤں کے لیے مفید ہے ۔اس کے علاوہ ڈیلیوری کے بعد ہونے والی کمزوری میں بھی میتھی دانے کا استعمال مفید ہے۔یہ ہڈیوں کو مضبوط کرتاہے۔
نزلہ وزکام کے لیے
نزلہ زکام،سینے کی تکلیف اور بلغم بننے میں اس کا استعمال مفید ہے۔صبح وشام دو چائے کے چمچ ایک کپ پانی میں جوش دے کر شہد سے میٹھا کرکے پی لیں۔
مسلسل استعمال سے پرانا نزلہ بھی ختم ہو جاتاہے۔میتھی کی خوشبو ہی اشتہا انگیز ہوتی ہے۔جن کھانوں میں میتھی استعمال ہوتی ہے وہ ناصرف خوش ذائقہ بلکہ صحت بخش بھی ہوتے ہیں․․․․میتھی صحت کے ساتھ حسن کی بھی ضامن ہے۔ہمارے ہاں میتھی کا ساگ شوق سے کھایا جاتاہے۔قصور کی میتھی دیگر علاقوں کی میتھی کے مقابلے میں زیادہ خوشبو دار ہوتی ہے۔
ماہرین کے مطابق میتھی میں قدرت نے لحمیات اور ایمونیاتی ترشوں کا تناسب اس خوبصورتی سے قائم کیا ہے کہ اپنی ہیئت کے لحاظ سے یہ دودھ کے قریب ترین ہے اس میں فاسفورس کے علاوہ فولاد کی ایک ایسی نامیاتی قسم پائی جاتی ہے جو پیٹ خراب کیے بغیر فوراً ہی جذب ہو کر جسم سے خون کی کمی دور کرتی ہے ۔
اس میں مختلف قسم کے الکلائیڈ ہوتے ہیں۔ان میں سے ایک کئی فوائد کا حامل Trigonellineبھی ہے۔امریکی محقق کے مطابق”اپنے اجزاء اور ہیت ترکیب کے لحاظ سے میتھی مچھلی کے تیل کا مکمل نعم البدل ہے“۔ایک اورمحقق کا کہنا ہے۔”بعض اوقات اس کے اثرات مچھلی کے جگر کے تیل سے بھی بہتر ہوتے ہیں“۔
میتھی کے بیج شوگر اور دل کے امراض میں مفید ہیں۔
میتھی کے بیجوں میں لعاب دار اجزاء آنتوں کی جلن،گیس ،پرانی پیچش اور معدے کے السر کے لیے مفیدہیں۔امراض نسواں میں میتھی دانے کی چائے مفید ہے۔میتھی دانے میں تیزی سے حل ہونے والا Volatile Oilتیل ہوتا ہے جو جسم کے لیے مفید ہے،یہ جسم کے خلیوں میں جذب ہو کر امراض کے خلاف قوت مدافعت پیدا کرتاہے۔جوڑوں اور جلدی امراض میں مبتلا افراد کھانوں میں میتھی دانے کا سفوف استعمال کرکے کئی فوائد حاصل کر سکتے ہیں۔

میتھی کا جو شاندہ :حلق کی سوزش ،ورم،دکھن کے لیے میتھی کا جو شاندہ مفید ہے ،اسے پینے سے سانس کی گھٹن کم ہوتی ہے۔یہ کھانسی کی شدت میں مفید ہے۔میتھی کے جو شاندے سے سردھونے سے سر کی خشکی کم ہوتی ہے۔
قبض
میتھی پیٹ کے کیڑے مارتی ہے،ہاضمہ درست کرتی ہے اور بلغمی مزاج رکھنے والوں کے لیے مفید ہے۔قبض کی صورت میں میتھی کے بیج کا سفوف گُڑ میں ملا کر صبح اور شام پانچ گرام کی مقدار میں کھایا جائے تو آنتوں کی کار کردگی بہتر ہوتی ہے اور قبض بھی دور ہو جاتا ہے جبکہ جگر کو بھی تقویت ملتی ہے۔

چہرے پر کیل مہاسے
چہرے پر کیل اور مہاسوں کو دور کرنے کے لیے چار کپ پانی میں چار کھانے کے چمچ میتھی دانہ شامل کرکے رات بھر کے لیے رکھ دیں۔صبح اس پانی کو چھان کر پندرہ منٹ تک اُبالنے کے بعد ٹھنڈا کرلیں،یہ پانی روزانہ دن میں دو مرتبہ چہرے کی جلد پر لگانے سے کیل مہاسے دور ہو جاتے ہیں۔
زیبائش حسن
میتھی افزائش حسن میں بھی مفید بتائی جاتی ہے ۔
چہرے کے داغ دھبے دور کرنے کے لیے میتھی کے لعاب داربیج پیس کرچہرے پر اس کا مساج کریں۔ میتھی کے بیجوں کو پانی میں پیس کر ہفتے میں دو مرتبہ سردھونے سے سر کے بال کالے ہوجاتے ہیں اور گرنے بند ہوجاتے ہیں۔200گرام میتھی کی پتیاں پیس کر ان کا لیپ ہفتے میں ایک مرتبہ سر پر ایک گھنٹہ لگانے سے خشکی بھی دور ہو جاتی ہے۔یہ فنگس میں بھی مفیدہے ۔میتھی کی تازہ پتیوں کا لیپ روزانہ چہرے پر لگا کر کچھ دیر بعد چہرہ گرم پانی سے دوھنے سے چہرے کی جھائیوں اور خشکی سے محفوظ رہا جا سکتاہے۔

