بحرین: پاکستانی نوجوان کی محنت کی کمائی دھوکا دہی کی نذر ہو گئی

چھُٹیاں گزارنے کے بعد واپس آنے پر اُسے پتا چلا کہ اُس کے اکاؤنٹ سے 53 ہزاربحرینی دینار نکالے جا چکے ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 29 جولائی 2019 14:12

بحرین: پاکستانی نوجوان کی محنت کی کمائی دھوکا دہی کی نذر ہو گئی
منامہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29جولائی 2019ء) بحرین میں روزگار کی غرض سے مقیم پاکستانی شخص کی کئی برسوں کی کمائی راتورات دھوکا دہی کی نذر ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق بحرین میں مقیم ایک پاکستانی کئی سالوں سے یہاں پر مقیم تھا۔اب سے ڈیڑھ ماہ قبل وہ چھُٹیاں گزارنے کے لیے اپنے آبائی وطن پاکستان گیا۔ جب وہ واپس آیا تو اُسے اپنی زندگی کے ایک خوفناک صدمے کا سامنا کرنا پڑا۔

جب اُس نے اپنا بینک اکاؤنٹ چیک کیا تو پتا چلا کہ اُس میں موجود 53 ہزار بحرینی دینار نکالے جا چکے ہیں۔ فراڈ کا نشانہ بننے والا یہ بینک اکاؤنٹ وہ اور اُس کی بیوی کی مشترکہ ملکیت تھا۔ جب اُس نے بیوی سے پوچھا کہ کہیں اُس نے تو رقم نہیں نکلوائی تو بیوی نے انکار میں جواب دیا۔ بیوی نے اُسے بتایا کہ وہ کبھی بھی اُس کو بتائے بغیر اکاؤنٹ میں سے رقم نہیں نکلواتی۔

(جاری ہے)

پریشانی کے عالم میں پاکستانی شخص نے بینک میں شکایت درج کرا دی۔ ابتدائی تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ کسی فراڈیئے نے پاکستانی کی غیر موجودگی کا فائدہ اُٹھا کر جعلی دستخطوں اور جعلی دستاویزات کے ذریعے اُس کے اکاؤنٹ میں سے پیسہ نکلوا لیا ہے۔ بینک انتظامیہ کے مطابق اس فراڈ میں بینک کے ہی ایک ملازم پر شُبہ ظاہر کیا جا رہا ہے اور اُس سے پُوچھ گچھ جاری ہے۔ واضح امکان ہے کہ اس ملازم سے مزید تفتیش کے نتیجے میں اُس سے مبینہ جُرم کا اقرار کروا لیا جائے گا۔ کیونکہ اُس کی مرضی اور عمل دخل کے بغیر بینک اکاؤنٹ سے رقم نکلوانا ممکن نہیں تھا۔

متعلقہ عنوان :

منامہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں