پنجاب اسمبلی ،سانحہ صفورا گوٹھ کیخلاف مذمتی ،نلتر پر آرمی ہیلی کاپٹر کو پیش آنیوالے حادثے پر اظہار افسوس کی قراردادیں متفقہ طور پرمنظور

آرڈیننس پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی اور آرڈیننس ( ترمیم ) صوبائی موٹر گاڑیاں پیش ،متعلقہ قائمہ کمیٹیوں کے سپرد کر دیا گیا اپوزیشن کابلدیاتی انتخابات میں حکومتی امیدواروں کے ذریعے اربوں روپے کے فنڈز کے استعمال کا الزام ،واک آؤٹ ڈبلیو ایچ او کی 2013ء کی رپورٹ کے مطابق پنجاب میں ٹی بی کے مریضوں کی تعداد34لاکھ ہے ،ہر سال 2لاکھ نئے لوگوں کو ٹی بی کا مرض لا حق ہوتا ہے‘ وقفہ سوالات

جمعہ 15 مئی 2015 21:51

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 مئی۔2015ء) پنجاب اسمبلی کے ایوان نے 13مئی کو کراچی میں دہشتگردی کے ہولناک واقعہ کیخلاف مذمتی اورشمالی علاقہ جات کے مقام نلتر پر آرمی ہیلی کاپٹر کو پیش آنے والے حادثے پر اظہار افسوس کی قراردادیں متفقہ طور پرمنظور کر لیں ،اجلاس میں آرڈیننس پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی اور آرڈیننس ( ترمیم ) صوبائی موٹر گاڑیاں بھی پیش کئے گئے جنہیں متعلقہ قائمہ کمیٹیوں کے سپرد کر دیا گیا ، جبکہ اپوزیشن نے بلدیاتی انتخابات میں حکومت کی طرف سے سامنے آنے والے امیدواروں کے ذریعے اربوں روپے کے فنڈز کے استعمال کا الزام عائد کرتے ہوئے اسمبلی کی کارروائی سے واک آؤٹ کیا ۔

پنجاب اسمبلی کا اجلاس پہلے روز اپنے مقررہ وقت تین بجے کی بجائے ایک گھنٹہ 20منٹ کی تاخیر سے اسپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال کی صدارت میں شروع ہوا ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں پارلیمانی سیکرٹری خواجہ عمران نذیر نے محکمہ صحت سے متعلق سوالات کے جوابات دئیے ۔ حکومت کی طرف سے ایوان کو بتایا گیا کہ بنیادی صحت کے مراکز میں ڈاکٹروں کی خالی آسامیوں کو 66فیصد تک پرکرلیا گیا ہے اور آئندہ دو سے اڑھائی ماہ میں باقی آسامیوں کوبھی پر کر لیا جائے گا۔

خواجہ عمران نذیر نے پی ٹی آئی کے رکن ڈاکٹر مراد راس کے سوال کے جواب میں ایوان کو بتایا کہ عطائی ڈاکٹروں کے خلاف پہلے سے موجود قانون موثر نہیں ہے ،حکومت نے عطائی ڈاکٹروں کو شکنجے میں لانے کے لئے ایک جامع او ر موثر بل کے لئے ابتدائی ڈرافٹ تیار کر لیا ہے جسے تمام اسٹیک ہولڈرز کے سامنے رکھا جائے گا اور مشاورت کے بعد آئندہ دو سے تین ماہ میں منظوری کے لئے ایوان میں پیش کیا جائے گا ۔

خواجہ عمران نذیر نے ایوان کو آگاہ کیا کہ ڈاکٹر زتعیناتی کے باوجود دور دراز علاقوں میں نہیں جاتے تھے اب حکومت نے ڈی ایچ کیوز اور ٹی ایچ کیوز میں ڈیوٹی سر انجام دینے والے ڈاکٹروں کے لئے ایک جامع پیکج کا اعلان کیا ہے جسکے تحت ڈی ایچ کیو میں جانے والے ڈاکٹروں کے لئے ایک لاکھ جبکہ ٹی ایچ کیو کے لئے ڈیڑھ لاکھ روپے تنخواہ کے علاوہ مراعات بھی رکھی گئی ہیں اور آنے والے مہینوں میں تمام خالی آسامیوں کو بھی پر کر لیا جائے گا ۔

انہوں نے بتایا کہ پنجاب پبلک سروس کمیشن کے ذریعے پانچ ہزار سے زائد نرسز کی بھرتی کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ مزید 1200نرسز کی بھرتی کیلئے ریکوزیشن بھجوا دی گئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ جہاں تک پیرا میڈیکس کا تعلق ہے تو اسکے لئے بھرتی کا عمل سو فیصد مکمل کر لیا گیا ہے ۔ پنجاب اسمبلی کے ایوان میں رکھی جانے والی دستاویز کے مطابق ڈبلیو ایچ او کی رپورٹ 2013ء میں بتایا گیا ہے کہ پنجاب میں ٹی بی کے مریضوں کی تعداد34لاکھ ہے جبکہ ہر سال 2لاکھ نئے لوگوں کو ٹی بی کا مرض لا حق ہوتا ہے ۔

یہ درست ہے کہ غربت اور تنگ جگہوں پر زیادہ لوگوں کی رہائش ٹی بی کے مریضوں میں اضافہ کی وجہ بنتا ہے ۔اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید نے حکومتی رکن سید طارق یعقوب رضوی کے ذریعے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال پھالیہ منڈی بہاؤ الدین کیلئے ایکسر ے مشین نصب کرنے پر احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ پورے پنجاب میں اربوں روپے کے فنڈز اراکین اسمبلی کے ذریعے خرچ کئے جارہے ہیں جبکہ پی ٹی آئی کے جیتے ہوئے لوگوں سے امتیازی سلوک کرتے ہوئے وہاں سے شکست خوردہ لوگوں کے ذریعے فیتے کاٹے جارہے ہیں ۔

اراکین اسمبلی تو منتخب نمائندے ہیں لیکن اپنے چمچوں کے ذریعے بھی فیتے کٹوائے جارہے ہیں، بلدیاتی انتخابات میں تین ماہ رہ گئے ہیں ،حکومتی امیدوارکے طو رپر سامنے آنے والوں کے ذریعے ہزاروں منصوبے شروع کئے گئے ہیں اور اربوں روپے کے فنڈز انکے ذریعے خرچ کئے جارہے ہیں یہ پری پول رگنگ ہے ہم اس پر احتجا ج کرتے ہیں او رآئندہ بھی کریں گے اور ہم اس تفریق کے خلاف اجلاس سے پانچ منٹ کیلئے واک آؤٹ کرتے ہیں جسکے بعد اپوزیشن اراکین ایوان سے باہر چلے گئے ۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال نے کہا کہ چاہے کسی کے ذریعے بھی خرچ ہو رہا ہے یہ پنجاب کی عوام پر خرچ ہو رہا ہے اور انہیں سہولتیں مل رہی ہیں ۔ خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر جوش جذبات میں سیاسی کارکنوں کو چمچہ کہہ گئے ہیں ، وہ شخص سیاسی کارکنوں کو چمچہ کہہ رہا ہے جنہوں نے کود تین تین پارٹیاں تبدیل کی ہیں ،سیاسی کارکن سالوں کی محنت کے بعد اس مقام پر پہنچتا ہے ،میں اپوزیشن لیڈر کی طرف سے سیاسی کارکن کو چمچہ کہنے کی پر زور مذمت کرتا ہوں ۔

انہوں نے کہا کہ یہاں لوگ چھ ‘ چھ ماہ کنٹینر پر چڑھ کر احتجاج کرتے رہے انکی عدم موجودگی میں کسی نے تو ان کے حلقوں کو دیکھنا تھا اور وہاں ترقیاتی کام کرانے تھے میں واضح کہنا چاہتا ہوں کہ میاں شہباز شریف آئندہ بھی وہاں کام کراتے رہیں گے۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال نے اپوزیشن لیڈر کی طرف سے سیاسی کارکنوں کو چمچہ کہنے کے الفاظ کارروائی سے حذف کرا دئیے ۔

ایوان میں واپس آنے کے بعد اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ میری عدم موجودگی کے دوران خواجہ عمران نذیر نے جو باتیں کی ہیں میں انکی اطلاع او راصلاح کر نا چاہتاہوں ۔ میں جماعت اسلامی سے پی ٹی آئی میں آیا جبکہ خواجہ عمران نذیر کے قائدین کی تو چوتھی جماعت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چمچہ تو ضرب المثل ہے کوئی سونے کا چمچہ لے کر پیدا ہوا ، کڑچھا ضرب المثل نہیں ہے ۔

