Pait Ki Charbi Se Nijat - Article No. 2218

Pait Ki Charbi Se Nijat

پیٹ کی چربی سے نجات - تحریر نمبر 2218

آپ اپنی خوراک پر کنٹرول کرکے بھی پیٹ کی چربی کو گھٹا سکتے ہیں

جمعہ 6 اگست 2021

عبدالرحمن
ہم میں سے ہر کوئی کھانے پینے کا شوقین ہے مگر ہر وقت’جنک فوڈ‘ کا استعمال ہماری صحت کو متاثر کرتا ہے اور ہمارا وزن بڑھانے میں خصوصاً پیٹ کی چربی میں اضافے کا باعث بنتا ہے۔اگر پیٹ بڑھا ہوا ہو تو یہ انسان کی ظاہری خوبصورتی کو بھی خاصا متاثر کرتا ہے۔انسان کی خواہش تو ہوتی ہے کہ کسی طرح وہ اپنا پیٹ کم کرے لیکن اس کیلئے وقت نکالنا اور اپنے معمولات زندگی میں تبدیلی لانا انتہائی کٹھن ہوتا ہے۔

اس آرٹیکل میں آج ہم آپ کو بتائیں گے کہ پیٹ بڑھنے کے کیا نقصانات ہیں اور کس طرح آپ اپنے معمولات میں تبدیلی لا کر پیٹ کی چربی کو گھٹا سکتے ہیں۔آپ اپنی خوراک پر کنٹرول کرکے بھی پیٹ کی چربی کو گھٹا سکتے ہیں۔ایک مکمل غذا جس میں پھل،سبزیاں اور پروٹین شامل ہو،اگر اعتدال سے کھائی جائے تو وہ پیٹ کو بڑھنے سے روکتی ہے۔

(جاری ہے)

ان میں موجود وٹامن،معدنیات اور اینٹی آکسیڈنٹس آپ کو تروتازہ رکھتے ہوئے غذا کی کمی کو پورا کرتے ہیں۔

آپ کو راتوں رات تو اس کا پھل نہیں ملے گا لیکن اس کے دور رس نتائج ضرور سامنے آئیں گے۔کھانے کے وقت کی بڑی اہمیت ہے،پیٹ بھر کر نہ کھائیں بلکہ پچھلا کھانا ہضم ہونے اور بھوک لگنے کے بعد ہی کھانا کھائیں۔
ماہرین چار وقت کھانا کھانے کا مشورہ دیتے ہیں یعنی صبح اٹھنے کے بعد ناشتہ،دوپہر میں کھانا،شام کے وقت ہلکا ناشتہ اور پھر رات کا کھانا کھائیں۔
صبح کا ناشتہ ترک کرنا ایک غیر صحت مندانہ عمل ہے،یہ دن بھر کے تمام کھانوں میں اہم تصور کیا جاتا ہے۔غذائیت سے بھرپور ناشتہ کریں جو دن بھر آپ کی توانائی کو برقرار رکھنے میں مدد دے گا۔اس کے علاوہ اپنے روزمرہ معمولات میں پانی زیادہ سے زیادہ استعمال یقینی بنائیں۔
پانی آپ کے نظام ہضم کو بہتر بنانے کے ساتھ جسم سے فاضل مواد اور ٹاکسن کے اخراج میں مدد فراہم کرتا ہے۔
غذا میں کسی بھی چیز کی کمی یا زیادتی دونوں ہی نقصان دہ ہوتی ہیں۔ایک عام آدمی کو ہر دن 1500 سے 2000 کیلوریز کی ضرورت ہوتی ہے،اس سے زیادہ کیلوریز اگر ہماری غذا میں ہوں تو وہ جسم میں شکر اور چربی کی صورت میں جمع ہو جاتی ہیں۔کوشش کریں کہ زیادہ کیلوریز والی غذاؤں (سموسہ،برگر،پیزا اور کولڈ ڈرنک) کو اگر ترک نہیں کر سکتے تو کم سے کم اس کے استعمال میں کمی لے آئیں۔
ذیل میں چند احتیاطی تدابیر درج ہیں جن پر عمل کرکے پیٹ کی چربی کو بڑھنے سے روکا جا سکتا ہے۔
ایک گلاس نیم گرم پانی میں لیموں کا رس شامل کرکے چٹکی بھر نمک ڈالیں اور پی جائیں،اس کا روزانہ استعمال رفتہ رفتہ بڑھے پیٹ کو کم کرتا ہے۔
سفید چاول کا استعمال کم کر دیجئے،اس کی جگہ بھورا چاول زیادہ مفید رہے گا۔اس کے علاوہ براؤن بریڈ،جو،اور دلیے وغیرہ کو اپنی غذا کا حصہ بنائیے جس سے فائبر کی کمی دور ہو گی اور دوسری جانب چربی گھلانے میں بھی مدد ملے گی۔

شکر اور اس سے بنی اشیاء کا استعمال بند کرنا اگرچہ مشکل ہے لیکن اس سے پرہیز بہت ضروری ہے۔شکر والے مشروبات میں تیل موجود ہوتا ہے جو پیٹ اور جسم میں کئی جگہ چربی بڑھاتا ہے۔
ہر صبح دیسی لہسن کے ایک یا دو جوے کھانا بہت مفید ہوتا ہے۔ان سب کے ساتھ ورزش کو معمول بنائیں۔

Browse More Weight Loss