اسلام آباد کے 6گھنٹے تک یرغمال رہنے پر سپیکر قومی اسمبلی نے حکومت سے جواب طلب کرلیا،مسلم لیگ (ن) کے چیف وہیپ شیخ آفتاب کی قومی اسمبلی کو اسلام آباد واقعہ پرتفصیلی بریفنگ کی یقین دہانی، وزیر داخلہ کے قومی اسمبلی سے غیر حاضر رہنے پر ارکان کاشدید احتجاج ،کل پتہ چلا سیکورٹی اداروں کی اہلیت اور صلاحیت کیا ہے؟ ،ایس ایس پی تک کو گولی چلانے کی اجازت نہیں، پولیس کانسٹیبلز کی حاضر دماغی سے بغیر حکم ازخود گولی چلا کر ملزم کو گرایا،صدر، وزیراعظم اور پارلیمنٹ ہاوٴسز، پارلیمنٹ لاجز زیرو سیکورٹی پر ہیں،یہ تو غیر تربیت یافتہ آدمی تھا، پیرودھائی، سبزی منڈی،پشاور موڑ کے علاقے انتہا پسندوں کے نرغے میں ہیں ،اگر کوئی تربیت یافتہ شخص آ گیا تو کیا ہو گا، شیخ رشید ، نبیل گبول ، نوید قمر کا اسمبلی اجلاس میں بیان

اسلا م آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔16اگست۔2013ء)اسلام آباد میں پانچ گھنٹے تک شوٹ آوٹ کے واقعہ پر سپیکر قومی اسمبلی نے حکومت سے جواب طلب کر لیا، مسلم لیگ (ن) کے چیف وہیپ شیخ آفتاب کی قومی اسمبلی کو تفصیلی بریفنگ کی یقین دہانی ، وزیر داخلہ چوہدری نثار کے قومی اسمبلی سے غیر حاضر رہنے پر ارکان نے شدید احتجاج کیا اور شیم شیم کے نعرے لگائے،اجلاس میں شوٹ آؤٹ پر اظہار خیال کرتے ہوئے ارکان اسمبلی نے کہا کہ کل پتہ چلا سیکورٹی اداروں کی اہلیت اور صلاحیت کیا ہے؟ ،ایس ایس پی تک کو گولی چلانے کی اجازت نہیں، پولیس کانسٹیبلز کی حاضر دماغی سے بغیر حکم ازخود گولی چلا کر ملزم کو گرایا،صدر، وزیراعظم اور پارلیمنٹ ہاوٴسز، پارلیمنٹ لاجز زیرو سیکورٹی پر ہیں،یہ تو غیر تربیت یافتہ آدمی تھا، پیرودھائی، سبزی منڈی،پشاور موڑ کے علاقے انتہا پسندوں کے نرغے میں ہیں ،اگر کوئی تربیت یافتہ شخص آ گیا تو کیا ہو گا۔

(جاری ہے)

قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر سردار ایاز صادق کی زیرصدارت ہوا۔ ایم کیو ایم کے رکن نبیل گبول نے گزشتہ رات اسلام آباد کو یرغمال بنائے جانے کے واقعہ پر بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں کل پتہ چلا کہ سیکورٹی اداروں کی اہلیت اور صلاحیت کیا ہے؟ ایس ایس پی تک کو گولی چلانے کی اجازت نہ تھی۔ چار پولیس کانسٹیبلز کی حاضر دماغی سے بغیر حکم ازخود گولی چلا کر ملزم کو گرایا۔

نبیل گبول نے کہا کہ آخری وقت میں سکندر سرینڈر کرنے آرہا تھا اس لئے بیوی بچے بھی اس کے ہمراہ تھے۔ صدر، وزیراعظم اور پارلیمنٹ ہاوٴسز، پارلیمنٹ لاجز زیرو سیکورٹی پر ہیں۔عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا کہ یہ تو غیر تربیت یافتہ آدمی تھا، پیرودھائی، سبزی منڈی،پشاور موڑ کے علاقے انتہا پسندوں کے نرغے میں ہیں اگر کوئی تربیت یافتہ شخص آ گیا تو کیا ہو گا۔

کچھ دن پہلے بھی سازش پکڑی گئی کہ تین خود کش حملہ آور پیراشوٹ کے ذریعے ریڈزون میں اتر کر حملہ کرنا چاہتے تھے۔ پیپلز پارٹی کے نوید قمر نے کہا کہ اتنا بڑا واقعہ ہو گیا اور وزیر داخلہ چوہدری نثارایوان سے غائب ہیں،کل کے واقعہ میں وزیر داخلہ کا کردار سمجھ میں نہیں آیا کہ وہ کیا کر رہے تھے۔تحریک انصاف کے ارکان نے حکومتی وزراء کی عدم موجودگی پر ایوان میں شیم شیم کے نعرے لگائے۔ اسپیکر اسمبلی نے حکومت کو ہدایت کی کہ ایوان کو بتائے کہ گزشتہ روز کا واقعہ کیوں اور کیسے پیش آیا۔ شیخ آفتاب نے کہا کہ حکومت آئندہ اجلاس میں واقعے پر تفصیلی جواب دے گی۔ اجلاس پیر کی شام چار بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔

Your Thoughts and Comments