ْدوا ساز کمپنیوں کا نئے جنوبی افریقی کورونا وائرس ’اومی کرون‘ کی ویکسین کی تیاری کا دعویٰ

فائزر کمپنی کیساتھ تیار کی جانیوالی کورونا ویکسین کی اومی کرون کیخلاف موثریت کا 2 ہفتوں میں پتہ چل جائیگا،بایو این ٹیک

نیو یارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 نومبر2021ء)دنیا بھر کی بڑی دوا ساز کمپنیوں کی جانب سے تیزی سے منتقل ہونے والے تباہ کن کورونا وائرس کے جنوبی افریقی نئے ویرینٹ ’اومی کرون‘ کی ویکسین کی تیاری اور جانچ کے دعوے سامنے آ رہے ہیں۔جرمن دوا ساز کمپنی بایو این ٹیک نے کہا ہے کہ 100 دنوں میں کورونا ویکسین کا تازہ ترین ورژن تیار کر کے شپمنٹ کر سکتے ہیں۔

بایو این ٹیک نے کہا ہے کہ فائزر کمپنی کیساتھ تیار کی جانے والی کورونا وائرس کی ویکسین کی اومی کرون کے خلاف موثریت کی جانچ جاری ہے، جس کا 2 ہفتوں میں پتہ چل جائے گا۔ادھر امریکی کمپنی موڈرنا نے بھی کورونا وائرس کے نئے ویرینٹ اومی کرون کیلئے بوسٹر ویکسین کی تیاری کا اعلان کر دیا۔جانسن اینڈ جانسن کمپنی نے بھی اومی کرون ویرینٹ کے خلاف اپنی کورونا ویکسین کی موثریت جانچنے کا اعلان کیا ہے۔

(جاری ہے)

کمپنی کا کہنا ہے کہ اومی کرون کے خلاف جانسن اینڈ جانسن ویکسین کی افادیت کا جائزہ لے رہے ہیں۔ادھر ایسٹرازینیکا کمپنی کی جانب سے کورونا ویکسین کے اومی کرون ویرینٹ کے خلاف کارکردگی دیکھنے کیلئے تحقیق کی جا رہی ہے۔ایسٹرازینیکا کمپنی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ بوٹسوانا اور ایسواٹینی میں اومی کرون ویرینٹ کے خلاف کارکردگی دیکھنے کیلئے تحقیق کر رہے ہیں۔

Your Thoughts and Comments