جس پر اسپیکر نے غیر پارلیمانی الفاظ کو کارروائی کا حصہ نہ بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے انہیں حذف کرا دیا ۔ حکومتی رکن شیخ علاؤ الدین نے اپنی تحریک التوائے کار ایوان میں نہ آنے پر احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ میرا ساتھ یہ امتیازی سلوک کیوں برتا جاتا ہے جس پر ڈپٹی اسپیکر سردار شیر علی گورچانی نے کہا کہ آپ عوام کے مفاد کا معاملہ اٹھاتے ہیں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ پیر کے روز اس معاملے کو دیکھا جائے گا ۔

اجلاس میں امجد علی جاوید نے مجلس قائمہ برائے صحت ،باؤ اختر علی نے مجلس قائمہ برائے سروسز اینڈ جنرل ایڈ منسٹریشن اورچوہدری محمد اکرم نے مجلس قائمہ برائے تعلیم کی رپورٹیں ایوان میں پیش کیں۔ پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں صوبائی وزیر قانون میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن نے قواعد کی معطلی کی تحریک کی منظوری کے بعد سانحہ نلتر پر اظہار افسوس کی قرارداد پیش کی ۔

جسکے متن میں کہا گیا کہ پنجاب اسمبلی کا یہ ایوان 8مئی 2015ء کے پیش آنے والے شمالی علاقہ جات کے مقام نلتر پر آرمی ہیلی کاپٹر کو پیش آنے والے حادثے پر گہرے رنج غم کا اظہار کرتا ہے ۔ اس واقعہ میں انڈ و نیشیا ، ناروے کے سفیر اورملائیشیاء اور فلپائن کے سفیروں کی بیگمات کے علاوہ پاک آرمی کے دو افسران میجر التمش ریاض ،میجر وسیم فیصل او رایک نائب صوبیدار ذاکر جاں بحق ہوگئے تھے نیز متعدد افراد زخمی بھی ہوئے تھے ۔

یہ ایوان اس المناک حادثے کو قومی سانحہ قرارد یتا ہے ۔یہ ایوان پاک فوج کے متذکرہ بالا افسران کو خراج عقیدت پیش کرتا ہے جنہوں نے متعد زندگیوں کو بچانے کیلئے اپنی جا نیں قربان کردیں اور شہید ہوگئے ۔ یہ ایوان مرحومین کے درجات کی بلندیو ں کیلئے دعاگو ہے اور ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتا ہے اور تمام زخمی افرادکی جلد صحتیابی کیلئے بھی دعا گو ہے ۔

قرارداد کو ایوان نے متفقہ طور پر منظور کر لیا ۔قرارداد کی منظوری کے بعد شہداء کے لئے فاتحہ خوانی اور ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی ۔بعد ازاں اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید نے قواعد کی معطلی کی تحریک کی منظوری کے بعد کراچی میں 13مئی کو پیش آنے والے دہشتگردی کے ہولناک واقعہ کے خلاف مذمتی قرارداد پیش کی جسکے متن میں کہا گیا کہ یہ ایوان 13مئی 2015کو کراچی میں ہونے والے دہشت گردی کے ہولناک واقعے کی پرزو ر مذمت کر تا ہے ۔

اس المناک واقعے میں ایک بس میں سوار بچوں اور خواتین سمیت 46معصوم اور بے گناہ افراد کو فائرنگ کر کے شہید کر دیاگیا اورمتعدد افراد زخمی بھی ہوئے۔ یہ ایوان اس المناک واقعے کو قومی سانحہ قرارد یتا ہے ۔معصوم افراد کے اس افسوسناک قتل عام پرپوری قوم سوگوار ہے اور اس المناک واقعے کے نتیجے میں ہونے والی شہادتوں پراپنے گہرے رنج غم کااظہار کرتا ہے ۔

ا س طرح کے واقعات دہشتگردی کے خلا ف جنگ کے پوری قوم کے متفقہ عز م کو کمزور نہیں کرسکتے اور پوری قوم افواج پاکستان سمیت تما سکیورٹی اداروں کی پشت پرکھڑی ہے اورآخری دہشتگرد کے خاتمے تک یہ جنگ جاری رہے گی جو بھی بیرونی ہاتھ اس کی پشت پناہی پر ہیں ان کی شدید مذمت کرتا ہے ۔یہ ایوان افواج پاکستان اور سکیورٹی کے دیگر اداروں کو ابھی اپنی بھرپور تائید اورحمایت کا ایک با رپھر اعادہ کرتا ہے جو ان کی دہشتگردوں ،ان کے سرپرستوں اورسہولت کاروں کے خلاف نبرد آزما ہیں اور ان کی کامیابی کیلئے دعاگو ہے ۔

یہ ایوان معصوم شہدا ء کے درجات کی بلندی کیلئے دعاگو ہے اور ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتا ہے اور تمام زخمی افرادکی صحت یابی کیلئے بھی دعاگو ہے ۔پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں آرڈیننس پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی 2015اور آرڈیننس ( ترمیم ) صوبائی موٹر گاڑیاں2015ء بھی ایوان میں پیش کئے گئے جنہیں متعلقہ قائمہ کمیٹیوں کے سپرد کر دیا گیا۔بعد ازاں پنجاب اسمبلی کا اجلاس پیر کی سہ پہر تک ملتوی کر دیا گیا ۔

Browse Latest Health News in Urdu

6 گھنٹے سے کم کی نیند ذیا بیطس کے اضافی خطرات کا سبب قرار

6 گھنٹے سے کم کی نیند ذیا بیطس کے اضافی خطرات کا سبب قرار

ہومیو پیتھک طریقہ علاج  سے ہزاروں مریض بغیر آپریشن کے شفا یاب ہو رہے ہیں ، صدرڈاکٹرخادم حسین کھیڑا

ہومیو پیتھک طریقہ علاج سے ہزاروں مریض بغیر آپریشن کے شفا یاب ہو رہے ہیں ، صدرڈاکٹرخادم حسین کھیڑا

’’ پنز‘‘مفت ادویات کی فراہمی میں صوبے کے سرکاری ہسپتالوں میں پہلے نمبر پرآگیا

’’ پنز‘‘مفت ادویات کی فراہمی میں صوبے کے سرکاری ہسپتالوں میں پہلے نمبر پرآگیا

ہارٹ اٹیک کے مریضوں کیلئے پہلا گھنٹہ انتہائی اہم ہوتا ہے،بروقت علاج سے  زندگی بچائی جاسکتی ہیں، ایم ..

ہارٹ اٹیک کے مریضوں کیلئے پہلا گھنٹہ انتہائی اہم ہوتا ہے،بروقت علاج سے زندگی بچائی جاسکتی ہیں، ایم ..

میو ہسپتال میں گردوں کی پتھریوں کیلئے جدید طریقہ علاج پی سی این ایل اپنا لیا گیا

میو ہسپتال میں گردوں کی پتھریوں کیلئے جدید طریقہ علاج پی سی این ایل اپنا لیا گیا

دوگھنٹے سے زیادہ سمارٹ فون اور ڈیوائسزکا استعمال آپ کو توجہ کی کمی‘ جینیاتی عارضے اور مسلسل ذہنی خلفشار ..

دوگھنٹے سے زیادہ سمارٹ فون اور ڈیوائسزکا استعمال آپ کو توجہ کی کمی‘ جینیاتی عارضے اور مسلسل ذہنی خلفشار ..

سول ہسپتال میں جدید طبی سہولیات کی فراہمی کا عزم، ڈی سی جہلم نے جدید ترین آپریشن تھیٹر کا افتتاح کر دیا

سول ہسپتال میں جدید طبی سہولیات کی فراہمی کا عزم، ڈی سی جہلم نے جدید ترین آپریشن تھیٹر کا افتتاح کر دیا

پنجاب میں 24 گھنٹوں کے دوران نمونیا سے مزید 5 بچے دم توڑ گئے

پنجاب میں 24 گھنٹوں کے دوران نمونیا سے مزید 5 بچے دم توڑ گئے

پاکستان میں ایک کروڑستر لاکھ سے زائد لوگ گردوں کے امراض میں مبتلا ہیں

پاکستان میں ایک کروڑستر لاکھ سے زائد لوگ گردوں کے امراض میں مبتلا ہیں

سرکاری ہسپتالوں میں سی ٹی سکین سروسزکی آؤٹ سورسنگ کے معاہدے پردستخط

سرکاری ہسپتالوں میں سی ٹی سکین سروسزکی آؤٹ سورسنگ کے معاہدے پردستخط

2050 تک ذیابیطس کے مریضوں کی تعداد ایک ارب 30 کروڑتک پہنچ سکتی ہے

2050 تک ذیابیطس کے مریضوں کی تعداد ایک ارب 30 کروڑتک پہنچ سکتی ہے

پاکستان بھر میں آج کل لوگوں کے بیمار ہونے کا سبب بننے والے مرض کی نشاندہی کر دی گئی

پاکستان بھر میں آج کل لوگوں کے بیمار ہونے کا سبب بننے والے مرض کی نشاندہی کر دی گئی