فوائد
میتھی کے استعمال سے آنکھوں کی پیلاہٹ دور ہو تی ہے۔
میتھی کے استعمال سے منہ کا کڑوا ذائقہ درست ہوجاتاہے۔
میتھی کھانے سے رال بہنے جیسے مسئلے سے نجات ملتی ہے۔
میتھی بھوک کی کمی کو دور کرتی ہے۔
میتھی کھانے سے کھٹی ڈکاریں نہیں آتیں۔
میتھی کھانے سے بد ہضمی سے نجات ملتی ہے۔
میتھی خون کی کمی کودور کرتی ہے۔

میتھی کھانے سے جلد خاص طور پر چہرہ پر رونق ہو جاتاہے۔
میتھی کا استعمال جسم کے دردوں سے آرام پہنچاتاہے۔
میتھی بلغم اور گلے کی خراش میں فائدہ مند ہے۔
میتھی کے استعمال سے پیشاب کھل کر آتاہے۔
بند حیض میں اس کا جو شاندہ مفید ہوتاہے۔
میتھی میں ایسے کیمیائی اجزاء موجود ہیں جو تحریک پیدا کرتے ہیں۔لہٰذا سست وکاہل حضرات کے لئے یہ بہت مفید ہے۔

میتھی دانہ بالوں کو مزید صحت مند اور لمبا کر سکتا ہے۔تھوڑا سا میتھی دانہ ناریل کے تیل میں شامل کرکے بوتل میں ڈال کر ڈھکن مضبوطی سے بند کردیں۔اس بوتل کو تین ہفتوں کے لیے ایسے مقام پر رکھ دیں،جو ٹھنڈا ہو ،لیکن وہاں سورج کی روشنی نہ پہنچ سکے۔اس کے بعد یہ تیل سر کی چوٹی میں لگائیں۔اس تیل کے استعمال سے بال خوبصورت اور صحت مند ہو جاتے ہیں۔

ہارت اٹیک سے بچاؤ
صحت بخش غذا کے ساتھ میتھی دانے کا استعمال ہارٹ اٹیک کا خطرہ کافی حد تک کم کرتاہے۔میتھی کا استعمال خون کی رگوں میں نرمی بحال کرتا ہے اور ان کی قدرتی لچک واپس لاتاہے۔
کینسر سے بچاؤ
میتھی دانہ کا تیل کینسر کے مریضوں کے لیے مفید ہے۔یہ تیل ایسے اجزاء پر مشتمل ہوتا ہے ،جو کینسر کے خلیوں کے خلاف مزاحمت کرتے ہیں۔
اسی وجہ سے کینسر کے مریضوں کے لیے یہ تیل مفید بتایا جاتاہے۔
کولیسٹرول کی سطح
میتھی دانہ جسم میں موجودبڑے کولیسٹرول کی سطح کو کم کرنے کے لیے مفید ہے۔
جگر کی حفاظت
جگر ہمارے جسم میں پائے جانے والے زہریلے مادوں کی صفائی کاکام کرتا ہے۔ بہت زیادہ غیر صحت بخش غذاؤں کے استعمال کی وجہ سے جگر کے فعل پر دباؤ آتا ہے،جس کی وجہ سے اسے شدید مسائل کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔
میتھی دانہ جگر کو زہریلے مادوں کی صفائی کے حوالے سے مدد فراہم کرتاہے۔
وزن میں کمی
تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ روزانہ میتھی دانہ کے استعمال سے جسم میں موجود چربی کو کم کیا جا سکتاہے۔میتھی دانہ دو سے چھ ہفتے تک روزانہ تین مرتبہ تقریباً300ملی گرام کھانے سے وزن میں کمی ہوسکتی ہے۔یہ بھوک کو کم کرتاہے۔
نزلہ،زکام ،چھینکیں،ڈسٹ الرجی
میتھی میں قدرتی طور پر اینٹی الرجی خصوصیات پائی جاتی ہیں لہٰذا یہ نزلہ زکام ،کثرت سے چھینکیں آنا اورڈسٹ الرجی میں مبتلالوگوں کے لئے مفید ہے۔
ایک چمچ میتھی دانہ لے کر آدھا گلاس پانی میں ابال کر ،چھان کر اس میں شکریا شہد ملا کر صبح نہار منہ یا پھر رات کو سونے سے پہلے چند روز تک استعمال کرنا ڈسٹ الرجی میں مفید بتایا جاتاہے۔

Browse More Paralysis