پی آئی اے کو آسٹریلیا کیلئے براہ راست پروازوں کی اجازت مل گئی

پہلی پرواز کی سڈنی روانگی کی تاریخ بھی بتا دی گئی، براہ راست پرواز سے 35 گھنٹے کا سفر کم ہو کر 12 گھنٹے کا کا ہو جائے گا

muhammad ali محمد علی پیر 14 مارچ 2022 23:16

پی آئی اے کو آسٹریلیا کیلئے براہ راست پروازوں کی اجازت مل گئی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 مارچ2022ء) پی آئی اے کو آسٹریلیا کیلئے براہ راست پروازوں کی اجازت مل گئی، پہلی پرواز کی سڈنی روانگی کی تاریخ بھی بتا دی گئی، براہ راست پرواز سے 35 گھنٹے کا سفر کم ہو کر 12 گھنٹے کا کا ہو جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان سے آسٹریلیا کا سفر کرنے کے خواہش مند افراد کو بڑی خوشخبری سنائی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ آسٹریلیا کیلئے پی آئی اے کی پاکستان سے براہ راست پروازوں کی راہ میں حائل تمام رکاوٹیں دور ہو گئی ہیں۔

آسٹریلیا کی سول ایوی ایشن سیفٹی اتھارٹی نے قومی ایئر لائن پی آئی اے کو آسٹریلیا کے شہر سڈنی کے لیے براہ راست پروازیں چلانے کی اجازت دے دی ہے۔ اس حوالے سے پی آئی اے حکام کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ آسٹریلیا کے لیے براہ راست پروازیں شروع کرنے کی تیاریاں مکمل کی جا چکی ہیں۔

(جاری ہے)

پہلے بتایا گیا تھا کہ پاکستان سے آسٹریلیا کیلئے براہ راست پروازوں کا آغاز مارچ میں ہونے کا امکان ہے، تاہم اب پی آئی اے حکام نے پروازوں کے شیڈول کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ قومی ائیرلائن کی آسٹریلیا کیلئے پہلی براہ راست پرواز پی کے9808، 22 اپریل کو لاہور سے سڈنی کے لیے اڑان بھرے گی۔

جبکہ یہی پرواز 24 اپریل کو سڈنی سے لاہور کے لیے واپس روانہ ہوگی۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق پی آئی اے لاہور سے ہفتہ وار ایک پرواز آپریٹ کرے گی، آسٹریلیا کے لیے بوئنگ 777 لانگ رینج طیارے استعمال ہوں گے۔ پی آئی اے پہلے مرحلے میں لاہور جبکہ دوسرے مر حلے میں کراچی سے سڈنی کے لیے براہ راست پروازیں شروع کر ے گی۔ آسٹریلیا کے لیے براہ راست پرواز شروع کر نے سے ہم وطنوں کو عید سے قبل سفری سہولت میسر ہو گی۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق سڈنی کے لیے براہ راست پرواز سے 35 گھنٹے کا سفر 12 گھنٹے میں طے ہو گا۔ واضح رہے کہ 15 فروری کو پی آئی اے نے اعلان کیا تھا کہ آسٹریلیا کے لیے پروازیں شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جنوری میں پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ارشد ملک نے کہا تھا کہ پی آئی اے نے آسٹریلیا، مالدیپ اور ہانگ کانگ کے لیے براہ راست پروازوں کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان تین ممالک کے لیے براہ راست پروازوں کی منصوبہ بندی پر کام تیز کر دیا گیا ہے، استنبول اور بینکاک کے لیے بھی دوبارہ براہ راست فضائی آپریشن کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ ارشد ملک نے کہا کہ برطانیہ، امریکہ اور یورپی ملکوں کے لیے بھی براہ راست پروازوں کی بحالی کے لیے یورپی، برطانوی اور امریکی سول ایوی ایشنز کے ساتھ بات چیت جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایاسا نے یورپی ملکوں کے لیے پروازیں چلانے کے لیے آڈٹ کا کہا ہے، آڈٹ کلیئر ہوتے ہی پروازیں بحال ہو جائیں گی۔

سڈنی میں شائع ہونے والی مزید خبریں