بحرین ایئرپورٹ پر مسافروں کے لیے سامان لے جانے کے نئے ضوابط مقرر کر دیئے گئے

نئے ضوابط کے مطابق رسیوں سے باندھے گئے بیگ، کارٹن، گول شکل والی بڑی تھیلیاں اور کمبل میں لپٹا ہوا بیگ وصول نہیں کیا جائے گا

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 3 ستمبر 2019 12:10

بحرین ایئرپورٹ پر مسافروں کے لیے سامان لے جانے کے نئے ضوابط مقرر کر دیئے گئے
منامہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،3 ستمبر، 2019ء) بحرین جانے والے پاکستانی ہوشیار ہو جائیں کیونکہ بحرین ایئر پورٹ کی انتظامیہ کی جانب سے مسافروں کے لیے سامان لے جانے کے لیے نئے ضوابط مقرر کر دیئے گئے ہیں۔ ایئر پورٹ انتظامیہ کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ اب بحرین ایئر پورٹ پر تھیلوں میں سامان لے جانے کی ممانعت ہو گی۔ اسی طرح ایسے سُوٹ کیس جن میں ضرورت سے زیادہ سامان لادنے کے باعث ان کی شکل بگڑی دکھائی دے، انہیں بھی قبول نہیں کیا جائے گا۔

پاکستانیوں کی ایک بڑی گنتی بیگ کو رسیوں سے باندھ کر، کارٹن میں سامان بھر کے، گول مٹول شکل کی بڑی تھیلیاں بنا کر اور بیگ کو کمبل میں لپیٹ کر بھی فضائی سفر کرتی دکھائی دیتی ہے۔ تاہم بحرین ایئرپورٹ پر ایسا کرنے کی صورت میں سامان قبول نہیں کیا جائے گاجس کے باعث مسافروں کو یہ سامان چھوڑ کر ہی جہاز پر سوار ہونا ہو گا۔

(جاری ہے)

ایئرپورٹ انتظامیہ نے مختلف حجم کے سُوٹ کیس کے ضوابط مقرر کرتے ہوئے ایئر پورٹ پر جگہ جگہ ان کی تصاویر بھی آویزاں کر دی ہیں۔

انتظامیہ کی ہدایات کے مطابق مسافر 23 کلو سے زیادہ کی گنجائش سے زیادہ والے سُوٹ کیس ساتھ نہ لائیں۔ اور جو بھی سُوٹ کیس لائیں انہیں گھر سے یا ایئرپورٹ پر ریپ کروا لیا جائے۔ ۔البتہ بچوں کی اسٹرالر، سائیکل، وہیل چیئر، گالف کٹ، گٹار اور اس طرح کی زیادہ حجم والی اشیاء کو پیک کیے بغیر بھی لایا جا سکتا ہے۔ بحرین انٹرنیشنل ایئر پورٹ کی انتظامیہ کے سربراہ مائیکل ہوہینبر کا کہنا ہے کہ سامان کے حوالے سے نئے ضوابط عالمی معیار کو سامنے رکھ کر لاگو کیے گئے ہیں، جن کا مقصد مسافروں کا سامان صحیح سلامت اور وقت پر ان تک پہنچانا ہے۔

منامہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں