پولیوسے پاک پاکستا ن کیلئے ورکشاپ کاانعقاد

ہفتہ 2 ستمبر 2023 17:15

پولیوسے پاک پاکستا ن کیلئے ورکشاپ کاانعقاد
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 ستمبر2023ء) پنجاب ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے تعاون سےپولیوسے پاک پاکستان کیلئے ایک ورکشاپ ہوئی جس کا موضوع ''آخری قطرہ ، آخری بچے تک پہنچنا'' رکھا گیا ہے۔ ورکشاپ میں پولیو کے خاتمے میں پاکستان کے بین الاقوامی شراکت داروں کے عہدیداروں نے شرکت کی جن کا تعلق عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) اور یونیسیف سے ہے۔

ورکشاپ میں اہم صحافتی تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ یہ ورکشاپ لاہور اور راولپنڈی میں رپورٹ ہونے والے مثبت ماحولیاتی نمونوں کے پس منظر میں منعقد ہوئی۔ صحافیوں کو بتایا گیا کہ اس سال دو ماحولیاتی نمونے راولپنڈی اور تین لاہور سے مثبت آئے ہیں۔ اگرچہ پنجاب میں تین سال سے زائد عرصے سے پولیو کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا تھا لیکن پولیو کے نمونوں میں وائرس کی موجودگی بچوں کو وائرس کے مستقل خطرے کی نشاندہی کرتی ہے۔

(جاری ہے)

راولپنڈی کی ایک تحصیل کے پولیو فوکل پرسن ڈاکٹر نعمان نے انکشاف کیا کہ پنجاب کے 19 اضلاع میں31 مقامات سے ماحولیاتی نمونے لیے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ "راولپنڈی میں پائے جانے والے وائرس کا تعلق کلسٹروائی بی تھری اے سے ہے جو افغانستان میں فعال ہے جبکہ لاہور میں پائے جانے والے وائرس کا تعلق قندھار سے ہے۔ یہ اطمینان کی بات ہے کہ پنجاب میں کوئی مقامی سرکولیشن نہیں پائی گئی۔

انہوں نے وضاحت کی کہ اس کا مطلب ہے کہ پنجاب کو باہر سے پولیو وائرس کا خطرہ ہے ۔ پنجاب میں وائرس کی دوبارہ آمد کو روکنے کے لیے کیے گئے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے، ڈاکٹر نعمان نے اس بات پر زور دیا کہ کمیونٹی کی شمولیت کے ایک جزو کے ساتھ ایک بڑے پیمانے پر مہم چلائی گئی ہے۔ تحصیل کے فوکل پرسن نے یقین دلایا کہ تمام کمیونٹیز کو رجسٹر کیا جا رہا ہے تاکہ کوئی بچہ ویکسین سے محروم نہ رہ جائے ۔

Browse Latest Health News in Urdu