پشاور میں پولیو ویکسین سے متاثرہ تمام بچوں کی حالت خطرے سے باہر ہے، معاملہ کی گہرائی تک تحقیقات کرائیں گے

وزیراعظم کے فوکل پرسن برائے پولیو تدارک بابر عطاء کا ٹویٹ، متاثرہ بچوں کے والدین سے یکجہتی و ہمدردی کے اظہار

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2019ء) وزیراعظم کے فوکل پرسن برائے پولیو تدارک بابر عطاء نے کہا ہے کہ پشاور میں پولیو ویکسین سے متاثرہ تمام بچوں کی حالت خطرے سے باہر ہے، معاملہ کی گہرائی تک تحقیقات کرائیں گے ۔

(جاری ہے)

پشاور میں پولیو ویکسین سے بچوں کی حالت بگڑنے سے متعلق خبروں کے بعد والدین سے یکجہتی و ہمدردی کے اظہار کے لئے اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ کچھ دیر پہلے میری ایچ ایم سی پشاور سے ٹیلی فون پر تفصیلی بات ہوئی ہے اور انہوں نے آگاہ کیا ہے کہ تمام بچوں کی حالت اب بہتر ہے اور توقع ہے کہ شام تک انہیں ڈسچارج کر دیا جائے گا۔

بابر عطاء نے مزید کہا کہ میں والدین کو یقین دلاتا ہوں کہ پولیو ویکسین کے ایک مخصوص سکول کے بچوں میں مبینہ ری ایکشن کے واقعہ کی تحقیقات کرائی جائیں گی ۔بابر عطاء کا کہنا تھا کہ پشاور میرا اپنا شہر ہے،جہاں میں نے زندگی کے 18 سال گزارے ہیں۔یہ بچے میرے اپنے خاندان کے بچوں کی طرح ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم معاملہ کی تہہ تک جائیں گے ۔انشاء اللہ تحقیقات کو بھی منظر عام پر لایا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ اس وقت خبر یہ ہے کہ الحمداللہ تمام بچوں کی حالت خطرے سے باہر ہے ۔

Your Thoughts and Comments