Toond Amraz Ki Alamat - Article No. 2147

Toond Amraz Ki Alamat

توند امراض کی علامت - تحریر نمبر 2147

ڈائٹنگ سے لے کر جم (GYM) جانے تک متعدد طریقوں سے لوگ توند سے نجات پانے کی کوشش کرتے ہیں،تاکہ اس اضافی چربی کو جلد از جلد گھلایا جا سکے

جمعہ 7 مئی 2021

کیا آپ کو پیٹ اور کمر کی بڑھتی ہوئی چربی یا آسان الفاظ میں توند سے نجات پانے میں مشکل کا سامنا ہے؟اگر ایسا ہے تو آپ پریشان نہ ہوں،اس لئے کہ آپ اکیلے نہیں ہیں۔دنیا بھر میں کروڑوں افراد کو اس مشکل کا سامنا ہے۔ڈائٹنگ سے لے کر جم (GYM) جانے تک متعدد طریقوں سے لوگ توند سے نجات پانے کی کوشش کرتے ہیں،تاکہ اس اضافی چربی کو جلد از جلد گھلایا جا سکے۔
ماہرین کے مطابق متوازن غذا اور ورزش کو معمول بنانا توند کی چربی گھٹانے کا سب سے موٴثر طریقہ ہے،تاہم کچھ غذائیں ایسی بھی ہیں،جو اس چربی کو بڑھانے کا باعث بنتی ہیں اور اکثر ان کو دیکھ کر ہاتھ روکنا مشکل ہو جاتا ہے۔
ڈونٹس
اگر ڈونٹس (DONUTS) کو دیکھ کر خود کو روکنا مشکل ہوتا ہے تو جان لیں کہ ان کو زیادہ کھانا توند کے حجم میں اضافے کا باعث بنتا ہے۔

(جاری ہے)

عام طور پر ایک ڈونٹ میں 260 حرارے (کیلوریز) ہوتے ہیں،جن کو جلانے کے لئے روزانہ بہت زیادہ چہل قدمی یا تیز قدمی کی ضرورت ہوتی ہے۔
آئس کریم
آئس کریم دیکھ کر کس کا دل اسے کھانے کو نہیں چاہے گا،مگر اس کے آدھے کپ میں 230 حرارے ہوتے ہیں اور وہ بھی سادہ اور ونیلا آئس کریم میں۔
چپس
چپس کے 15 ٹکڑوں میں 160 حرارے ہوتے ہیں،مگر اہم سوال یہ ہے کہ اتنی مقدار سے کس کا دل بھرتا ہے؟اور زیادہ کھانے کے نتیجے میں زیادہ چکنائی،نمک اور حرارے جسم کا حصہ بنتے ہیں اور توند نکلنے کا امکان بڑھتا ہے۔

چربی والا گوشت
اگر آپ سرخ گوشت بہت شوق سے اور زیادہ مقدار میں کھاتے ہیں تو جان لیں کہ اس میں نہ صرف حرارے بہت زیادہ ہوتے ہیں،بلکہ جسم کے لئے نقصان دہ چربی کی مقدار بھی زیادہ ہوتی ہے،لہٰذا اس کا کم مقدار میں کھانا تو ٹھیک ہے،مگر زیادہ کھانا توند کا شکار بنا سکتا ہے۔ چربی سے پاک گوشت کھانے کی عادت ڈالیں۔
پیزا
پیزا (PIZZA) صحت کے لئے مفید ہو سکتا ہے،تاہم اگر اس کے اوپر گوشت کے ٹکڑے موجود ہوں تو اس کے ایک ٹکڑے میں 300 سے زیادہ حرارے ہو سکتے ہیں۔
پیزا کا ایک ٹکڑا کھانے پر اور دل چاہتا ہے،لہٰذا زیادہ حراروں کا مطلب جسم میں چربی کی مقدار بڑھنے کا زیادہ امکان ہوتا ہے۔
برگر
زیادہ بڑے برگر میں حراروں کی مقدار بھی بہت زیادہ ہوتی ہے۔بڑے برگر میں تو ایک ہزار سے زیادہ حرارے ہوتے ہیں،جب کہ 75 گرام تک چکنائی ہوتی ہے،جس کا نتیجہ توند کی شکل میں ہی نکلتا ہے۔
فرنچ فرائز
فرنچ فرائز تھوڑی مقدار میں تو پھر بھی بہتر ہیں،مگر زیادہ کھانے سے لگ بھگ اتنے ہی حرارے جسم کا حصہ بن سکتے ہیں،جتنا ایک بڑا برگر کھانے سے،جس کا اثر اوپر درج کیا جا چکا ہے۔

بہت زیادہ مشروبات
کیا آپ کو معلوم ہے کہ ایک مشروب میں کتنے حرارے ہوتے ہیں؟مشروب کی ایک عام بوتل میں 250 حرارے ہو سکتے ہیں اور ان کی زیادہ مقدار پینے سے زیادہ چینی جسم کا حصہ بنتی ہے،جو توند بڑھانے کی ایک بڑی وجہ ہے۔
فروزن غذائیں
فروزن غذاؤں کی دستیابی بہت بڑی سہولت ہے،مگر فروزن گوشت کے پکوان کی مقدار پر نظر رکھنے کی ضرورت ہوتی ہے۔
کچھ پکوانوں میں حراروں،نمک اور ٹرانس فیٹ کی مقدار بہت زیادہ ہوتی ہے،جو توند نکلنے کا خطرہ بڑھاتی ہے۔
بوفے
اگر آپ اپنی پلیٹوں کو بھرنے کی خواہش پر قابو نہیں پا سکتے تو کم از کم صحت بخش غذاؤں کا انتخاب ہی کر لیں،یعنی سلاد اور سبزی کھانے کو ترجیح دیں اور چکنائی والی غذاؤں سے گریز کریں۔

Browse More Weight Loss