ڈی سی او قصور عدنان ارشد اولکھ کے زیر صدارت تین روزہ پولیو مہم کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس

ضلع قصور میں پولیو مہم 16فروری سے شروع ہوگی ،5لاکھ64ہزار973بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائینگے ،بریفنگ

قصور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9فروری 2015ء)ڈی سی او قصور عدنان ارشد اولکھ کے زیر صدارت تین روزہ قومی پولیو مہم کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس گزشتہ روز ڈی سی او کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایم پی ایز حاجی نعیم صفدر انصاری ، یعقوب ندیم سیٹھی ، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکر محمد شاہد ، ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر محمد شکور ‘ڈی ایچ او ڈاکٹر انجم جمال ‘ڈسٹرکٹ سرویلنس آفیسر و انچارج پولیو مہم ڈاکٹر محمد خالد ‘ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر نیشنل پروگرام ڈاکٹر نذیر احمد ، ڈبلیو ایچ او کے نمائندے حبیب اللہ ، ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر شفیق احمد رانا ، اسسٹنٹ کمشنر پتوکی محمد نواز گوندل ‘اے سی کوٹ رادھا کشن سرمد تیمور ، اینٹا مالوجسٹ محمد خرم ابراہیم ، ڈی او سوشل ویلفیئر عباد علی جتالہ ‘ڈی او پاپولیشن ویلفیئر میاں محمد امجد فاروق ‘ڈی او سول ڈیفنس مسز نگہت ریاض ‘ڈی ڈی ایچ اوز ہیلتھ قصور ‘پتوکی ‘چونیاں ‘کوٹ رادھا کشن ‘پولیس ‘صحافیوں اور دیگر ضلعی افسران نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اجلاس کوانچارج پولیو مہم ڈاکٹر محمد خالد نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع قصور میں تین روزہ پولیو مہم16تا 18فروری 2015ء تک منعقد ہو رہی ہے ۔ اس مہم کے دوران ضلع بھر میں پانچ سال سے کم عمر 5لاکھ64ہزار973بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائینگے جس کیلئے مجموعی طور پر1210ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں جن میں1039موبائل ٹیمیں ‘121فکسڈ اور 50ٹرانزٹ ٹیمیں شامل ہیں اور اس مہم کو کامیاب بنانے کیلئے محکمہ پولیس، ریونیو ،ایجو کیشن ،کمیونٹی ڈویلپمنٹ ،پی آر ایس پی،پاپولیشن ویلفیئر ،اوقاف ، پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن ، این جی اوز ، میڈیا اور مذہبی رہنما محکمہ ہیلتھ کی ٹیموں کی مکمل معاونت کرینگے ۔

اس موقع پر ڈی سی او قصور عدنان ارشد اولکھ نے ہدایت کی کہ لوگوں کی آگاہی کیلئے اہم شاہراہوں پر فلیکسز اور بینرز آویزاں کئے جائیں اور پولیو مہم کی بھرپور تشہیر کی جائے ۔انہوں نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ وہ محکمہ ہیلتھ کیساتھ ملکر پولیو مہم کو کامیاب کریں اور اس میں کسی قسم کی غفلت یا لاپرواہی برداشت نہیں کی جائیگی ۔

Your Thoughts and Comments