بحرین: رمضان المبارک میں سر عام کھانے پینے پر پانچ افراد کو جیل ہو گئی

عدالت نے ان افراد کو شعائر اسلام کی خلاف ورزی پر سزا سُنائی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 24 مئی 2019 11:12

بحرین: رمضان المبارک میں سر عام کھانے پینے پر پانچ افراد کو جیل ہو گئی
منامہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،24 مئی 2019ء) رمضان المبارک کا مہینہ دُنیا بھر میں تقدیس و احترام سے منایا جاتا ہے۔ خاص طور پر اسلامی دُنیا میں اس مہینے کی حُرمت کا بہت زیادہ خیال رکھا جاتا ہے اور یہاں پر مقیم غیر مُسلموں کو بھی اس مہےنے کے دوران کھانے پینے کے حوالے سے خاص طور پر خیال رکھنا پڑتا ہے کہ وہ عوامی مقامات پر کھانے پینے سے گریز کریں۔

بحرین میں پولیس نے پانچ افراد کو رمضان المبارک کا احترام نہ کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ان لوگوں کی ڈھٹائی کا یہ عالم تھا کہ یہ ایک مصروف سڑک پر ہی کھانے پینے میں مصروف تھے اور انہیں اس کا بھی خیال نہیں رہا کہ وہ آس پاس سے گزرنے والے روزہ داروں کے مذہبی جذبات کا بھی خیال نہیں رکھ رہے۔ سیکیورٹی اہلکاروں نے ان افراد کو خلافِ شریعت اور خلاف سماج حرکت پر گرفتار کر کے استغاثہ کے حوالے کر دیا۔

(جاری ہے)

عدالت میں پیشی کے دوران یہ افراد رمضان المبارک کے دوران سرِعام روزہ خوری کے مرتکب پائے گئے، جس پر انہیں جیل بھیج دیا گیا۔ ڈپٹی پراسیکیوٹر نے اس کیس کے حوالے سے کہا کہ کسی شخص کو بھی یہ حق نہیں پہنچتا کہ وہ سرِعام اسلامی اور سماجی اقدار کا مذاق اُڑاتا پھرے۔ ان لوگوں کی حرکت ناقابلِ برداشت تھی۔ انہیں سزا ملنے سے آئندہ سے ایسی شرمناک حرکت کا سوچنے والوں کو لگام ڈالنے میں مدد مِلے گی۔ واضح رہے کہ بحرین میں احترامِ رمضان کے حوالے سے مو¿ثر قوانین موجود ہیں۔

منامہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں